پونچھ// دیوالی کے تہوار پر ہر سال کی طرح اس بار بھی پونچھ میں جشن کا ماحول رہا۔ اس دوران جہاں لوگوں نے پورے دن پوجا ارچنا اور آتش بازی کا سامان خریدا وہیں انہوں نے اپنا گھروں کو سجانے کے لئے برقی قمقموں کی خریدو فروخت بھی کی ۔لوگوں نے مندوروں کے ساتھ ساتھ اپنے گھروں کو بھی سجایا اور برقی قمقموں کی روشنی سے پورے شہر کو جگمگا کراپنی خوشیوں کا اظہار کیا۔اس دوران آدھی رات تک پورے قصبہ میں پٹاخوں کی گن گرج رہی اور لوگ ایک دوسرے کو مبارک بادی کے پیغامات دیتے رہے۔بھاجپا لیڈر و ممبرقانون ساز کونسل پردیپ شرما نے پونچھ بازار کا دورہ کر کے دوکانداروں کو مبارک دی اور ان میں مٹھائیاں تقسیم کیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ تہوار جسے روشنی کا تہوار کہا جاتا ہے ،صرف تہوار نہیں بلکہ دنیا کیلئے روشنی کا اہتمام کرنے کیلئے ایک پیغام ہے ۔انہوں نے کہا کہ یہ خوشیوں کے دن سبھی کو مل جل کر گزارنے چاہئیں۔انہوںنے پونچھ کے بھائی چارے کو سراہتے ہوئے کہاکہ ایک بار پھر پونچھ کے لوگوں نے اس روایت کو دوام بخشاہے ۔ضلع کے دیگر مقامات پر بھی اسی جوش وخروش سے تہوار منایاگیا۔ مینڈھر میںدن بھر بازار میں رونق اورمیلہ لگا رہا اور شام دیر تک پٹاخوں کی آواز دور دور تک سنائی دیتی رہی۔ اس دوران ہندو مسلم بھائی چارہ کو قائم رکھتے ہوئے بڑی تعداد میں مسلمان لوگوں نے ہندو برادری کے لوگوں کو لگے لگا کر مبارک دی اور کئی لوگوں نے گھروں میں جا کر مٹھائیاں تقسیم کی جبکہ ہندو برادری کے لوگوں نے بھی اس تہوار پر مسلمانوں کو بھی مبارک باد پیش کی ۔ مینڈھر میں ہمیشہ ہندو مسلم بھائی چارہ قائم رہاہے ۔ شام دیر تک مینڈھر بازار میں ڈھول بجا کر ہندو برادری کے لوگ ناچتے رہے۔