پونچھ// ضلع عدالت پونچھ میں سپریم کورٹ اور ہائیکورٹ کی زیر نگرانی خصوصی لوک عدالت کا انعقاد کیا گیا ، جس میں جوڈیشل آفیسرز ، بار ممبران ، بینک ملازمین ، قانونی چارہ جوئی اور عام عوام نے بھرپور شرکت کی۔ خصوصی لوک عدالت کی صدارت مدن لال ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج اور چیئرمین ڈی ایل ایس اے پونچھ نے کرتے ہوئے لوک عدالت کے مثبت پہلوؤں پر روشنی ڈالی اور اسے وقت کی ضرورت قرار دیا۔انہوں نے عوام سے لوک عدالتوں سے فائدہ اٹھانے کیلئے آگے آنے کی تاکید کی۔ لوک عدالت میں چار بینچ تشکیل دیئے گئے پہلے بینچ کی قیادت مدن لال چیئر مین ڈی ایل ایس اے اور ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج پونچھ نے کی ان کے ساتھ ایڈوکیٹ محمد اسلم چوہان موجود رہے۔ دوسری بینچ کی قیادت سوم لال سی جے ایم (چیئرمین ٹی ایل ایس سی پونچھ) نے کی اوریہاں ایڈوکیٹ محمد اسحاق خان موجودرہے۔
تیسرے بینچ کی قیادت سرفراز نواز اسپیشل موبائل مجسٹریٹ پونچھ نے کی اور ان کے ہمراہ ایڈوکیٹ عبدالماجد موجود تھے، چوتھے بینچ کی قیادت مس بانو بیسن ڈسٹرکٹ موبائل مجسٹریٹ (ٹی) پونچھ نے کی اور ایڈوکیٹ مس ہنونت کور نے ان کی معاونت کی۔ سرنکوٹ میں بینچ کی قیادت اشین الحق ملک (چیئرمین ٹی ایل ایس سی سرنکوٹ) نے انجام دی ان کی معاونت شفیق احمد ایڈیشنل موبائل مجسٹریٹ سرنکوٹ نے کی۔ مینڈھر بینچ کی قیادت شازیہ چودھری چیئرمین ٹی ایل ایس سی (جے ایم آئی سی) مینڈھر نے کی ان کی معاونت ایڈوکیٹ غلام رسول نے کی۔ خصوصی لوک عدالت میں سول ، مجرمانہ ، ایم اے سی ٹی ، بینک ریکوری ، پری قانونی چارہ جوئی اور دیگر مقدمات سمیت کل 155 مقدمات چلائے گئے جن میں سے 147 معاملات کو متعلقہ فریقوں کی موجودگی میں موقع پر ہی حل کرلیا گیا ۔ ایم اے سی ٹی میں 9 مقدمات طے کیے گئے ، 53 فوجداری مقدمات ، 27 دیوانی مقدمات کا بھی فیصلہ کیا گیا اور 7896540 روپئے کل رقم وصول کی گئی۔فریقین کی جانب سے خصوصی لوک عدالت منعقد کرنے کی سراہنا کی گئی اور مستقبل میں بھی یہ پہل جاری رکھنے کی خواہش کا اظہار کیا گیا گیا تاکہ لوگوں کو راحت مل سکے۔