پونچھ//پونچھ شہرکے کھوڑی ناڑ علاقہ میں گندگی کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں جس کی وجہ سے محلہ کے لوگوں اور عام راہگیروں کو تعفن سے پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔لوگوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ انتظامیہ اور میونسپل کونسل پونچھ شہریوں کو صفاف ماحول دینے میں ناکام ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گندے نالے کی مرمتی کے دوران نالے سے کوڑا نکال کر کھوڑی ناڑ روڈ پر جگہ جگہ ڈھیر کر دیا گیا ہے جس سے شہری پریشان ہیں۔انھوں نے کہا کہ کھوڑی ناڑ میں کوڑا اٹھانے کا نظام درہم برہم ہو کر رہ گیا۔ مقامی لوگوں نے انتظامیہ و متعلقہ شعبہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ انتظامیہ کی جانب سے بڑے بڑے دعوے تو کئے جا رہے ہیں لیکن شہر میں صفائی کی ناقص صورتحال برقرارہے۔انہوں نے کہا کہ شہری ذہنی اذیت سے دوچار ہیں، جگہ جگہ کوڑا کرکٹ کے ڈھیر نے صفائی کے دعووں کی قلعی کھول دی ہے جبکہ گندگی کے ڈھیر، بدبو اور تعفن کی وجہ سے عام لوگوں کا جینا محال ہو چکا ہے ہرسمرن سنگھ نامی ایک مقامی شخص نے بتایا کہ انتظامیہ شہر کی صفائی کے دعوے کررہی ہے لیکن شہریوں کو بہتر ماحول مہیا ہی نہیں کیاجارہا ہے ۔مقامی لوگوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ جلدازجلد گندگی اٹھا کر عام لوگوں کی پریشانی حل کی جائے ۔