پونچھ//یوتھ سول سوسائٹی پونچھ کا ایک وفد چیئرپرسن امتیاز سلاریہ کی قیادت میں وزیر مملکت برائے تعلیم، فلوریکلچر وہارٹیکلچر اور محکمہ سیاحت پریا سیٹھی سے ڈاک بنگلہ پونچھ میں ملاقی ہوا۔اس ملاقات کے دوران وفد نے ایک تحریری یادداشت پیش کی جس میں اس نے یونیورسٹی کیمپس کی عمارت کاکام جلد شروع کرکے مکمل کرنے اور کیمپس میں نئے کورسز شروع کرنے کا مطالبہ کیا ۔یاداشت کے ذریعہ جوانوں نے مطالبہ کیا کہ یونیورسٹی کیمپس جو کہ ابھی تک ڈگری کالج پونچھ میں ہی چلایا جا رہا ہے،کی اپنی عمارت تعمیر کی جائے تاکہ نہ ہی کالج طلباء اور نہ ہی یونیورسٹی طلباء کو مشکلات کاسامنا کرناپڑے ۔ انہوں نے اردو ،تاریخ، پنجابی، ہندی، عربی کے بی اے کے بعد کے کورسز شورع کرنے کا مطالبہ کیا۔وفد کے ارکان نے مزید مطالبہ کیا کہ پونچھ ضلع میں سیاحتی فروغ کے اقدامات کئے جائیں کیونکہ یہاں قدرتی خوبصورتی کی کوئی کمی نہیں ہے اورکئی زیارتیں، مندر اور گرودوارے بھی موجو دہیں ۔انہوں نے کہا کہ خصوصی طور پر بڈھاامرناتھ، ڈیرہ ننگالی صاحب، زیارت سائیں الٰہی بخش ،زیارت سائیں میراں بخش ایسے تاریخ ساز آستان ہیں جہاں سال بھر عقیدتمندوں کا آناجانالگارہتاہے ۔انہوں نے کہا کہ نوری چھم، شاہستار، لورن، ساوجیاں وغیرہ ایسے خوبصورت علاقہ جات ہیں جو سیاحوں کی دلچسپی کا سبب بن سکتے ہیں لیکن سرکار اس طرف توجہ نہیں دے رہی ہے۔ انہوں نے ان علاقوں کو سیاحتی نقشے پر لانے پر زور دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پونچھ میں کئی طرح کے پھل ، سبزیاں ،اعلیٰ معیار کی کاشت ہوسکتی ہے جس طرف دھیان دینے کی ضرورت ہے ۔انہوںنے کہاکہ بدقسمتی سے یہاںکولڈ اسٹوریج سہولیات نہیں ہیں جس وجہ سے پھل اور دیگر پیداوار کو نقصان پہنچتاہے ۔