جموں//پرنسپل سیکرٹری پاور ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ روہت کنسل نے جموں و کشمیر میں بجلی شعبے کی کارکردگی اور جموں میں موسم گرما کے دوران صارفین کو مستقل بجلی کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے تیاریوں کا جائزہ لینے کے لئے ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کی۔ میٹنگ میں جموں و کشمیر میں 2025 تک سب کو باقاعدہ بجلی کی فراہمی کے لئے بنائے جانے والے روڈ میپ پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔پرنسپل سیکرٹری نے تمام پاور کارپوریشنوں کے افسران سے کہا کہ ہمارا اِجتماعی مقصد آئندہ 3 برسوں میں جموں و کشمیر کے تمام صارفین کو 24 گھنٹے بجلی کی فراہمی کو یقینی بنانا ہوگا۔میٹنگ میں چیئرمین جے پی ڈی سی ایل جگموہن شرما، چیئرمین کے پی ڈی سی ایل آنند موہن ، چیئرمین جے کے پی ٹی سی ایل ایس این سکسینہ ، منیجنگ ڈائریکٹر جے پی ڈی سی ایل ، مختلف پاور کارپوریشنوں کے چیف انجینئران ، ڈی جی پلاننگ پی ڈی ڈی طاہر خان کے علاوہ محکمہ کے دیگر اعلیٰ اَفسران نے شرکت کی جبکہ منیجنگ ڈائریکٹر کے پی ڈی سی ایل اور صوبہ کشمیر کے چیف انجینئران نے بذریعہ ویدیو کانفرنسنگ میٹنگ میں حصہ لیا۔سال 2025 تک پورے جموں و کشمیر کوچوبیس گھنٹے بجلی کی فراہمی کے محکمہ کے ہدف کی نشاندہی کرتے ہوئے روہت کنسل نے کہا کہ اس مقصد کو حاصل کرنے کے لئے ہمیں آنے والے تین برسوں کے لئے ویژن پلان بنانے کی ضرورت ہے۔ بحث تمحیص کے دوران اُنہوں نے نظام کی مضبوطی ، کارپوریشنوں کے مالی استحکام ، منصوبوں کی سرعت میں حائل رُکاوٹوں کو دور کرنا، منظم بہتری اور منصوبوں کو بڑھانے وغیرہ پر زور دیا۔پرنسپل سیکرٹری نے عملے کی حفاظت اور فلاح و بہبود پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے کہا کہ اِنفرادی اور سسٹم سیفٹی انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور اس بات کو یقینی بنانے کے لئے توجہ دی جارہی ہے کہ کوئی حادثہ نہ ہو۔اُنہوںنے کہا کہ کووِڈوَبائی امراض کے پیش نظر چیلنجوںکے باوجود گزشتہ مالی سال کے دوران پاور کارپوریشنوں نے بہتر اِنتظام کیا ہے۔ اُنہوں نے کشمیر میں شدید سخت سردی کے دوران آسانی سے بجلی کی فراہمی کے لئے مشترکہ کوششوں کو بھی سراہا۔اُنہوں نے کہا کہ لیفٹیننٹ گورنر شکایتی سیل میںموصولہ شکایات کو ترجیحی بنیاد پر حل کیا جانا چاہیئے۔اُنہوں نے لیفٹیننٹ گورنر کی ان ہدایات کااعادہ کیا کہ شہری علاقوں کی صورت میں بجلی کے ٹرانسفارمروں کو 24 گھنٹوں کے اندر اور دیہی علاقوں میں 48 گھنٹوں میں تبدیل کرنے کی ضرورت ہوگی۔یوٹی میں بجلی کے منصوبوں پر عملدرآمد کے سلسلے میں پرنسپل سیکرٹری نے ہدایت دی کہ متعلقہ افسران کے ذریعہ جاری تمام منصوبوں کا باقاعدہ معائنہ کیا جائے اور کاموں کی رفتار کو تیز کیا جائے تاکہ مقررہ مدت میں کام کو مکمل کیا جاسکے۔ روہت کنسل نے مزید کہا کہ عوامی اہمیت کے حامل منصوبوں کو معیاد بند وقت کے اندر مکمل کیا جانا چاہیئے ۔سال 2021-22کے کیپکس بجٹ پر بھی مکمل تبادلہ خیال کیا گیا اور چیف انجینئروں کو ہدایت دی گئی کہ وہ ان کی ترجیح کے مطابق آئندہ مالی سال میں مجوزہ کاموں کا ورک پلان تیار کریں۔پرنسپل سکریٹری نے زور دے کر کہا کہ محکمہ کا فوری مقصد جموں صوبہ میں موسم گرما کی آمد میں مستقل اور معیاری بجلی سپلائی کی فراہمی ہے۔ اُنہوں نے ایم ڈی اور چیف انجینئر جے پی ڈی سی ایل کو ہدایت دی کہ وہ موسم گرما کے دوران کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لئے ایکشن پلان تیار کریں۔ ٹرانسفارمروں کا بفر سٹاک دستیاب کیا جائے اور تمام متعلقہ مواد کے ساتھ ہی تمام ڈویژبوں میں بھی تقسیم کیا جائے۔