مینڈھر //مینڈھر سب ڈویژن کے تعلیمی زون ہرنے میں قائم گور نمنٹ پرائمری سکول پنیال نار کوٹ کی عمارت گزشتہ 15برسوں سے تعمیر ہی نہیں ہو سکی جس کی وجہ سے سرکاری سکول میں زیر تعلیم بچے ایک کچے رہائشی گھر میں عارضی طورپر تعلیم حاصل کرنے پر مجبور ہو گئے ہیں ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ سب ڈویژن کے کانڈی گلہوتہ علاقہ میں سرکار ی سکول کی تعمیر کاعمل 2005میں شروع کیا گیا تھا لیکن متعلقہ ایجنسی کی جانب سے سکول کی بنیادیں تعمیر کرنے کے بعد کام کو یوں ہی چھوڑ دیا گیا جبکہ سکول میں زیر تعلیم 20سے زائد طلباء ایک کچے رہائشی مکان میں تعلیم حاصل کرنے پر مجبور ہیں جبکہ اکثر موسم کی خرابی کے دوران بچوں کو چھٹی کر دی جاتی ہے ۔انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ محکمہ کی لاپرواہی کی وجہ سے اس وقت سکول کی تعمیر کردہ بنیادوں کا نام و نشان ہی ختم ہو گیا ہے جبکہ محکمہ تعلیم سے رجوع کرنے کے باوجود بھی عمارت کی تعمیر کیلئے کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا جارہا ہے ۔غور طلب ہے کہ عمارت کی عدم دستیابی کی وجہ سے سکول کا حالیہ کئی برسوں سے ایک نجی رہائشی گھر میں رکھا گیا ہے جہاں پر سکول کا ساز و سامان اور ریکارڈ بھی رکھا جاتا ہے ۔مقامی لوگوں و پنچایتی اراکین نے جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ عمارت کی تعمیر میں ہورہی سستی کا نوٹس لے کر متعلقہ محکمہ کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے جبکہ عمارت کو جلدازجلد تعمیر کروا کر بچوں کو سہولیا ت فراہم کرنے کی ہدایت جاری کی جائیں ۔