پونچھ// پانی کی سپلائی نہ ہونے پر پونچھ قصبہ کے ملحقہ گائوں قاضی موہڑہ گنڈی کی عوام کی جانب سے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ احتجاج کے دوران مظاہرین نے پونچھ منڈی سڑک پر مختلف قسم کی رکاوٹیں کھڑا کر کے گاڑیوں کی آمدورفت پر قدغن لگادی۔مظاہرین نے سخت غم و غصہ کا اظہار کرتے ہوئے نعرے بازی کی اور محکمہ کے اعلیٰ افسران پر غفلت برتنے کا الزام لگایا ۔انہوں نے کہا کہ گنڈی میں ایک مہینہ سے زیادہ عرصہ سے پانی فراہم نہیں کیا گیا جس کی وجہ سے لوگ پانی کی بوند بود کو ترس گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جب تک انہیں پانی فراہم نہیں کیا جاتا، وہ سڑک پر اسی طرح احتجاج کرتے رہیں گے۔ احتجاج کی وجہ سے مسافروں کو شدید مشکلات کاسامناکرناپڑا۔مظاہرے کی خبر ملنے پرتحصیلدار حویلی جہانگیر احمد خان،نائب تحصیلدار محمد اکرم تانترے اور ایس ایچ او پونچھ محمد امین چوہدری موقعہ پر پہنچے جنہوں نے مظاہرین کو یقین دلایا کہ انہیں پانی جلد از جلد فراہم کیا جائے گا جس کے بعد مظاہرین نے اس شرط پر اپنا احتجاج ختم کرنے کا فیصلہ لیاکہ اگر پانی کی سپلائی بحال نہ ہوئی تو پھر سے احتجاج کیاجائے گا۔