جموں/ /ریاست میں لگاتار سوکھے اور پانی کی کمی کی پیش نظر پشو و بھیڑ پالن کے وزیر عبدالغنی کوہلی نے ریاست بھر میں پانی کے بہتر استعمال کے سلسلے میں ایک مہم چلانے پر زور دیا تاکہ لوگوں کو پانی کی اہمیت کے بارے میں جانکاری دی جاسکے ۔حلقہ انتخاب کالاکوٹ کے مختلف علاقوں کا ایک روزہ دورے کے دوران وزیر نے سائیر ، چین پور ، دالیٹ ، دوَن ، دمال اور کامیر گالا علاقوں میں جاکر لوگوں سے ملاقات کی اور ان کے مسائل سے آگاہی حاصل کی۔وزیر نے نیشنل بینک فار ایگریکلچر اور رورل ڈیولپمنٹ کے حکام کو ہدایت دی کہ وہ راجوری کے حلقہ انتخاب کالاکوٹ میں قدرتی پانی کے وسائل کو محفوظ رکھنے کے تمام تر اقدامات کریں تاکہ آنے والے موسم گرما کے دوران پینے کے پانی کی مشکلات درپیش نہ ہوں۔لوگوں کو پینے کے پانی کی سہولیات فراہم کرنے کا ذکرکرتے ہوئے وزیر نے کہا کہ حکومت زمین پر پانی کے ہر قطرے کو بچانے کے سلسلے میں تمام تر کوششیں کر رہی ہیں ۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ بارش کے پانی اورپانی کے قدرتی وسائل کو محفوظ رکھا جاسکے تاکہ لوگوں کو پینے کے پانی اور آبپاشی کی سہولیات فراہم کی جاسکیں۔دریں اثنا وزیر موصوف نے کالاکوٹ سے انٹرگریٹیڈ واٹر شیڈ منیجمنٹ پروگرام کا آغاز ایک پودا لگانے سے کیا جس کے تحت کالا کوٹ کے سات دیہات پہلے مرحلے کے دائرے میں لائے جائیں گے ۔اس پروگرام کی عمل آوری نبارڈ کر رہی ہے۔وزیر نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ اس مہم کے دوران زیادہ سے زیادہ پودے لگائیں۔وزیر نے جے کے ڈی سی یوسی کی طرف سے کالاکوٹ کے دالیٹ گائوں میں منعقدہ ایک پروگرام میں شرکت کی ۔