جموں //ابھینو تھیٹر میں پانچواں نٹرنگ تھیٹر فیسٹول کا آغاز ہوا، افتتاحی ڈرامہ مزاحیہ کھیل کنجوس پیش کیا گیا۔ عادل حسین اور ہرش کھنہ کا تحریر کردہ یہ ڈرامہ مرزا سخاوت علی بیگ کے گرد گھومتا ہے ۔ ادھیڑ عمر کا یہ گزرے زمانے کا رئیس انتہا درجے کا کنجوس ہے جس نے اپنی تمام دولت باغیچے میں دفن کر رکھی ہے اور اس کا پہرہ ایک سانپ کی مانند دے رہا ہے ۔ عذرا اور فاروق مرزا کے بچے ہیں ، عذرا ناصر سے محبت کرتی ہے جو مرزا کے ہاں نوکر کے بھیس میں قیام پذیر ہے ۔ فاروق مریم کے عشق میں گرفتار ہے جو کہ قصبہ میں رہنے والی ایک خوبصورت لیکن انتہائی غریب دوشیزہ ہے ۔ رشتے کروانے والی فرزانہ مریم کیلئے مرزا کا پیغام دیتی ہے جو کہ مرزا کے لئے باعث مسرت لیکن اس کے بیٹے فاروق کے لئے باعث غم و الم ہے ۔ عذرا کے لئے مرزا میاں اسلم کو منتخب کرتا ہے جو کہ ناصر اور مریم کا والد ہے ۔ گھر کا وفادار نوکر نمبو جو کہ فاروق کا وفا دار ہے انتہائی ہوشیاری سے سبھی کی مدد کرتا ہے اور مرزا کی دولت چرانے اور پھر اسے واپس کرنے کی سودا بازی کے دوران مریم کا فاروق کے ساتھ رشتہ طے ہو جاتا ہے ۔ مرزا کا کردار ٹکو نے ، سریش کمار نے فرزانہ بوا، نیرج نے فاروق، سنجیو گپتا نے نمبو، پنکج شرما نے ناصر، سمیت شرما نے سپاہی، میناکشی بھگت نے عذرا، سشانت چاڑک نے الفو، سنجھے بھٹ نے دلال، اجے للوترہ نے اسلم، ذیشان حیدر نے کھیرا ، آفاق خان نینتھو اور ونیشکا گپتا نے مریم کا کردار ادا کیا۔