پونچھ//پاکستانی حکومت پر سانحہ پارا چنار میں مارے گئے افراد کو فراموش کردینے کا الزام عائد کرتے ہوئے علی جامع مسجد پونچھ کے امام و خطیب مولانا سید آل محمد زیدی نے کہا کہ پاکستانی حکومت غفلت کی نیند سو رہی ہے اور عوام بے گناہی کے جرم میںقتل کئے جارہے ہیں۔یہاں جاری بیان کے مطابق نماز جمعہ کے خطبے میں انہوں نے کہا کہ پاکستانی حکومت کتنی غفلت میں ہے ،اس بات کا اندازہ پارا چنار سانحہ سے لگایا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ سانحہ پارہ چنار کو ہوئے کئی روز گزرگئے ہیں لیکن اب تک شہدا کے لواحقین دھرنے پر بیٹھے ہوئے ہیںاوران کے مطالبات پورے نہیں کئے جارہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے بڑا ظلم اور کیا ہو گا کہ ابھی تک ان کے پاس حکومت کا کوئی فرد نہیں پہنچا،الٹا اپنے حق کے لئے جدوجہد کرنے والوں پر گولیاں برسائی گئیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو دانستہ طور پر سانحات کا ملک بنایاجا رہا ہے جہاں روز نیا زخم ملتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پارہ چنار میں احتجاج کا آئینی حق استعمال کرنے والوں پر ریاستی اداروں کی طرف سے گولیاں چلانا کہاں کا انصاف ہے۔انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں تمام مسلمانان عالم کو تکفیریت کے خلاف جدوجہدکرنی چاہئے۔انہوں نے سانحہ پارا چنار کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کی راہ میں حائل مصلحت کی جڑ تک جانے کی ضرورت ہے،نفرتیں پھیلانے والے عناصر کی نشاندہی کرنا ہو گی۔مولانانے کہا کہ پارا چنار سانحہ کے دوسرے ہی روز بہاولپور کا حادثہ ہوا جہاں لوگ تیل حاصل کرنے کی کوشش میں جھلس گئے ،ان لوگوں کے لئے اسی روز پاکستانی حکومت کی جانب سے لاکھوں روپیہ معاوضہ دیئے جانے کے اعلانات کئے گئے مگر افسوس کہ پاراچنار کے شہدا کے ساتھ امتیازی سلوک کیاگیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی وزیر اعظم کو انسانی جانوں میں تفریق نہیں کرنی چاہئے تھی لیکن بدقسمتی سے انہوںنے ایسا ہی کیا۔