ڈوڈہ //ٹھاٹھری کلہوتران سڑک کو قومی شاہراہ کا درجہ دینے پر مختلف سیاسی و سماجی شخصیات نے مرکزی حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے بلا تاخیر کام شروع کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ڈوڈہ ادھمپور پارلیمانی حلقہ کے ایم پی و مرکزی وزیر مملکت ڈاکٹر جتندرا سنگھ نے اس فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے مرکزی وزیر برائے روڈ و ٹرانسپورٹ نتن گڈکری کے نام لکھے ایک خط میں کہا کہ یہ شاہراہ جہاں جموں و کشمیر کو ہمسایہ ریاست ہماچل پردیش کے ساتھ چمبہ کے مقام پر جوڑے گی وہیں دفاعی اعتبار سے بھی یہ اس شاہراہ کا ایک منفرد حیثیت حاصل رہے گی۔مرکزی وزیر موصوف نے مزید کہا کہ اس شاہراہ کی تعمیر سے خطہ میں سیاحتی شعبہ کو فروغ ملے گا اور مقامی آبادی کو آنے جانے میں بھی آسانی ہو گی۔انہوں نے کہا کہ سالانہ ڈوڈہ ضلع کے سے ایک لاکھ سے زائد افراد ہماچل میں محنت و مزدوری کی غرض سے جاتے ہیں۔ جتندرا سنگھ نے وزیر موصوف سے اس نیشنل ہائی وے اتھارٹی کو بلا تاخیر کام شروع کرنے کی ہدایت جاری کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔اس دوران سابق رکن اسمبلی بھدرواہ دلیپ سنگھ پریہار ،بی جے پی صوبائی سیکرٹری حاجی طارق حسین کین، ضلع سیکرٹری مہندر سنگھ سرمال، بی جے پی لیڈر جاوید اقبال زرگر، سرپنچ ویشن سنگھ پریہار نے بھی مرکزی و یوٹی انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اسے تاریخی فیصلہ قرار دیا ہے۔انہوں نے اپنے الگ الگ بیان میں کہا کہ اس شاہراہ کی تعمیر سے جہاں علاقہ کی مزید ترقی ہوگی وہیں سینکڑوں افراد کو روزگار کے مواقع بھی حاصل ہوں گے۔واضح رہے کہ تیس ٹھاٹھری سے مکھن چچول چمبہ تک کا کل فاصلہ 70 کلومیٹر ہوگا جس میں کالجگاسر سے مکھن چچول تک چار کلومیٹر لمبا ٹنل بھی تعمیر ہوگا۔