ٹھاٹھری میں وسیع پیمانے پر انہدامی کارروائی ۔15 کنال اراضی بازیاب،کئی ڈھانچے مسمار، لمبردار برخواست، 1 عمارت سربمہر

اشتیاق ملک
ڈوڈہ //یوٹی کے دیگر حصوں کی طرح ڈوڈہ ضلع کی سب ڈویژن ٹھاٹھری میں بھی انتظامیہ نے سرکاری اراضی سے ناجائز قبضہ و تجاوزات ہٹانے کی مہم شروع کی ہے۔ میونسپل حدود کے دائرے اختیار والے علاقہ سے پیر کے روز ایس ڈی ایم ٹھاٹھری اطہر امین زرگر کی زیر نگرانی وسیع پیمانے پر کی گئی کارروائی میں 15 کنال سرکاری اراضی سے قبضہ چھڑا کر تعمیرات کو مسمار کیا ہے جبکہ ایک بڑی عمارت کو سر بمہر کر کے لمبردار کو بھی قومی شاہراہ کے قریب سرکاری اراضی پر ناجائز قبضہ کرنے کے الزام میں برخواست کیا ہے۔ ذرائع سے ملی جانکاری کے مطابق رنگ روڈ و بس اڈہ کے متصل 3 کنال کمرشل لینڈ جس کی قیمت چار کروڑ کے قریب بتائی جاتی ہے، سے ناجائز قبضہ چھڑا کر میونسپل کمیٹی کو پارکنگ تعمیر کرنے کے لئے سونپ دی گئی وہیں قومی شاہراہ کے قریب خسرہ نمبر 803 میں ایک لمبردار کے قبضے سے 12 کنال سرکاری اراضی پر قبضہ ہٹا کر لمبردار کو فارغ کرنے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں۔ اس رقبہ کی سرکاری ریٹ 84 لاکھ جبکہ مارکیٹ کے حساب سے 4 کروڑ قیمت بتائی جاتی ہے۔ اس دوران قصبہ میں غیر قانونی طور پر تعمیر کی گئی ایک بڑی عمارت سر بمہر کرکے سرکاری قبضے میں لیا گئی ہے۔