راجوری//ٹریفک قوانین کی جانکاری عام کرنے کیلئے بیداری کیمپوں کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے ایس پی ٹریفک رورل جموں شاہین وحید نے راجوری کے گورنمنٹ گرلز ہائراسکینڈری سکول گوجر منڈی اور گورنمنٹ ہائی سکول دلہوگڑہ میں پروگرام منعقد کئے ۔اس موقعہ پر طلباء کو ٹریفک قوانین کے بارے میں جانکاری فراہم کرتے ہوئے خاتون افسر نے ان پر زور دیاکہ وہ یہاںسے ملنے والے پیغام کو عام لوگوںتک پہنچائیں ۔انہوںنے جہاں قوانین کی پاسداری کرنے کے فوائد بتائے وہیں اس کی خلاف ورزیاں کے نتائج سے بھی آگاہ کیا ۔ انہوںنے طلباء سے تلقین کی کہ وہ سڑک سے گزرتے وقت یا سڑک عبور کرتے وقت احتیاط سے کام لیں ۔شاہین وحید نے کہاکہ ٹریفک قوانین کی پاسداری سے نہ صرف ہم اپنی جان کو تحفظ دے سکتے ہیں بلکہ اس سے دوسروں کی جانیں بھی بچائی جاسکتی ہیں ۔انہوںنے اس موقعہ پر ڈرائیونگ لائسنس کے فائدے کے بارے میں بھی بتایا اور کہاکہ موٹرسائیکل سواروں کو ہمیشہ ہیلمٹ کا استعمال کرناچاہئے اور کبھی بھی دوپہیہ گاڑی پر تین لوگ سوار نہ ہوں۔انہوںنے کہاکہ گاڑی چلاتے وقت سیٹ بیلٹ پہن کر رکھنی چاہئے اوردوران ڈرائیونگ موبائل فون کا استعمال نہ کیاجائے ۔جانکاری پروگراموں کے علاوہ شاہین وحید نے ٹریفک پولیس کی طرف سے شروع کردہ شجرکاری مہم میں بھی حصہ لیا اور کہاکہ پیڑ پودے ماحول کو صاف ستھرا رکھتے ہیں جس سے انسان تندرست رہتاہے ۔شجرکاری کی یہ مہم مذکورہ بالا دو سکولوں سے شروع کی گئی ۔شاہین وحید نے بتایاکہ شجرکاری مہم سانبہ ، کٹھوعہ ، راجوری اور پونچھ اضلاع میں اسی طرح سے جاری رکھی جائے گی اور اس کو ڈی ٹی آئیز اور ایس اوز چلائیںگے۔انہوںنے کہاکہ طلباء ملک کا مستقبل ہیں اور ماحول کو صاف ستھرا رکھنے میں ان کا اہم رول بنتاہے ۔