پونچھ // محکمہ موٹر وہیکل کی جانب سے اے آر ٹی او پونچھ کی قیادت میں ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ کے دفتر سے عوام کو ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کے لئے بیدار کئے جانے کے سلسلہ میں ایک موٹر سائیکل ریلی نکالی گئی۔اس موقعہ پر ایس ایس پی پونچھ راجیو پانڈے، اے ڈی ڈی سی پونچھ عبدالحمید شیخ کے علاوہ اے آر ٹی او پونچھ اور پولیس و ضلع انتظامیہ کے افسران و مقامی معززین بھی موجو دتھے ۔ ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ طارق احمد زرگر نے ریلی کو ہری جھنڈی دکھاکر روانہ کیا ۔ریلی میں درجنووں موٹرسائیکل سواروں نے حصہ لیا۔ ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ کے دفتر سے یہ موٹر سائیکلوں کی ریلی نکلی قلعہ پونچھ کے قریب سے گزرتے ہوئے عید گاہ چوک پہنچی اورپھر ناخاں والی سڑک سے ہوتے ہوئے ڈنگس کے راستے دوبارہ ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ کے دفتر کے باہر اختتام پذیر ہوگئی۔ موٹر سائیکلوں پر مختلف قسم کے بینر لگائے گئے تھے جن پرٹریفک کے متعلق پیغامات تحریر تھے۔ ایس ایس پی پونچھ جو کہ اس دوران خود موٹر سائیکل پر سوار ہو کر ریلی میں شامل ہوئے ،نے کہا کہ اس ریلی کا مقصد عوام میں بیداری لانا ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ عوام کو پیغام دینا چاہتے ہیں کہ وہ بائیک چلاتے وقت ہیلمٹ پہنیں،اگر گاڑی ڈرایئو کر رہے ہیں تو سیٹ بیلٹ پہن کر کریں ۔انہوں نے کہا کہ ٹریفک قوانین کی پابندی کر کے نہ صرف خود کو محفوظ کیاجاسکتاہے بلکہ دوسروں کی جان بھی بچائی جاسکتی ہے ۔