لندن//امریکہ کے نومنتخب صدر جو بائیڈن نے خبردار کیا ہے کہ کرونا وائرس کی موجودہ صورتِ حال میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے انتقالِ اقتدار سے مسلسل انکار کے سنگین نتائج برآمد ہوں گے۔بائیڈن پیر کو ریاست ڈیلاویئر کے شہر ولمنگٹن میں صحافیوں سے گفتگو کر رہے تھے۔ ایک سوال کے جواب میں اْن کا کہنا تھا کہ انتہائی سرد موسم آنے والا ہے۔ اگر صدر ٹرمپ نے اْن کے ساتھ تعاون نہ کیا تو امریکہ میں کرونا وبا کے باعث مزید اموات ہو سکتی ہیں۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ عالمی وبا پر قابو پانے کے لیے صدر ٹرمپ کچھ نہیں کر رہے۔ وہ اب تک گالف کھیل رہے ہیں اور اْن کا یہ اقدام سمجھ سے بالا ہے۔نومنتخب صدر نے کہا کہ دو کروڑ امریکیوں کو گھروں کی قسطیں ادا نہ کرنے کی وجہ سے چھت چھن جانے کا ڈر ہے۔ ان کے بقول لوگوں کی بے روزگاری انشورنس ختم ہونی والی ہے اور کرایے کے گھروں میں رہنے والے افراد کرایہ ادا نہیں کر سکتے۔جو بائیڈن حکومت سازی کی تیاری میں مصروف ہیں اور اپنی آئندہ کی ترجیحات سامنے لا رہے ہیں۔امریکہ میں کرونا کیسز اور اسپتالوں میں مریضوں کے داخلے کی شرح میں حالیہ ہفتوں میں ایک بار پھر اضافہ ہوا ہے جسے دیکھتے ہوئے ریاستوں کے گورنروں اور میونسپل حکام نے بعض کاروباری سرگرمیوں کو دوبارہ محدود کر دیا ہے۔جو بائیڈن پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ 20 جنوری کو حلف برداری کے بعد بطور صدر اْن کی اولین ترجیح معیشت کی بحالی اور کرونا وائرس کی روک تھام ہوگی۔دوسری جانب صدر ٹرمپ نے جو الیکشن کے بعد سے عوامی اجتماعات سے گریز کر رہے ہیں، پیر کو ایک ٹوئٹ میں کہا کہ کرونا وائرس کی ویکسین کی آمد کی خبر کے بعد اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کا آغاز زبردست انداز میں ہوا ہے۔