کٹرہ//آل ٹرائبل کوآرڈی نیشن کمیٹی نے کٹرہ کے پنتھال علاقہ کادورہ کیا۔اس دوران کمیٹی کی ٹیم میں نائب چیئرمین نزاکت کھٹانہ ،ترجمان عرفان انجم، مکھن گوجر،مشتاق چودھری،اسماعیل چوہدری ودیگران شامل تھے۔اس موقعہ پر کوآرڈی نیشن کمیٹی کی ٹیم نے لوگوں کوآصفہ عصمت دری وقتل معاملہ ، فاریسٹ رائٹس ایکٹ اورگوجربکروال طبقہ کے لوگوں کی ہراسانی کے بارے میں تفصیلی جانکاری دی۔اس دوران اے ٹی سی سی کے ترجمان عرفان انجم نے کہاکہ آصفہ کوانصاف دلانے کیلئے اس وقت تک عوامی بیداری مہم کی چلتی رہے گی جب تک ملزمان کوکیفرکردارتک نہیں پہنچایاجائے گا۔اس دوران پنتھال کے لوگوں نے بجلی ،پانی اورصحت سہولیات کی عدم دستیابی سے متعلق مسائل کی جانکاری اے ٹی سی سی ٹیم کو دی۔اس موقعہ پر محمدلطیف،چوہدری سراج دین، چوہدری عبدالرشید،غفورچوہدری ودیگران بھی موجودتھے۔