وانگت کنگن میں ایک سینگ والی نایاب جنگلی بکری کی نشاندہی | وائلڈلائف اہلکاروں نے پکڑکرداچھی گام رکھ میں منتقل کیا

غلام نبی رینہ
کنگن// محکمہ جنگلی حیات کے اہلکاروں نے اتوارکو مقامی لوگوں کی مدد سے سب ضلع کنگن کے ونی آرم بابا نگری وانگت میں ایک سینگ والی جنگلی بکری، جسے کشمیری زبان میں ’کیل ژھاوجی‘ یعنی کیل والی بکری کہا جاتا ہے، کو پکڑ کر داچھی گام نیشنل پارک منتقل کیا ۔ محکمہ جنگلی حیات کے انچارج کنٹرولر گاندربل شبیر احمد خان نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ اتوار کی صبح مقامی لوگوں نے ناراناگ سے آٹھ کلو میٹر نیچے ونی آرم بابا نگری میں ایک پہاڑی کیل بکری کو ایک نالہ میں دیکھا جس کے بعد انہوں نے محکمہ جنگلی حیات کے اہلکاروں کو مطلع کیا جس کے بعد جنگلی حیات کے اہلکار فوری طور پر وہاں پر پہنچ گئے اور مقامی لوگوں کی مدد سے جنگلی کیل بکری جس کو کیل ژھاوج کہتے ہیں ،کو زندہ پکڑ کر داچھی گام نیشنل پارک منتقل کیا ۔ واضح رہے کہ جنگلی جانوروں نے اب غذا کی تلاش میں انسانی بستیوں کا رُخ کررہے ہیں، جس پر لوگوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔