جموں//بابا غلام شاہ بادشاہ یونیورسٹی راجوری کے وائس چانسلر پروفیسر جاوید مسرت نے یہاں گورنر کے مشیر خورشید احمد گنائی سے ملاقات کی اور انہیں یونیورسٹی کی تدریسی سرگرمیوں ، بنیادی ڈھانچے اور مستقبل کے منصوبوں کے بارے میں جانکاری دی۔میٹنگ کے دوران خورشید احمد گنائی جن کے پاس محکمہ اعلیٰ تعلیم بھی ہے، نے یونیورسٹیوں کو اعلیٰ تعلیمی ادارے ہونے کے علاوہ طُلاب کے لئے روز گار کے مواقعوں کو یقینی بنانے کے لئے کئیریر اور اونٹیڈ کورسز پر توجہ مرکوز کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے وائس چانسلر پر زور دیا کہ وہ عالمی سطح کی جاب مارکیٹ میں پھیلاؤ سے متعلق چیلنجوں سے مقابلہ کرنے کے لئے یونیورسٹی کو استحکام بخشیں۔پروفیسر جاوید نے یونیورسٹی کی طرف سے خصوصی اقدامات کے بارے میں جانکاری دی جن میں سمارٹ کلاس رومز کو شروع کرنا،نئے کورسوں جیسے آرٹیفیشل انٹیلی جینس اور مشین لرننگ کو متعارف کرنا شامل ہے۔انہوں نے کہا کہ طُلاب کو معیاری تعلیم فراہم کرنے کے لئے بی جی ایس بی یو نے دیگر یونیورسٹیوں کے ساتھ اشتراک شروع کیا ہے اور طُلاب کو مزید سہولیات فراہم کرنے کے لئے کیمپس کے اندر ہی ہیومینٹیز اور انٹر پرنیور شِپ سیل قائم ہیں۔وائس چانسلر نے یونیورسٹی کو گرانٹ اِن ایڈ فراہم کرنے کے لئے ریاستی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کیپس بجٹ فنڈ کو منظور کرانے میں مشیر موصوف کی مداخلت طلب کی۔