راجوری //فی میل ملٹی پرپز ہیلتھ ورکروں کی جاریہ ہڑتال کی راجوری کے ہسپتالوں کے نیم طبی عملے کی طرف سے حمایت کئے جانے پر طبی اداروں کاکام کاج بری طرح سے متاثر ہوگیاہے ۔ذرائع نے بتایاکہ ایسو سی ایشن آف پیرا میڈیکل ایمپلائز نے ورکروں کی حمایت میں پرامن احتجاج کی کال دی تھی جس دوران انہوںنے کام کاج بند رکھا اور ہسپتال کے سامنے دھرنادیا۔فی میل ملٹی پرپز ہیلتھ ورکروں کا مطالبہ ہے کہ ان کی رکی پڑی تنخواہیں واگزار کی جائیں جو انہیں کئی عرصہ نہیں دی گئی ۔دریں اثناء احتجاج کی وجہ سے مریضوں کو در بدر ہوناپڑرہاہے اور ان کا علاج کہیں نہیں ہورہا۔ خاص طور پر ایمرجنسی وارڈ میں افراتفری کا عالم ہے اور مریضوں کی بھاری تعداد جمع رہتی ہے ۔نیم طبی عملے کے احتجاج کے دو گھنٹے بعد میڈیکل سپرینڈنٹ ڈاکٹر محمود موقعہ پر پہنچے اور انہوںنے ان سے بات کرکے کہاکہ ان کے مطالبات کو پورا کرایاجائے گا۔ انہوںنے کہاکہ تنخواہوں کی ادائیگی کیلئے رقومات کو منظوری مل گئی ہے جبکہ دیگر مطالبات بھی پورے کئے جائیںگے جو حکام کے زیر غور ہیں ۔ اس پر ملازمین نے ہڑتال ختم کی ۔