مینڈھر //مینڈھر کے کیری گلہوتہ علاقہ میں تعمیر کی جارہی نیلی ڈاب واٹر سپلائی سکیم گزشتہ 13برسوں سے مکمل ہی نہیں کی جاسکی جس کی وجہ سے علاقہ میں پینے کے صاف پانی کی شدید قلت پیدا ہو گئی ہے ۔مقامی لوگوں نے ضلع انتظامیہ پونچھ اور محکمہ جل شکتی کے اقدامات سے تنگ آکر گزشتہ روز کیری کانگڑھ میں متعلقہ محکمہ کیخلاف شدید احتجاج کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ محکمہ عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے کیلئے سنجیدہ ہی نہیں ہے ۔انہوں نے بتایا کہ علاقہ مکینوں کو پینے کا صاف پانی فراہم کرنے کیلئے ایک واٹر سپلائی سکیم 2008میں شروع کی گئی تھی لیکن ابھی تک اس کو مکمل ہی نہیں کیا گیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ پانی جمع کرنے کیلئے ایک ٹینک تعمیر کیا گیا تھا لیکن کوئی بھی سپلائی ٹینک تعمیر نہیں کیا گیا ہے جبکہ محکمہ کی جانب سے کچھ عرصہ قبل ایک پرانے ٹینک میں پانی کی سپلائی فراہم کی گئی لیکن سکیم چلنے کے کچھ ہی منٹوں میں موٹر خراب ہوگئی اور گزشتہ کئی ماہ سے موٹر کی مرمت ہی نہیں کی جاسکی ۔مظاہرین نے بتایا کہ ایک وسیع علاقہ میں پانی کی شدید قلت پائی جارہی ہے جبکہ متعلقہ محکمہ او ر ضلع انتظامیہ عوام کو معیاری سہولیات فراہم کرنے کیلئے کوئی قدم ہی نہیں اٹھا رہا ہے ۔مکینوں نے جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر اور مقامی ضلع انتظامیہ سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ متعلقہ محکمہ کو ہدایت جاری کی جائیں تاکہ لوگوں کو پینے کے صاف پانی کی سپلائی فراہم کی جاسکے ۔