جموں //نیشنل کانفرنس کے او بی سی سیل نے پی ڈی پی اور بی جے پی پر سماج کے پسماندہ طبقہ جات کے ساتھ استحصال کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا ہے کہ بالخصوص پچھلے تین برس کے دوران مرکز اور ریاست کی سرکاروں کی غریب کش پالیسیوں کی وجہ سے پچھڑے طبقے دوسرے درجے کے شہری بن کر رہ گئے ہیں۔ پریس کے لئے جاری ایک ریلیز کے مطابق نگروٹہ حلقہ کے لوئر ٹانڈہ میں منعقدہ ایک پارٹی میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے او بی سی لیڈران نے گورنر انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ سابق مخلوط سرکار کی طرف سے لئے گئے غلط فیصلوں کو فوری طور پر درست کرے اور پسماندہ طبقہ جات کی فلاح و بہبود کے لئے لائے گئے پروگراموں کی عمل آوری کو یقینی بنایا جا سکے۔ اپنے خطاب میں نیشنل کانفرنس او بی سی سیل کے شریک چیئر پرسن عبدالغنی تیلی نے بی جے پی پر جھوٹے وعدے کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ پی ڈی پی اور بی جے پی مخلوط سرکار پسماندہ طبقوں کے ساتھ کئے گئے وعدے بجا لانے میں پوری طرح ناکام رہی۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس کے دور حکومت میں او بی سی طبقہ کے لئے جو بھلائی کی اسکیمیں شروع کی گئی تھیں انہیں بھی بند کر دیا گیا۔ کارپوریشن میں او بی سی طبقہ کو مناسب نمائندگی دئیے جانے کا مطالبہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منظر نامہ میں درج فہرست ذات و قبائل کو شریک کرنے کے لئے ضروری ہے کہ انہیں فیصلہ سازی میں اہم رول دیا جائے۔ اس موقعہ پر نسیم اختر، سائیں داس، ایس سی مہرہ، چودھری رشید محمد، اشوک کمار، احمد دین، تیرتھ رام ، رشید محمد اور دیگران بھی موجود تھے ۔