جموں//شہر میں گورو گوبند سنگھ کے یوم ولادت کے سلسلہ میں نکالے گئے نگر کیرتن میں نیشنل کانفرنس کے صوبائی صدر دیویند رسنگھ رانا اور سینئر لیڈر ٹی ایس وزیر نے بھی شرکت کی اور کیرتن میں شامل عقیدتمندوں کو مبارک باد پیش کی۔ گاندھی نگر سے گزرتے ہوئے ان دونوں لیڈران نے لنگر چھکا اور کلا کاروں کی طرف سے پیش کئے گئے مختلف کھیلوں سے محفوظ ہوئے۔ گاندھی نگر میں سڑک کے دونوں طرف بھاری تعداد میں مردو زن کھڑے تھے جو کیرتن کی پذیرائی کر رہے تھے۔ انہوں نے گورو گوبند سنگھ کے حالات زندگی اور ان کی تعلیمات کو موجودہ دور میں انتہائی اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ گورو جی امتیاز و نا برابری کے خلاف لڑائی لڑی اور اس کے لئے خالصہ پنتھ کی تشکیل دی۔ رانانے بتایا کہ گورو جی نے پیار محبت، یکجہتی اور اعلیٰ اخلاقی اقدارکا درس کیا، انہوں نے کہا کہ اگر لوگ گورو جی کے بتائے ہوئے راستہ پر چلیں تو یہ سب سے بڑا خراج ہوگا۔ اس موقعہ پر ٹی ایس وزیر نے ریاست میں رہائش پذیر سکھ طبقہ کو درپیش مشکلات کا خاکہ کھینچتے ہوئے حکومت پر ان کے مسائل حل کرنے میں ناکام رہنے کا الزام لگایا ۔ انہوں نے طبقہ کیلئے کئی مطالبات پیش کئے جن میں سکھوں کیلئے اقلیتی درجہ ،اسکولوں میں پنجابی زبان کا نصاب میں لازمی قرار دینا،جموں یونیورسٹی میں گورو گوبند سنگھ چیئر کی تشکیل، رفیوجیوں کے معاملہ کا حل،کنجوانی چوک پر بابا بندہ سنگھ بہادر کے مجسمہ کی تنصیب وغیرہ شامل ہیں۔