فیاض بخاری
بارہمولہ// ضلع بارہمولہ کی نیو فرینڈز کالونی کانسپورہ کے مکین ناقص اور بند پڑے نکاسی آب کے نظام کے باعث شدید مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ ڈرینیج مکمل طور پر بند ہو چکی ہے، جس کے نتیجے میں سڑکوں پر پانی جمع رہتا ہے اور روزمرہ کی آمدورفت بری طرح متاثر ہو رہی ہے۔ سب سے زیادہ پریشانی اسکول جانے والے بچوں کو پیش آ رہی ہے، جنہیں پانی میں ڈوبی سڑکوں سے گزر کر اسکول جانا پڑتا ہے۔ کئی مواقع پر طلبہ وقت پر اسکول بھی نہیں پہنچ پاتے، جس سے ان کی تعلیم متاثر ہو رہی ہیں۔متعلقہ محکمہ نے کئی برس قبل یہاں نکاسی آب کا نظام تعمیر کیا تھا، تاہم مناسب دیکھ بھال نہ ہونے کے باعث یہ مکمل طور پر بند ہو چکا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اس مسئلے کی نشاندہی پہلے بھی ضلع ترقیاتی کمشنر بارہمولہ کے سامنے کی گئی تھی، جنہوں نے جلد از جلد مسئلہ حل کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی، لیکن تاحال کوئی مؤثر کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی۔ مقامی لوگوں نے ضلع انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے وہ اس سنگین مسئلے کا فوری نوٹس لیں اور نکاسی آب کے نظام کی صفائی اور مرمت کو یقینی بنائیں تاکہ عوام کو درپیش مشکلات کا خاتمہ ہو سکے۔