عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//ضلع بڈگام کے بیروہ تحصیل کے گنڈی پورہ علاقے میں اتوار کو ایک شخص کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہو گیا۔جسکی شناخت نذیر احمد وانی ولد عبدالصمد وانی، ساکن گنڈی پورہ بیروہ کے طور پر ہوئی ہے۔ مقامی ذرائع کے مطابق واقعہ ایک اینٹ بھٹہ کے قریب پیش آیا، جہاں لو ٹینشن بجلی کی لائن گزر رہی تھی۔ نذیر احمد مبینہ طور پر تار کے رابطے میں آ گئے اور شدید کرنٹ لگنے سے گر پڑے۔ مقامی افراد نے انہیں فوری طور پر اسپتال پہنچایا، تاہم ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دیا۔ مرحوم اپنے پیچھے بیوہ اور دو بچوں کو چھوڑ گئے ہیں۔ اسی دوران کوکرناگ کے آرہامہ علاقے میں ایک موٹر سائیکل اور ماروتی کار کے درمیان ٹکر میں موٹر سائیکل سوار جاں بحق ہوگیا۔موٹر سائیکل سوار کی شناخت زیشان النبی بٹ ولد غلام نبی بٹ ساکنہ آر ہامہ کوکرناگ کے طور پر ہوئی ہے۔حادثے کے بعد انہیں ضلع اسپتال اننت ناگ منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دیا۔پولیس نے دونوں حادثات کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ مقدمات درج کر لیے ہیں ۔