سرینگر// نٹی پورہ سرینگر میں جنگجوئوں اور پولیس کے درمیان اچانک ہوئی مسلح تصادم آرائی میں ایک جنگجو جاں بحق جبکہ ایک فرار ہوا۔پولیس نے بتایا کہ جمعہ شام دیر گئے 8بجکر 50منٹ پر نٹی پورہ کراسنگ کے قریب مختصر فائرنگ کے تبادلے میں لشکر طیبہ سے وابستہ ایک جنگجو جاں بحق ہوا۔ پولیس نے بتایا کہ اسکی شناخت ترنج شوپیان کے عاقب بشیر کمار کے طور پر ہوئی ہے۔پولیس نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ مارے گئے عسکریت پسندسے برآمد کیے گئے شناختی کارڈ کے مطابق ، اس کی شناخت عاقب بشیر کمار کے طور پر ہوئی ہے جو کہ ترنج شوپیان کا رہنے والا تھا اور لشکر طیبہ کیساتھ وابستہ تھا۔ایک پولیس افسر نے بتایا کہ اس کی تحویل سے دو میگزین ، ایک اے کے 47 رائفل اور پھلوں والا پٹھو بیگ برآمد ہوا ہے۔معلوم ہوا ہے کہ جنگجو ایک گاڑی میں سوار تھے جنہیں رکنے کا اشارہ کیا گیا لیکن انہوں نے فائر کھول دیا جس کے دوران ایک جنگجو کی ہلاکت ہوئی۔شوپیان پولیس ریکارڈ کے مطابق عاقب بشیر کمار کی عمر 22سال کے قریب تھی اور اس نے 10ویں تک تعلیم حاصل کی تھی۔وہ 12نومبر 2020سے لاپتہ تھا اور اسی دن اسکی گمشدگی کی رپورٹ زینہ پورہ پولیس تھانے میں درج کی گئی تھی۔قبل ازیں پولیس نے بتایا تھا کہ فائرنگ کے تنادلے میں جنگجو مارا گیا جبکہ دوسرا فرار ہوگیا۔پولیس نے ٹویٹ میں کہا تھا کہ نٹی پورہ میں اچانک فائرنگ کا واقعہ پیش آیا جس میں ایک جنگجو مارا گیا۔واقعہ کے فوراً بعد رام باغ، نٹی پورہ کراسنگ، برزلہ اور دیگر متصلہ علاقوں میں گاڑیوں کی آمد و رفت روک دی گئی اور لوگ محفوظ مقامات کی طرف بھاگ گئے۔شام دیر گئے تک یہاں اسی طرح کی صورتحال رہی۔
پولیس لائنز پلوامہ میں
مس فائر سے ہیڈ کانسٹیبل زخمی
نیوز ڈیسک
پلوامہ // ڈسٹرکٹ پولیس لائنز پلوامہ میں ایک پولیس اہلکار مس فائر سے زخمی ہوا۔ہیڈ کانسٹیبل بشارت احمد نمبر 411/PLپولیس لائنز میں ہتھیاروں کی صفائی کررہا تھا جس کے دوران اسکی رائفل سے گولی نکلی جو اسکی ٹانگ میں پیوست ہوئی۔ اسے زخمی حالت مین ضلع اسپتال منتقل کیا گیا۔
۔10کلو وزنی بارودی مواد
اچھ بل میں ناکارہ بنایا گیا
عارف بلوچ
اننت ناگ //اننت ناگ میں فورسز اہلکاروں نے سڑک کے کنارے رکھے گئے بارودی مواد کو بر آمد کرکے ناکارہ بنایا ۔اچھہ بل میں اننت ناگ کوکرناگ سڑک پر پتھر کی کان کے قریب 10 کلو وزنی دھماکہ خیز مواد (آئی ای ڈی) برآمد کی گئی۔پولیس، 19 آر آر اور سی آر پی ایف 164 بٹالین کی مشترکہ ٹیم نے موقع پر پہنچ کر علاقے کو محاصرے میں لیکر احتیاطی طور ٹریفک کی نقل و حمل روک دی۔اس بیچ بم ڈسپوزل اسکارڈ طلب کیا گیا جس نے آئی ای ڈی کو ناکارہ بنا دیا ۔