عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/کشمیر میں جاری شدید گرمی کی لہر کے پیش نظر ریجنل ٹرانسپورٹ آفس (آر ٹی او) کشمیر نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر دفتر آنے سے گریز کریں اور آر ٹی او سے متعلق خدمات اور شکایات کے ازالے کے لیے واٹس ایپ سہولت سے استفادہ کریں۔
ریجنل ٹرانسپورٹ آفیسر کشمیر، قاضی عرفان کی جانب سے جاری عوامی نوٹس کے مطابق، موجودہ شدید موسمی حالات کے باعث شہری صرف انتہائی ضروری صورت میں ہی آر ٹی او دفتر کا رخ کریں۔نوٹس میں کہا گیا ہے کہ جن افراد کو آر ٹی او سے متعلق کسی بھی قسم کی مدد، شکایت یا دیگر خدمات درکار ہوں، وہ اپنی مکمل تفصیلات واٹس ایپ نمبر 9622002432پر ارسال کریں۔
آر ٹی او دفتر نے یقین دہانی کرائی ہے کہ موصول ہونے والی درخواستوں اور شکایات کو 48 گھنٹوںکے اندر حل کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔ اگر کسی درخواست کے سلسلے میں مزید معلومات یا دستاویزات درکار ہوں گی تو متعلقہ درخواست گزار کو واٹس ایپ کے ذریعے مطلع کیا جائے گا۔
آر ٹی او کشمیر نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ شدید گرمی کے دوران اپنی سہولت اور حفاظت کو مدنظر رکھتے ہوئے زیادہ سے زیادہ واٹس ایپ سروس سے فائدہ اٹھائیں اور غیر ضروری دفتری دوروں سے اجتناب کریں۔
شدید گرمی کی لہر: آر ٹی او کشمیر کی عوام سے غیر ضروری دفترآنے سے گریز کی اپیل، واٹس ایپ ہیلپ لائن جاری