نوشہرہ //حد متارکہ پر ہندوپاک افواج کے درمیان کشیدگی تھمنے کا نام نہیں لے رہی اور روزانہ کسی نہ کسی سیکٹر میں فائرنگ اور گولہ باری کے واقعات رونما ہورہے ہیں ۔ بدھ کے روز نوشہرہ کے کلال و بابا کھوڑی سیکٹروں میں دونوں ممالک کی افواج کے مابین فائرنگ اور گولہ باری کا تبادلہ ہوا جس سے اگرچہ کوئی جانی نقصان تو نہیںہوا البتہ مقامی آبادی سہم کر رہ گئی ۔ دفاعی ذرائع کے مطابق پاکستانی فوج نے شام چھ بج کر پینتیس منٹ پر نوشہرہ کے کلال و بابا کھوڑی سیکٹروں میں بھارتی فوج کی سرحدی چوکیوں کو نشانہ بناتے ہوئے فائرنگ اور گولہ باری کی جس کے رد عمل میں بھارتی فوج نے بھی بھرپور جوابی کارروائی کی ۔ اس دوران کئی مارٹر گولے رہائشی علاقوں میں بھی گرے تاہم کوئی جانی نقصان نہیںہوا۔ گولہ باری کا یہ سلسلہ آخری اطلاعات ملنے تک جاری تھا اور لوگوں میں خوف پایاجارہاتھا۔ دریں اثناء سرحدی علاقوں سریا سے کئی زندہ مارٹر گولوں کو ناکارہ بنانے کا دعویٰ کیاگیاہے ۔