نئی دہلی// صدر رام ناتھ کووند نے ہفتہ کو ہلاکت خیز کورونا وبا کے دوران اساتذہ کے کام کرنے کے انداز میں تبدیلی پر زور دیا اور کہا کہ لاک ڈاؤن کے دوران اساتذہ نے تعلیم کے آن لائن میڈیم کے ہر چیلنج کو قبول کیا اور اسٹوڈنٹسکی مدد کی اور بلاتعطل تعلیم کے لیے مضبوط اقدامات اٹھائے ۔ ٹیچرز ڈے کے کے موقع پر اپنے مبارکبادی پیغام میں مسٹر کووند نے کہا ، " ٹیچرز ڈے کے موقع پر جو مشہور ماہر تعلیم ، فلسفی اور ہندوستان کے سابق صدر ڈاکٹر سروپلی رادھاکرشنن کی سالگرہ کی یاد میں منایا جاتا ہے ، میں تمام اساتذہ کو مبارکباد اور نیک خواہشات کا اظہار کرتاہوں۔انہوں نے کہا ‘‘ٹیچرز ڈے ایک ایسا موقع ہے جب ہم اپنی قوم کے اساتذہ کی سرشار خدمات کا اعتراف کرتے ہیں جو ہمارے بچوں کی فکری اور اخلاقی ترقی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ اپنی روایات میں ہم اساتذہ کو دیوتا کے برابرسمجھتے ہیں’’۔صدر نے کہا کووڈ-19 عالمی وبا کے دوران اساتذہ کے کام کرنے کے انداز میں بھی بڑی تبدیلی آئی ہے ۔