راجوری//ناجائز تجاوزات کے خلاف اپنی مہم جاری رکھتے ہوئے ضلع انتظامیہ نے گیارہ کنال اراضی کو واپس لے لیا ۔ڈپٹی کمشنر راجوری ڈاکٹر شاہد اقبال چوہدری کی سربراہی میں ایک ٹیم جس کی قیادت اسسٹنٹ کمشنر ریونیو عبدالقیوم میر اور پولیس اور تعمیرات عامہ کے افسران کررہے تھے ، نے کارروائی کرتے ہوئے ڈھنڈکوٹ سے 2.5کنال اراضی واپس لینے میں کامیابی حاصل کی ۔ڈھنڈکوٹ میںا س اراضی پر ناجائز قبضہ کی وجہ سے ڈھنڈکوٹ ۔سوکھاگدی سڑک کاکام پچھلے کئی برسوںسے رکاہواتھا۔اسی طرح سے کارروائی کرتے ہوئے گورنمنٹ مڈل سکول اوجھان کی 8.5کنال ا راضی بھی واپس لینے میں کامیابی حاصل کی گئی جس پر کچھ مقامی لوگوں نے قبضہ کررکھاتھا۔یہ کارروائی محکمہ مال ، پولیس اور محکمہ تعلیم کے افسران نے انجام دی ۔اس اراضی پر کھیل کود کا میدان تعمیر کیاجاناہے اور ساتھ ہی سکول کے ڈھانچے کو بہتر بناناہے ۔اس زمین کی بحالی کے ساتھ ہی محکمہ تعلیم نے اس کے چار وں اطراف دیوار بندی کاکام شروع کردیاہے ۔ڈپٹی کمشنر نے کہاکہ اہم مقامات پر سرکاری اراضی پر کچھ لوگوں نے قبضہ جمارکھاہے ۔ انہوںنے اپیل کی کہ یہ لوگ مفاد عامہ کو دیکھتے ہوئے خود ہی رضاکارانہ طور پر اس اراضی سے قبضہ ختم کردیں نہیں تو ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی ۔واضح رہے کہ ضلع انتظامیہ کی طرف سے پہلے بھی اس طرح کی مہم چلاکر کئی کنال اراضی کو قابضین سے واپس لیاگیاہے ۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ راجوری میں اہم مقامات پر کچھ لوگوں نے سرکاری اراضی پر قبضہ کررکھاہے جسے چھڑانے کیلئے مقامی لوگ بھی اپیل کررہے ہیں ۔ اس ناجائز قبضہ کی وجہ سے سرکاری تعمیرات میں مشکلات پیش آتی ہیں ۔