مینڈھر//مینڈھر تحصیل میں مستقل باشندہ سرٹیفکیٹ جاری کرنے کے سلسلے میں ڈپٹی کمشنر پونچھ کی ہدایت پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر پونچھ ڈاکٹر جی جے سنگھ نے کیمپ لگا یا۔اس دوران کئی سرٹیفکیٹ جاری کئے گئے ۔یاد رہے کہ انہی اسناد کے معاملہ پرگزشتہ دنوں کشمیر عظمیٰ میں یہ خبر شائع ہوئی تھی کہ مینڈھر کے لوگوں کو ایک سرٹیفکیٹ بنوانے کے لئے ہزاروں روپے خرچنے پڑتے ہیں جبکہ کئی لوگوں کی فائلیں بھی ڈپٹی کمشنر پونچھ کے دفتر سے غائب ہو گئی ہیں ۔تاہم جمعہ کو ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر پونچھ ڈاکٹر جی جے سنگھ نے مینڈھر آ کر ایک کیمپ لگایا جس میں کئی مستقل باشندہ سرٹیفکیٹ جاری کئے گئے۔ اس دوران تحصیلدار مینڈھر شہزاد لطیف خان بھی موجود تھے۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر پونچھ کا کہنا ہے کہ اب یہ کیمپ مینڈھر میں لگتے رہیں گے اور کسی بھی شخص کوسند کیلئے پونچھ جانے کی ضرورت نہیں پڑے گی ۔ مینڈھر کے لوگوں نے ڈپٹی کمشنر پونچھ کا شکریہ ادا کیا ہے جنھوں نے لوگوں کے ہزاروں روپے بچاتے ہوئے انہیں مینڈھر میں اسناد جاری کرنے کا سلسلہ شروع کیاہے ۔