مینڈھر //مینڈھر سب ڈویژن میں جہاں آئے روز پرانی مسافر گاڑیوں کے حادثات کی خبریں موصول ہورہی ہیں وہائیں ان حادثوں میں کئی قیمتی جانیںبھی ضائع ہو ئی ہیں تاہم مقامی لوگوں نے ٹریفک پولیس اور اسسٹنٹ ریجنل ٹرانسپورٹ آفیسر پونچھ پر الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ مبینہ ہفتہ وصولی کے چکر میں پرانی اور بغیر لورزامات کے گاڑیوں کو چلنے کی کھلے عام اجازت دی جارہی ہیں جبکہ کئی ڈرائیوروں کے پاس اپنے لائسنس و دیگر ضروری کاغذات بھی نہیں ہیں ۔انہوں نے مبینہ طورپر اسسٹنٹ ریجنل ٹرانسپورٹ آفیسر کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ مینڈھر میں نہ تو کرایہ کی اضافی وصولی کیخلاف کوئی کارروائی ہوتی ہے اور نہ ہی ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف شکنجہ کسا جاتا ہے ۔غور طلب ہے کہ حالیہ دنوں میں سب ڈویژں کے چھونگا علاقہ میں ایک ٹاٹا سومو گاڑی کے حادثے میں 3قیمتی جانیں ضائع ہو گئی تھی تاہم مقامی لوگوں نے بتایا کہ حادثے کا شکار ہونے والی ٹاٹا سومو مسافر گاڑی کے بجائے ایک نجی گاڑی تھی جس کو مسافروں کے لے جانے کیلئے استعمال کیا جارہا تھا ۔انہوں نے بتایا کہ متعلقہ حکام اور ڈرائیوروں کی آپسی ملی بھگت کی وجہ سے قاعدہ کیخلاف کام کیا جارہاہے۔ٖغور طلب ہے کہ اخبارات میں خبر شائع ہونے کے ایک دن بعد متعلقہ حکام کی جانب سے ناکے لگائے جاتے ہیں لیکن اس کے بعد صورتحال کو یوں ہی چھوڑ دیا جاتا ہے ۔مقامی لوگوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ غیر قانونی کاموں میں ملوث ڈرائیوروں کیساتھ ساتھ ٹریفک حکام اور اسسٹنٹ ریجنل ٹرانسپورٹ آفیسر کیخلاف بھی کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ مینڈھر میں ٹریفک نظام کو بہتر بنایا جاسکے ۔