مینڈھر//تحصیل مینڈھر، منکوٹ اور بالاکوٹ میں لوگوں کوپینے کا صاف پانی دستیاب نہیں ہو رہااور محکمہ پی ایچ ای کی طرف سے چلائی جارہی بیشتر سکیمیں بھی عدم وجہی کاشکار بن کر ناکارہ ہوگئی ہیں ۔ محمد اقبال ،مقصود احمد ،جہانگیر خان اور محمد بشیر نے بات کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ پی ایچ ای کے ملازمین زمینی سطح پر کام نہیں کررہے اور اسی وجہ سے پانی کی سپلائی کا نظام ناقص تصویر پیش کررہاہے ۔انہوں نے کہا کہ کئی سکیمیں ناکارہ ہو چکی ہیں جبکہ زمینی سطح پر جو لائنیں بھی لگائی گئی ہیں، وہ بھی کام کی نہیں رہیں،اس کی اصل وجہ یہ ہے کہ کئی سا ل سے لگی پرانی پائپیں ٹوٹ گئی ہیں اور محکمہ کے ملازمین ایک دم جواب دیتے ہیں کہ ان کے پاس لگانے کیلئے پائپیں ہی نہیں ۔لوگوں کاکہناہے کہ تربیت یافتہ ملازمین ڈیوٹی پرنہیں آتے اور وہ لوگوں کے گھروں میں فٹنگ کا کام کرتے رہیت ہیں جس کی وجہ سے پانی کی سپلائی کا نظام بہت ہی خراب ہوگیاہے ۔انہوں نے مزیدکہا کہ مینڈھر، منکوٹ اور بالاکوٹ تحصیلوں میں ساٹھ فیصد پائپ لائنیں خراب پڑی ہیںاور عام لوگوں کو در در کی ٹھوکریں کھانی پڑتی ہیں ۔انہوںنے الزام لگایاکہ لائن مینوں نے پائپوں کا بہانہ بنایا ہوا ہے جبکہ آفیسران ٹال مٹول کر کے لوگوں کو واپس بھیج دیتے ہیں۔ عام لوگوں کا کہنا ہے کہ محکمہ پی ایچ ای بری طرح ناکام ہو چکا ہے جبکہ لفٹ سکیمیں بھی عدم توجہی کاشکار بن کر کسی کام کی نہیں رہ گئیں۔ان کاکہناہے کہ جب محکمہ کے ملازمین سے پوچھا جائے کہ پانی کیوں نہیں آرہا تو ان کا جواب ہوتا ہے کہ محکمہ میکینکل کے ملازمین ٹینکوں میں پانی نہیں چڑھاتے اور اگر میکینکل ملازمین کو پوچھا جائے تو وہ کہتے ہیں محکمہ پی ایچ کے لائن مینوں کا قصور ہے جو لائن ٹھیک نہیں کرتے ۔انہوںنے کہاکہ دونوں ونگ ایک دوسرے پر الزام لگاکر اپنی ذمہ داریاں پوری کردیتے ہیں اور یہ سلسلہ کئی عرصہ سے چلاآرہاہے ۔انہوںنے کہاکہ محکمہ کے وزیر کو فوری طور پر مداخلت کرکے مینڈھر میں نظام کو درست کرناچاہئے اور خراب پڑی سکیموں کو کارگر بناناچاہئے ۔اس سلسلہ میں جب اے ای ای محکمہ پی ایچ ای سے رابطہ کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ دو دن کے اندر پانی دستیاب ہو جائے گا۔