مینڈھر//مینڈھر قصبہ میں گزشتہ چند دنوں سے گندگی کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں لیکن محکمہ دیہی ترقی کے ملازمین صفائی کروانے میں بری طرح ناکام ہو چکے ہیں۔ بس اڈہ مینڈھر کی لاکھوں روپے کی بولی ہوتی ہے جس کے بعد اس پیسے سے بازار میں صفائی کی جاتی ہے لیکن چند دنوں سے بازار میں صفائی نہیں ہو رہی اورگندگی کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں۔ دکاندار طبقہ بری طرح پریشان ہے کیونکہ ہر دکان کے باہر کوڑا کرکٹ جمع ہے اور عفونت ہی عفونت پھیلی ہوئی ہے ۔اس سلسلہ میں جب صفائی کرمچاریوں سے بات ہوئی تو ان کا کہنا تھا کہ انہیں تنخواہ نہیں دی جا رہی جبکہ محکمہ پاس لاکھوں روپے کے فنڈس موجود ہیں۔انہوں نے کہا کہ محکمہ دیہی ترقی بس اڈہ مینڈھر کی بولی لگا کر لاکھوں روپے جمع کرتا ہے لیکن پتہ نہیں وہ پیسے کہاں کہاں استعمال کئے جاتے ہیںجس کی انکوائری کرانے کی ضرورت ہے ۔انہوںنے کہا کہ تنخواہ واگزار ہونے تک وہ کام نہیں کریںگے ۔محکمہ کے ایک اعلیٰ افسر کاکہناہے کہ وہ یہ معلوم کریںگے کہ صفائی کیوںنہیں کی جارہی ۔