عظمیٰ نیوز سروس
کالاکوٹ//رکن پارلیمان جموں-ریاسی جگل کشور شرما نے ایم ایل اے کالاکوٹ سندربنی ٹھاکر رندھیر سنگھ اور سابق ایم ایل اے رویندر رینہ کے ہمراہ کالاکوٹ-سندربنی حلقہ انتخاب کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس دوران انہوں نے سندربنی، سیوٹ، کھوئی ڈھیری، لمبیڑی اور پتراڑہ علاقوں کا دورہ کرکے عوامی اجتماعات سے خطاب کیا اور مقامی لوگوں کے مسائل سنے۔اپنے خطاب میں جگل کشور شرما نے نیشنل کانفرنس (این سی) کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے الزام لگایا کہ پارٹی نے ہمیشہ ترقیاتی منصوبوں میں رکاوٹ ڈالنے کی سیاست کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ این سی کی پالیسیوں کی وجہ سے کئی اہم عوامی فلاحی اور بنیادی ڈھانچے سے متعلق منصوبے تاخیر کا شکار ہوئے ہیں۔ عوام نے انہیں بتایا کہ کئی ترقیاتی منصوبے ٹینڈرنگ مکمل ہونے کے باوجود ابھی تک شروع نہیں کیے گئے۔
دورے کے دوران جگل کشور شرما اور دیگر بی جے پی رہنماؤں نے لمبیڑی میں سوامی وشواتما نند سرسوتی جی مہاراج سے ملاقات کرکے آشیرواد حاصل کیا۔ اس موقع پر رہنماؤں نے خطے کی روحانی اور سماجی اقدار سے وابستگی کا اظہار کیا۔صحت کے شعبے میں ایک اہم پیش رفت کے طور پر رکن پارلیمان اور ایم ایل اے نے مووا پتراڑہ میں آیوشمان آروگیہ مندر کا افتتاح بھی کیا، جو ایم پی ایل اے ڈی فنڈ کے تحت مکمل کیا گیا ہے۔ جگل کشور شرما نے کہا کہ ’این سی صرف سیاسی ہتھکنڈوں میں مصروف رہی جبکہ بی جے پی عوامی خدمت اور ترقیاتی کاموں پر توجہ دے رہی ہے۔ آروگیہ مندر کا افتتاح سب کا ساتھ، سب کا وکاس کے عزم کا ثبوت ہے‘۔ایم ایل اے ٹھاکر رندھیر سنگھ نے اس موقع پر جوگل کشور شرما کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے خطے کی رابطہ سڑکوں اور ترقی کے لیے مسلسل کوششیں کی ہیں۔ انہوں نے جموں-پونچھ نیشنل ہائی وے کی اپ گریڈیشن کو مودی حکومت کی ایک بڑی کامیابی قرار دیا۔اس موقع پر اے ڈی سی سندربنی رامکیش شرما، سی ایم او ڈاکٹر منوہر لال، بی ایم او مینا شرما، ضلع صدر پریتم شرما، اومی کھجوریہ، وکرم شرما، سکھدیو، وکاس، کیپٹن بلکرشن، کیپٹن رمیش سمیت متعدد بی جے پی رہنما، سابق سرپنچ، پنچ اور معزز شہری موجود تھے۔