مینڈھر//مغل شاہراہ پر شوپیاں کی طرف سے برف ہٹانے کاکام شروع کردیاگیاہے جبکہ پونچھ کی طرف سے آئندہ ایک دوروز میں کام شروع کیاجائے گا۔اس سلسلے میں بات کرتے ہوئے محکمہ کے ایک افسر نے بتایاکہ شوپیاں کی طرف سے دبجن پل تک برف ہٹادی گئی ہے جبکہ پونچھ کی طرف سے کام شروع کرنے کیلئے مشینری روانہ کردی گئی ہے اور آئندہ ایک دو دنوں میں یہ کام شروع ہوجائے گا۔انہوں نے بتایاکہ ان کی کوشش ہوگی کہ کم سے کم وقت میں یہ کام مکمل ہو۔واضح رہے کہ مغل شاہراہ پچھلے کئی ماہ سے برفباری کے باعث بند پڑی ہے جس کی وجہ سے عام لوگوں کو شدید مشکلات کاسامناہے اور انہیں کشمیر جانے کیلئے بذریعہ جموں سفر کرناپڑتاہے۔مقامی لوگوں نے مانگ کی ہے کہ جلد سے جلد برف ہٹاکر اس سڑک کو مسافروں کیلئے کھول دیاجائے۔