راجوری //گزشتہ دنوں مغل شاہراہ پو ایک پولیس آفیسر کی مبینہ طورپر فوجی اہلکاروں کی جانب سے کی گئی پٹائی کے بعد فوج نے اس سلسلہ میں تحقیقات کا حکم جاری کرتے ہوئے کہاکہ معاملہ میں ملوث اہلکاروں کیخلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔اس سے قبل جموں وکشمیر پولیس نے سرنکوٹ پولیس سٹیشن میں ایک میجر سمیت کئی دیگر فوجی اہلکاروں کیخلاف کیس درج کر لیا گیا ہے ۔فوج کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اعلیٰ حکام کی جانب سے اس سلسلہ میں سخت کارروائی کا انتباہ دیا گیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ مذکورہ نوعیت کا معاملہ فوج اور پولیس کے مشترکہ کام کرنے کے دوران رونما نہیں ہوا چاہئے تھا ۔بیان میں کہا گیا ہے کہ پوشانہ کے مقام پرفوج اور پولیس کی جانب سے مسافروں کی معقول آمد ورفت میں مددکیلئے مشترکہ طورپر چیک پوسٹ قائم کی گئی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ خراب موسم کے دوران انسانی بنیادوں پر لوگوں کی مدد کرنے کیساتھ ساتھ مغل شاہراہ پر مجرمانہ عمل میں ملوث افراد پر بھی کڑی نظر رکھی جارہی ہے تاکہ خطہ میں امن و امان کی صورتحال خراب نہ ہو ۔پریس بیان میں کہا گیا ہے کہ فوج جموں وکشمیر پولیس کو مشکل وقت میں سماج دشمن عناصر کیخلاف لڑنے میں مدد فراہم کرتی رہے گی ۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ سنیچر کی بعد دوپہر ایس ایچ او راجوری سمیر جیلانی مغل شاہراہ پر سفر کررہے تھے تاہم پوشانہ چیک پوسٹ میں فوجی اہلکاروں نے ان کو روک کر ان کیساتھ بدتمیزی و مار پٹائی کی تھی جس کے بعد پولیس نے اس سلسلہ میں فوجی اہلکارو ں کیخلاف کیس درج کرلیا تھا ۔