مینڈھر//خطہ پیر پنچال کو وادی کشمیر سے ملانے والی واحد مغل شاہراہ سے برف ہٹانے کا کام شدومد سے جاری ہے اور پونچھ کی طرف سے36کلومیٹر تک سڑک کو صاف کیا گیا ہے جبکہ شوپیاں کی طرف سے 27کلومیٹر تک برف سڑک سے ہٹا دی گئی ہے اور ایسا لگتاہے کہ اگر موسم ٹھیک رہا تو اپریل کے پہلے ہفتے میں مغل شاہراہ کو گاڑیوں کی آمدورفت کیلئے کھول دیا جائے گا، جسکے بعد خطہ پیر پنچال اور وادی کشمیر کے لوگ آسانی سے سفر کرسکیں گے۔ مغل شاہراہ برف کی وجہ سے گذشتہ پانچ مہینوں سے بند ہے جس کی وجہ سے خط پیر پنچال میں بسنے والے لوگوں کو براستہ جموں سرینگر جانا پڑتاہے اور لوگوں کو کئی قسم کی دشواریوں کا بھی سامنا کرنا پڑتاہے، خطہ پیر پنچال میں بسنے والے لوگوں نے کئی بار ریاستی حکومت سے اپیل کی ہے کہ مغل شاہراہ پر ٹنل بنایا جائے تاکہ انتظامیہ سڑک کو بارہ مہینے کھول کر رکھے تاکہ لوگ آسانی سے مغل شاہراہ پر سفر کرسکیں لیکن اس وقت تک حکومت نے مغل شاہراہ پر ٹنل کا کوئی پلان نہیں بنایا جسکی وجہ سے لوگوں کو سفر کرنے میں کئی قسم کی پریشانیاں آتی ہیں ۔لوگوں نے ریاستی و مرکزی حکومت سے اپیل کی ہے کہ مغل شاہراہ پر ٹنل تعمیر کیا جائے تاکہ سڑک ہمیشہ گاڑیوں کی آمد ورفت کیلئے کھلی رہے۔