کوٹرنکہ //کوٹرنکہ میں محکمہ تعمیرات عامہ کی طرف سے ایک شخص کو زمین کا معاوضہ نہ ادا کئے جانے پر اس شخص نے جگلانو ۔موہڑہ سڑک کو آمدورفت کیلئے بند کردیاہے ۔ابھی تک اس سڑک کی نالیاں ،پلی اور ڈنگے تیار نہیں ہوئے کہ مقامی شخص محمد شبیر ولد محمد دین نے محکمہ سے پریشان ہو کر اس کو اپنی زمین سے بند کردیاہے ۔ محمد شبیر نے محکمہ پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ اس کے مکان کے پاس محکمہ نے پلی تعمیر کرنی تھی لیکن ابھی تک وہ پلی تیار نہیں کی جس کی وجہ سے سارے علاقہ کا پانی مکان پر آجاتاہے ۔اس کاکہناہے کہ محکمہ کی طرف سے کوئی معاوضہ بھی نہیں دیاگیا جبکہ وہ ایک غریب شخص ہے اور اس کا مکان بھی تباہ ہوگیاہے ۔ مقامی لوگوں کاکہناہے کہ سڑک بند کرنے کے بارے میں حکام کو بتایابھی گیاہے لیکن ان کے کانوں جوں تک نہیں رینگی ۔سڑک بند ہونے کی وجہ سے جگلانو اپر ،بڈ سمیاج ، کہڑیون وغیرہ علاقوں کے لوگوں کو عبور و مرور میں مشکلات کاسامناہے ۔ان علاقوں کے لوگوں کاکہناہے کہ سڑک پر کام مکمل کیاجائے تاکہ انہیں پریشانی کاسامنا نہ کرناپڑے ۔