راجوری اور پونچھ میں محفوظ بنکروں کی تعمیر غیر معیاری | بنکر جس مقصد کیلئے بنائے گئے ان سے یہ مقصد پورا نہیں ہوگا،تحقیقات کا مطالبہ
نیوز ڈیسک
پونچھ // سرحدی اضلاع راجوری اور پونچھ میں قائم کئے گئے بنکروں کی تعمیر میں بڑے پیمانے پر دھاندلیوں کا انکشاف ہوا ہے ۔ مقامی لوگوںنے کہا ہے کہ بنکر جس مقصد کیلئے بنائے گئے تھے یہ اس قابل ہے ہی نہیں اور سرکار اس معاملے کی تحقیقات کرائیں کیوں کہ اس معاملے میں بڑے پر گھوٹالہ کیاگیا ہے ۔ مقامی لوگوںنے کہا کہ متعلقہ محکمہ اور ٹھیکداروں کے مابین ملی بھگت سے سرکاری خزانے سے خطیر رقم نکالی گئی ہے ۔ مقامی لوگوں نے کہا کہ محکمہ آر اینڈ بی اور پی ڈبلیو ڈی محکمہ جات کی جانب سے یہ تعمیر مقامی ٹھیکداروں سے کرائی گئی ہے جنہوںنے محکمہ کے متعلقہ ملازمین کے ساتھ ساز باز کرکے سرکاری خزانے سے خطیر رقم نکالی تاہم بنکر اُس نہج پر نہیں بنائے گئے جس کیلئے پیسے لئے گئے ۔ مقامی لوگوںنے اس سلسلے میں اعلیٰ سطحی تحقیقات کرانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس معاملے میں بڑے پیمانے پر گھوٹالہ کیا گیا ہے ۔ انہوںنے کہا کہ نہ یہ بنکر اس قدر مضبوط ہے کہ گولہ باری سے انسانوں کو محفوظ رکھ سکیں اور ناہی اس میں کوئی سہولیات ہے جو ان بنکروں میں پناہ لینے والے کیلئے مئیسر ہوتی ۔ مقامی لوگوںنے کہا کہ اگرچہ اس وقت سرحدی پر امن کا ماحول ہے اور ہندوستان اور پاکستانی فوج نے جنگ بندی معاہدے پر عمل کرنا شروع کردیا ہے تاہم سرحدی حالات کا کوئی بھروسہ نہیں ہے کیا پتہ کب ایک بار پھر بندوقوں کے دہانے کھلیں اور پھر سے سرحدوں پر کشیدگی پیدا ہو تاہم اس وقت جو امن کا ماحول ہے اس سے سرحدی آبادی مطمین ہے ۔
آیوشمان بھارت سروے میں بہت سے لوگوںکے نام نہیں | گولڈ کارڈ سہولت سے مستفید ہونے کیلئے تمام ناموں کے اندراج کا مطالبہ
جاوید اقبال
مینڈھر//سب ڈویژن مینڈھر کے لوگوں نے سرکار کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ آیوش مان سکیم کے تحت جولوگوں کو گولڈن کارڈ بنائے جارہے ہیں ان میں بہت سارے لوگ سروے میں نہیں ہیں اور غریب لوگ اس سکیم سے محروم ہورہے ہیں۔ شوکت علی ،معروف مغل،عبد الحکیم اور پرویز خان نے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے دیکھا کہ بہت سارے غریب لوگ اس سکیم میں شامل نہیں ہیں اور سروے لسٹ میں نہ شامل ہونے کی وجہ سے انکے گولڈن کارڈنہیں بن رہے ہیں اور جن غریب لوگوں کو اس سکیم کا فائدہ ہونا چاہئے تھا وہ فائدہ حاصل نہیں کررہے ہیں اور ہم نے دیکھا کہ امیر لوگ ہی ان سکیموں کا فائدہ اٹھارہے ہیں ۔انکا کہنا تھا کہ جن لوگوں نے علاقہ کے اندر سروے کئے ہیں انکے خلاف قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے کیوں کہ انہوں نے جان بوجھ کر غریب لوگوں کے نام چھوڑ دئے اور ان لوگوں کے سروے کئے جو لوگ اثر رسوخ رکھنے والے تھے یا انکے رشتہ دار تھے ۔انکا کہنا تھا کہ گولڈن کارڈ کو لیکر جن لوگوں کا سروے میں نام نہیں آیا وہ در در کی ٹھوکریں کھا رہے ہیں۔ انہوں نے حکومت سے اپیل کی کہ فوری طور نئے سروے کروائے جائیں اور سروے کراتے وقت علاقہ کے لوگوں کو مدنظر رکھتے ہوئے دور دراز کے ملازم سروے کیلئے لگائے جائیں تاکہ وہ ایمانداری سے علاقہ کا سروے کرسکیں
پنچائت کانگڑہ گلہوتہ میں 2018سے منریگا اجرت واجب الادا | لوگ دردر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور،متعلقہ محکمہ پر عدم توجہی کاالزام
جاوید اقبال
مینڈھر//سرحدی بلاک بالاکوٹ کی پنچائت کانگڑہ گلہوتہ سے تعلق رکھنے والے کئی لوگوں نے محکمہ دیہی ترقی کے اعلی آفیسران کو تنقیدکا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ2017-18میں منریگا سکیم کے تحت کئے گئے بیشمار کاموں کے اس وقت تک لوگوں کو پیسے نہیں ملے ہیں جسکی زیادہ تر ذمہ داری متعلقہ ملازمین پر عائد ہوتی ہے۔ تفصیلات کے مطابق کانگڑہ گلہوتہ پنچائت میں 2017-18میں منریگاسکیم کے تحت لوگوں نے لاکھوں روپے کام کئے تھے جس کے بعد متعلقہ ملازمین نے لوگوں سے ہزاروں روپے ایڈوانس کمیشن لیکر بل بنائے لیکن اس وقت تک لوگوں کو پیسے نہیں ملے۔ انکا کہنا تھا کہ متعلقہ ملازمین نے ایڈوانس کمیشن لیکر لوگوں کو کاموں کے پیسے نہیں دئیے اور لوگوں کی فائیلیں بھی بند کردی جس کی وجہ سے بیشمار لوگوں کو تین سال گزر جانے کے بعد اس وقت تک رقومات نہیں ملی اس کی وجہ کیا ہے ۔ محمد حسین ،محمد شریف اور جمیل خان نے بات کرتے ہوئے کہا کہ زمینی سطح پر لوگوں نے کام کیا ہواہے اور اس کی وجہ کیا ہے کہ ایڈوانس کمیشن لینے کے باوجود لوگوں کو پیسے نہیں دئے گئے اور لوگوں کی فائیلیں بند کرکے فائیلیں کوڑے کرکٹ میں ڈال دی۔ انکا کہنا تھا کہ لوگوں کے اس وقت تک لاکھوں روپے بقایا ہیں جس کی ہم انکوائری چاہتے ہیں۔ انہوں نے حکومت سے اپیل کی کہ ویجی لینس کی ایک ٹیم کانگڑا گلہوتہ پنچائت میں بھیجی جائے جو کہ موقعہ پر موجود کاموں کا جائیزہ لیکر ان ملازمین کے خلاف قانونی کاروائی کرے جنہوں نے کمیشن لیکر لوگوں کو پیسے نہیں دئے ورنہ ہم لوگ متعلقہ محکمہ کے خلاف احتجاج کرنے پر مجبور ہو جائیں گے جس کی ذمہ داری متعلقہ محکمہ پر عائد ہوگی ۔
مڈل سکول ناڑ بنلوئی کی عمارت کھنڈات میں تبدیل | 100سے زائد بچوں کو بیٹھنے کی جگہ میسر نہیں، اساتذہ بھی 2ہی میسر
جاوید اقبال
مینڈھر//سب ڈویژن مینڈھر کی سرحدی تحصیل منکوٹ کی پنچائت بنلوئی میں قائم گورنمنٹ مڈل سکول ناڑ بنلوئی کی حالت نہایت ہی خستہ ہے اور 100سو سے زائد بچوں کیلئے بیٹھنے کی کوئی جگہ نہیں ہے کیوں کہ سکول کی عمارت کی حالت کھنڈرات بن چکی ہے او بارشوں کے دنوں میں اس میں بیشمار پانی آتاہے جبکہ متعلقہ محکمہ نے عمارت کی مرمت بھی نہیں کی ۔مقامی سرپنچ محمد شریف نے کہا کہ ایک سو سے زائد بچوں کو سر کارنے پڑھانے کیلئے بھی صرف دو اساتذہ دئے ہوئے ہیں وہ بھی کبھی سکول جاتے ہیں اور کبھی چھٹی کردیتے ہیں جس کی وجہ سے بچوں کو تعلیم نہیں مل رہی ہے اور سرحد پر بسنے والے بچوں کا مستقبل تباہ ہورہاہے ۔انکا کہنا تھا کہ 2002میں تین کمروں پر مشتمل ایک عمارت کا پلینتھ نکالا گیا تھا جس کے بعد متعلقہ ٹھیکدار نے کام چھوڑ دیا اور سرکار کے لاکھوں روپے ضائع کئے اور عمارت نہ بننے کی وجہ سے اب بچوں کی پڑھائی بھی ضائع ہورہی ہے جبکہ مڈ ڈے میل بنانے کیلئے رسوئی بھی نہیں ہے جس کی دمہ داری متعلقہ محکمہ کے اعلی آفیسران پر عائد ہوتی ہے۔ انکا کہنا تھا کہ محکمہ تعلیم کے اعلی آفیسران کی وجہ سے سکول کی عمارت مکمل نہیں ہوئی اور آج بچوں کا مستقبل تباہ ہورہاہے۔ انکا کہنا تھا کہ سکول کی عمارت کو فوری طور درست کیاجائے اور جس عمارت کا کام پلینتھ نکالنے کے بعد چھوڑ دیا گیاہے اس میں جو بھی ملازم ملوث ہے اسکے خلاف قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے ۔
مینڈھر میں بسنل انٹرنیٹ سروس برائے نام
جاوید اقبال
مینڈھر//سرحدی تحصیل مینڈھر میں محکمہ بی ایس این ایل کی حالت نہایت ہی خستہ ہے اور ایک ماہ کے اندر کئی دن نیٹ سروس بند رہتی ہے جسکی وجہ سے عام لوگوں کے ساتھ ساتھ سکولی بچے اور نیٹ پر کام کرنے والے دوکاندار بری طرح متاثر ہورہے ہیں ۔ایک دوکاندار نے اپنا نام نہ ظاہر کرتے ہوئے بتایا کہ ہم ہزاروں روپے نیٹ کا کرایہ متعلقہ محکمہ کو دیتے ہیں لیکن متعلقہ محکمہ کے ملازمین ٹس سے مس نہیںہورہے ہیں اور ایک مہینے میں کئی دن نیٹ بند رہنے کی وجہ سے فارم بھرنے والے بچے بری طرح متاثر ہورہے ہیں۔ اس سلسلہ میں نعمان ،وقار احمد ،محمد یوسف نے بات کرتے ہوئے کہا کہ بی ایس این ایل نیٹ نہ ہونے کی وجہ سے ہمیں ایک فارم یا نیٹ سے کوئی کارڈ نکلوانے کیلئے کی چکر لگانے پڑتے ہیں اور ہمارا ہزاروں روپے خرچہ ہوجاتاہے لیکن حکومت بی ایس این ایل نیٹ ورک کی طرف دھیان نہیں دے رہی ہے جسکی وجہ سے عام لوگ بری طرح متاثر ہورہے ہیں۔ انکا کہنا تھا کہ حکومت بی ایس این ایل کمپنی والوں کو یہ ہدایت دے کہ اس سسٹم کو درست کیا جائے تاکہ عام لوگوں کے ساتھ ساتھ سکولی بچے پریشان نہ ہوں انکا کہنا تھا کہ اگر یہی حالت رہی تو ہم متعلقہ محکمہ کے خلاف احتجاج کریں گے
مدرسہ علمیہ امام محمد باقر میںصحیفہ سجادیہ جامعہ کے پہلے اردو ترجمے کی رونمائی
حسین محتشم
پونچھ//حوزہ علمیہ امام محمد باقر (ع) حسین آباد گورسائی نالہ میں ایک اہم تقریب کا اہتمام کیا گیا جس کی صدارت علامہ سید مختار حسین جعفری نے کی ۔اس تقریب میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے سید شبیر حسین شاہ ،ریٹائیر پرنسپل گورنمنٹ ڈگری کالج شریک ہوئے۔اس اہم تقریب کے دوران مدرسہ علمیہ امام محمد باقر ؑ کی جانب سے نشر ہونے والے صحیفہ سجادیہ جامعہ کے پہلے اردو ترجمے کی رسم رونمائی انجام دی گئی ۔واضح رہے کہ یہ بیش قیمتی ترجمہ علامہ سید مختار حسین جعفری کے قلم سے انجام پایا ہے۔اس تقریب رونمائی میں علاقے کے مومنین کے علاؤہ علاقے کی جن علمی و سماجی شخصیات نے شرکت کی ان میں سید ظہیر عباس جعفری ایس ڈی پی او مینڈھر، سید امتیاز حسین شاہ پروفیسر گورنمنٹ ڈگری کالج مینڈھر، سید ناطق حسین جعفری پرنسپل ہائیر سکینڈری اسکول موہری گورسائی، ڈاکٹر سید ذاکر حسین جعفری شامل ہیں۔
پونچھ میں پہلی منفرد لائبریری کا افتتاح
حسین محتشم
پونچھ//انٹرنیٹ اور موبائل کے اس دور میں خاص طور پر نوجوان کتاب اور مطالعے کی طرف راغب کرنے کے لئے پونچھ میں ایک منفرد لائبریری کا قیام کیا گیا جس کی رسم افتتاح ایس ایس پی پونچھ رمیش انگرال اور پرنسپل گورنمنٹ ڈگری کالج پونچھ سید مصرف حسین شاہ نے ربن کاٹ کر ایتوار کو انجام دی۔اس موقعہ پونچھ کے مقتدر علمی اور ادبی شخصات، سیاسی و سماجی کارکنان اور ضلع انتظامیہ کے افسران نے شرکت کی ۔ایک مختصر تقریب کے دوران مولانا شہزاد انوری مدیر ہاکیاں پونچھ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسمارٹ موبائل اور انٹرنیٹ سے مضبوط رابطے نے نوجوانوں پڑھنے کے لئے شہر پونچھ میں اپنی نوعیت کی پہلی اور منفردلائبریری کی بنیاد رکھ کر میر برادران نے لوگوں میں مطالعے کا شوق جگانے کے بہت بڑا قدم اٹھایا ہے جس کے لئے وہ لائق مبارک باد ہیں۔سابق وارڈن شیخ سجاد پونچھی نے بھی اس دوران خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پونچھ میں ایک ایسی لائبریری کی ضرورت عرصہ سے محسوس کی جا رہی تھی لیکن کوئی آگے نہیں آیا۔ انہوں نے کہا کہ میر برادران لائق تحسین ہیں جنہوں نے ہمارے نوجوانوں کو پڑھنے کا سازگار ماحول فراہم کرنے کے لئے اس لائبری کا آغاز کیا۔مہمان اعزازی پرنسپل ڈگری کالج پونچھ سید مصرف حسین شاہ نے کہا اس لائبریری کے قیام کا مقصد لوگوں کو مطالعے کی جانب راغب کرنے کے علاوہ انہیں ایک پبلک پلیس دینا ہے۔انہوں نے کہا طلبہ و طالبات کے لئے یہ لائبری یقینی طور پر فائدہ مند ثابت ہو گی۔انہوں نے کہا کہ پونچھ ضلع میں بچوں کو سکون سے پڑھنے کے لئے اس طرح کی پہلی لائبری کھولی گئی ہے جس کے لئے وہ میر بردران کو مبارک باد پیش کرتے ہیں۔ایس ایس پی پونچھ رمیش انگرال نے بھی لائبریری قائم کرنے والے الحاج محمد بشیر میر اور ان کے برادران شکیل احمد میر اور دیگران کی اس کاوش کو سراہتے ہوئے کہا کہ انھیں خوشی ہے کہ وہ اس منفرد اور اہم لائبرری کی رسم افتتاح انجام دے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کی سہولیات طلبہ کو فراہم ہو نگی تو وہ مزید محنت کریں گے۔اس تقریب کے اختتام پر الحاج محمد بشیر میر نے تمام شرکا ء کا شکریہ اداکیا۔
مڈل سکول حبی میں میگا ایوارڈ تقریب کا اہتمام
محمد بشارت
کوٹرنکہ// گورنمنٹ مڈل سکول حبی کے اساتذہ نے علاقہ کے تعلیمی نظام کو فروغ دینے کے لئے ایک میگا ایوارڈ تقریب کا اہتمام کیا۔سکول کے اساتذہ نے اپنی ہی تنخواہ سے اس تقریب کا اہتمام کیا ۔اس پروگرام میں مختلف لوگوں نے حصہ لیا اور ان کی اساتذہ اکرام نے حوصلہ افزائی کی۔ تعلیم کی بہتری کے لئے بلاک چیرمین کوٹرنکہ جاوید اقبال چوہدری کو مہمان خصوصی کے طور پر مدعو کیا گیا تھا۔ مختلف ایوارڈز ان طلباء وطالبات کو پیش کئے گئے جنہوں نے تعلیمی سال میں اپنے اپنے سکول میں اول نمبر حاصل کئے تھے۔تقریباً پانچ گورنمنٹ سکولوں کے طلاب نے تقریب میں شرکت کی جبکہ تعلیمی سال کے ان والدین کو انعام دیئے گئے جنہوں نے سکولوں اور طلبا کی بہتری کے لئے خدمات انجام دینے میں پورا سال ساتھ کھڑے رہے اساتذہ کا سال کا ایوارڈ بہترین اساتذہ کو دیا گیا جو تعلیم کی طرف اپنی 100 فیصد کوششیں کرتے ہیںجنہوں نے سائنس ، ادب اور کھیلوں کے میدان میں اپنا کردار ادا کیا انہیں بھی انعام دیا گیا
راجوری میں بھیرو جھانکی نکالی گئی
سمت بھارگو
راجوری//سخت حفاظتی انتظامات کے بیچ راجوری قصبے کے جواہر نگر علاقے میں جمعہ کو تاریخی بھیرو جھانکی نکالی گئی ۔بھیرو جھانکی راجوری قصبے کی کئی دہائیوں پرانی روایت ہے جس میں ایک ہندو بھگوان کے بھیرو دیو کے نام پر ایک شخص کو مکمل طور پر سیاہ رنگ دیا جاتا ہے اور اس کے بعد شہر میں جلوس نکالا جاتا ہے جس میں اس شہر میں ہر مسلک کے سیکڑوں افراد شریک ہوتے ہیں۔یہ جلوس عشروں پہلے راجوری قصبے میں ایک وبائی بیماری پھوٹ پڑنے کے بعد شروع کیا گیا تھا اور ایک سنت نے مقامی لوگوں کو جلوس نکالنے کی تجویز پیش کی تھی جو باہر نکالا گیا تھا اور وبا ختم ہوگئی تھی۔ہولی کے تہوار سے ایک ہفتہ پہلے منعقد ہونے والا تاریخی بھیرو جھانکی جلوس اتوار کو اس سال کے لئے شروع ہوا تھا اور اسے قصبے کے جواہر نگر محل میں نکالا گیا تھا جس میں سیکڑوں افراد نے حصہ لیا تھا۔سکیورٹی فورسز نے سکیورٹی کے سخت انتظامات بھی کر رکھے تھے اور انتظامیہ نے انتظامیہ کے ساتھ انتظامیہ کو بھی پورے شہر میں تعینات کیا گیا ہے تاکہ جلوس کے انعقاد کو یقینی بنایا جاسکے۔
گوڈریج کابرانڈ آؤٹ لیٹ ماربل مارکیٹ جموں میں کھولاگیا
جموں//گوڈریج ایپلائینسز نے جموں کے ماربل مارکیٹ میں اپنے چینل کے پارٹنر سٹیٹ ایجنسیز کے ساتھ مل کر اپنا پسندیدہ برانڈ دکان کھول دیا۔سابق نائب وزیر اعلی کویندر گپتا نے شو روم کا افتتاح کیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گودریج ایک قدیم اور قابل اعتماد برانڈ میں سے ایک ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ گذشتہ 3 دہائیوں سے گودریج ایپلائینسز کے باقاعدہ اور وفادار کسٹمر ہیں اور انہوں نے کہا کہ گودریج آتم نربھربھارت کی ہماری وزیر اعظم مودی جی کی کوشش کا بھی حصہ ہیں۔افتتاحی تقریب کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے سٹیٹ ایجنسیز کے مالکان راجیش بھاٹیا اور رادیکا بھاٹیہ نے کہا "ہمیں گودریج ایپلائینسز کے ساتھ شراکت میں بہت خوشی ہے ، جو ایک انتہائی قابل احترام اور قابل اعتماد برانڈ ہے۔ ہمیں یقین ہے کہ گوڈریج ایپلائینسز کی جانب سے اپنی منفرد پیش کش کے ذریعہ ہمارا جموں کے سمجھدار صارفین کے لئے ایک بہترین منزل ثابت ہوگی‘‘۔ آشیش وڈھیرا ، ایریا بزنس منیجر گودریج ایپلائینسز نے کہا "ہم نے ہمیشہ اپنے صارفین سے زیادہ سے زیادہ قریب رہنے کی کوشش کی ہے۔ ہمیں یقین ہے کہ ہمارے پسندیدہ برانڈ آؤٹ لیٹس ہمارے وفادار صارفین کو اور بھی زیادہ اہمیت دیں گے۔ ہمارے پسندیدہ شوروم کے ساتھ ، ہمارے پاس موقع ہے کہ ہم ایک ہی جگہ پر بہترین درجے کی کلاس ایپلائینسز کی اپنی پوری رینج دکھائیں۔ جموں ہمارے لئے ایک اہم آنے والی منڈی ہے اور ہم خریداری کے بہترین تجربہ سے اپنے صارفین کو خوش کرنے کے منتظر ہیں‘‘۔
ڈاکٹر اقبال ملک اعزاز سے سرفرار
راجوری// غیر معمولی کوڈ مینجمنٹ کے کام کو سراہتے ہوئے بلاک میڈیکل آفیسر کنڈی ڈاکٹر اقبال ملک کو یو ٹی حکومت نے اعزاز سے نوازا ہے۔ڈاکٹر اقبال ملک کو مالیاتی کمشنر ہیلتھ اینڈ میڈیکل ایجوکیشن اٹل دلو نے کورونا وبائی مرض کے وقت ان کی بے لوث خدمات کے اعتراف میں ایوارڈ کم سرٹیفکیٹ سے نوازا ہے۔ڈلو نے اپنے تعریفی خط میں کہا "آپ نے جو کچھ بھی کیا اس کے لئے آپ کا شکریہ۔ آپ اس یوٹی کے حقیقی ہیرو ہیں اور ہم ان مشکل وقتوں میں ہر جان بچانے کی ہر کوشش کی قدر کرتے ہیں۔ آپ کی ہمت اور طاقت کی بہت تعریف کی جاتی ہے" ۔
گھروٹ اے میں پانی کی شدید قلت
کوٹرنکہ//محمد بشارت //کوٹرنکہ بلاک کے پنچایت حلقہ گھروٹ اے کی وارڈ نمبر 6 موڑا ٹونڈ میں پینے کے پانی کی شدید قلت کی وجہ سے لوگوں کو پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہاہے۔ مقامی نو جوانوں نے محکمہ جل شکتی کے خلاف غم و غصہ ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ متعلقہ محکمہ کی لاپرواہی کی وجہ سے انہیں شدید پانی کی قلت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ محمد حنیف نے بتایا کہ پایپوں میں سے پانی کا اخراج ہورہا ہے اور محکمہ مرمت کرنے کی زحمت گوارا نہیں کرتا۔ انہوں نے ڈی سی راجوری سے مطالبہ کیاکہ علاقہ میں پانی کی سپلائی کو یقینی بحال کیا جائے۔
شبیر خان کا کاکوراعلاقہ کا دورہ
منجاکوٹ//پرویز خان//تحصیل منجا کوٹ کے کاکورا علاقہ میں وائس چیئر مین ڈی ڈی سی راجوری نے دورہ کرکے لوگوں کے مسائل سنیں۔لوگوں نے شبیر احمد خان کے ساتھ اپنا مسائل اٹھائے جن میں بجلی، پانی، روڈ اور دیگر اہم معاملات بھی شامل تھے ۔شبیر احمد خان نے لوگوں کو یقین دلایا کہ آپ کے تمام مسائل کو جلد ہی حل کروایا جائے گا ۔
بھدرواہ کے لاپتہ نوجوان سرینگر سے ملے
ڈوڈہ//سرینگر پولیس نے بھدرواہ کے لاپتہ ہوئے دو نوجوانوں کو بازیاب کرلیا ہے۔ڈوڈہ پولیس سے اطلاع ملنے پر سرینگر پولیس نے دو نوجوان لڑکوں جن کی شناخت بلال احمد میر ولد نذیر احمد میر ساکن ڈلوری سونو گندووہ ڈوڈا اور شیزن احمد میر ولد محمد عباس میر ساکن کوٹا گندوہ ڈوڈہ جو کہ4 1مارچ 2021 کو بھدروہ سے لاپتہ تھے، اور شاید سرینگر کی طرف گئے۔سرینگر پولیس نے یہ اطلاع موصول ہونے پر تفتیش شروع کر دی اور مذکورہ لڑکوں کی معلومات کو متعلقہ پولیس اسٹیشن سے مزید تفصیلات بر آمد کی ۔سرینگر پولیس جدیدتکنیکی مہارت سے دونوں لڑکوں کو نہروپارک علاقے سے ڈھونڈ نکالنے میں کامیاب ہوئی ۔متعلقہ پولیس اسٹیشن میں قانونی لوازمات کے بعد دونوں لڑکوں کو ڈوڈا پولیس کے حوالے کردیا گیا ہے۔
جموں کشمیر میں’ پولٹیکل کرپشن ‘اعلیٰ سطح پر: ہر ش دیو سنگھ
جموں//نیشنل پنتھرس پارٹی کے چیرمین ہرش دیو سنگھ نے کہا ہے کہ جموں کشمیر میں پولٹیکل کرپشن اعلیٰ سطح پر پہنچ گیا ہے جہاں پر بی جے پی کے لیڈران کو اسٹیٹس، کوٹھیاں اور حفاظتی بندوبست فراہم کیا جارہاہے اور دیگر پارٹیوں کے سابق ایم ایل اے ، ایم ایل سی اور لیڈران کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک روارکھا جارہا ہے ۔جموں میں نیشنل پنتھرس پارٹی کے چیرمین ہرش دیو سنگھ نے اپنے ساتھیوں سمیت احتجاج کرتے ہوئے جموں کشمیر انتظامیہ پر الزام لگایا ہے کہ بی جے پی کے لیڈران جوکہ کبھی بھی کسی عہدے پر انتخا ب جیتنے کے اہل نہیں ہے کو مراعات سے نوازا جارہا ہے جنہیں اسٹیٹس ، کوٹھیاں اور حفاظتی بندوبست فراہم کیا جارہا ہے جبکہ دیگر پارٹیوں سے وابستہ بڑے لیڈران ، سابق ایم ایل اے اور سابق ایم ایل سیز کو نظر انداز کیاجارہا ہے ۔ ہرش دیو سنگھ نے کہا ہے کہ جموںکشمیر میں پولٹیکل کرپشن اپنے اعلیٰ مقام پر پہنچ گیا ہے جہاں مرکز میں اقتدار میں رہنے والی سرکار کے عام کارکن بھی اپنا حکم چلاتا ہے ۔
گول میں نیشنل کانفرنس کا اجلاس
گول// زاہد بشیر// گول میں نیشنل کانفرنس کا ایک اجلاس زیر صدارت ضلع ڈی ڈی سی چیر پرسن و ضلع صدر رام بن ڈاکٹر شمشادہ شا ن منعقد ہوا جس میں سب ڈویژن گول کے پارٹی لیڈران و ووکران نے حصہ لیا ۔ ڈاک بنگلہ گول میں منعقدہ اس اجلاس میں مقررین نے پارٹی کو زمینی سطح پر زور دیتے ہوئے کہا کہ گول میں سالہا سال سے ترقیاتی کاموں پر بریک لگی ہوئی ہے اور گوم سب ڈویژن میں تیس سے زائد محکمہ جات کام کر رہے ہیں لیکن اس کے با وجود لوگ بنیادی مسائل سے جوجھ رہے ہیں ۔ مقررین نے اس موقعہ پر ڈگری کالج پر رکی تعمیر ، سب ضلع ہسپتال گول کی خستہ حالت ، اسکولوں میں اسٹاف کی کمی ،سڑکوں کی حالت ابتر ، سالہا سال سے لوگ معاوضوں سے محرو م ہیں وغیر مسائل اُبھارے گئے ۔اس موقعہ پر ڈی ڈی سی چیر پرسن ضلع رام بن ڈاکٹر شمشادہ شان نے کہا کہ پارٹی کو زمینی سطح پر مضبوط کرنا ہو گا اور ڈی ڈی سی چیر پرسن بننے کے بعد ابھی تک اختیارات نہیں ملے ہیں اور جلد عوامی مسائل حل ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ ضلع کے تمام مسائل منجملہ گول کے موجودہ مسائل کو لے کر ضلع انتظامیہ اور گورنر سے بھی بات کریں گے اور جلد ان مسائل کو حل کریں گے۔