سانبہ سیکٹر میں ایک بار پھر پاکستانی ڈرون کی نقل و حرکت
جموں//جموں میں بین الاقوامی سرحد پر سانبہ میں پاکستانی ڈرون کی نقل و حرکت دیکھنے کے بعد سیکورٹی فورسز نے سرحد کے قریب جنگلات میںتلاشی آپریشن کیا ۔سنیچر کی درمیانی شب دیر گئے بین الاقوامی سرحدوں پر سانبہ سیکٹر میں بی ایس ایف نے پاکستانی ڈرون کی نقل و حرکت دیکھی ۔ ڈرون کچھ منٹوں تک اس پار سرحد کے قریب چکر لگاتے ہوئے دیکھا گیا جس کے بعد بی ایس ایف نے جائے واردات پر پہنچ کر حالات کا جائیزہ لیا تاہم اس دوران ڈرون واپس چلا گیا ۔ خیال رہے کہ دو دن قبل پاکستانی ڈرون نے سانبہ سیکٹر میںہی ایک اے کے 47رائفل اور دیگر اسلحہ گرایا تھا ، جس کے بعد سیکورٹی فورسز نے اسلحہ کو اپنی تحویل میںلیا ۔
کووِڈ- 19ٹیکوں کی قلت پر نیشنل کانفرنس کوتشویش
سرینگر// نیشنل کانفرنس نے کورونا مخالف ٹیکوں کی قلت پر زبردست تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک طرف حکومت کورونا کیخلاف جنگ کے بلند بانگ دعوے کررہی ہیں لیکن دوسری جانب کہیں ویکسین ہی دستیاب نہیں ہیں۔ پارٹی کے صوبائی صدر ناصر اسلم وانی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ دنیا بھر میں کورونا کیخلاف جنگ میں ویکسینوں کو کلیدی ہتھیار قرار دیا گیا ہے اور انتہائی سرعت کیساتھ لوگوں کی ٹیکہ کاری کا سلسلہ جاری ہے لیکن یہاں انتظامیہ کافی بلند بانگ دعوے کررہی ہیں اور عوام کو کووِڈ مخالف ٹیکہ لینے کیلئے کہا جارہا ہے لیکن زمینی سطح پر کہیں ویکسین دستیاب ہی نہیں۔ جن لوگوں نے پہلا ٹیکہ لگایا ہے ،وہ دوسرے ٹیکے کیلئے رجسٹریشن سے قاصر ہیں اور بیشتر لوگ پہلے ٹیکے کیلئے بھی ترس رہے ہیں۔ ناصر اسلم وانی نے حکومت پر زور دیا کہ ویکسین کی دستیابی کو یقینی بنانے کیلئے ٹھوس اور کارگر اقدامات کئے جائیں اور آن لائن رجسٹریشن جیسے مشکل مراحل کا خاتمہ کرکے براہ راست ٹیکہ کاری کی جائے کیونکہ بہت ساری آبادی ایسی ہے جن کو سمارٹ موبائل فونوں اور انٹرنیٹ تک رسائی حاصل نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب ویکسین دستیاب تھے اُن دنوں محدود سینٹروں کی وجہ سے ٹیکہ کاری کیلئے لمبی لمبی قطاریں دیکھنے کو ملیں۔ اس لئے ضروری ہے کہ مزید ویکسینشن سینٹروں کا قیام عمل میں لایا جائے اور دوردراز و پہاڑی علاقوں میں میڈیکل ٹیمیں بھیج کر لوگوں کی ٹیکہ کاری کی جائے۔ ناصر اسلم وانی نے ویکسینوں کی قلت کا معاملہ صوبائی کمشنر شری پی کے پولے کیساتھ بھی اُٹھایا اور اُن پر زور دیا کہ ویکسینوں کی آسان دستیابی اور مزید سینٹروں کے قیام کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں۔ صوبائی کمشنر نے انہیں یقین دہانی کرائی کہ 24گھنٹوں کے اندر ویکسینوں کی آسان دستیابی یقینی بنائی جائے گی اور لوگوں کی ٹیکہ کاری میں سرعت لائی جائے گی۔
ترال سب ضلع اسپتال کی ناگفتہ بہہ حالت پراپنی پارٹی کوتشویش
سرینگر//سابق وزیر اور اپنی پارٹی کے سینئر نائب صدر غلام حسن میر نے جاری کووِڈ 19 بحران کے حوالے سے سب ضلع اسپتال ترال کی خستہ حالت پر گہری تشویش ظاہر کی ہے۔ ایک بیان میں غلام حسن میر نے کہاکہ اُنہیں کووِڈ مریضوں کے افرادخانہ سے متعدد فون کالز موصول ہوئی ہیں، جس میں سب ضلع اسپتال ترال کی خستہ حالت کی شکایا کی گئی۔ انہوں نے کہا،’’سب ضلع اسپتال ترال کی حالت ناگفتہ بہہ ہے، مریضوں کے ساتھ طبی تال میل درست نہیں جبکہ مریضوں کی تعداد بڑھتی جارہی ہے۔ بستروں، آکسیجن اور حیات بخش ادویات کی کمی ہے۔ زمینی صورتحال تشویش کن ہے اور یہ بدسے بدتر ہوجائے گی، اگر انتظامیہ نے اس مسئلہ کو سنجیدگی سے نہ لیا‘‘۔ انہوں نے انتظامیہ سے اپیل کی کہ سب ضلع اسپتال ترال کی صورتحال کا فوری نوٹس لیکر وہاں پر مطلوبہ طبی سپلائیز اور آکسیجن کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت اِس بات کو یقینی بنائے کہ سب ضلع اسپتال ترال میں حیات بخش ادویات اور آکسیجن سپلائی ہورہاہے اور وہاں پر دستیاب بستروں کی تعداد بھی بتائی جائے تاکہ لوگوں کو اِس مشکل گھڑی میں مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
فصلوں کی بیمہ پالیسی پرعمل آوری لازمی: تاریگامی
سری نگر //وادی میں شدید بارشوں اورژالہ باری سے متاثرہ کسانوں اور باغ مالکان کے لئے فوری امداداور فصلوں کا بیمہ کرانے کی پالیسی پر عمل آوری کا مطالبہ کرتے ہوئے سی پی آئی (ایم) کے رہنما یوسف تاریگامی نے کہا کہ اننت ناگ ، کولگام ، بارہمولہ ،کپواڑہ اور وادی کے دیگر حصوں میں شدید بارشوں اور ژالہ باری سے کسانوں اور باغ مالکان کو زبردست نقصان پہنچا ہے۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ حکومت کواننت ناگ ،کولگام ، بارہمولہ کپواڑہ اور وادی کے دیگر علاقوں میں متاثرہ کسانوں ، باغ مالکان کو ہونے والے نقصانات کافوری طور اندازہ لگانا چاہئے تاکہ باغ مالکان اور کسانوں کو بروقت معاوضہ فراہم کیا جاسکے۔ گذشتہ دو سالوں سے کشمیر میں باغبانی کی صنعت کو موسم کی خرابی اور دیگر وجوہات سے بڑے پیمانے پر نقصان اٹھانا پڑا ہے جس سے باغبانی کے شعبے سے وابستہ افراد کی بقا ء خطرے میں پڑ گئی ۔تاریگامی نے خطے میں فصلوں کی انشورنس اسکیم (CIS) کو لاگو کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے سرکار سے مانگ کی کہ چھوٹے کسانوں اور باغ مالکان جن کی فصلوں کو نقصان پہنچا ہے ،کے سی سی اور دیگر زرعی قرضوں کو یک بار معاف کیا جائے۔ چونکہ یہ خطہ قدرتی آفات کا شکار ہے اس لئے فصلوں کی انشورنس اسکیم پر عمل آوری سے متاثرہ کسانوں اور باغ مالکان کو کچھ راحت مل سکتی ہے۔
پادشاہی باغ کا مصور رہاکیاگیا
سرینگر// پولیس نے شہر کے پادشاہی باغ سے تعلق رکھنے والے32برس کے مصور مدثر گل کو24گھنٹوں تک حراست میں رکھنے کے بعد اتوار کو رہا کیا۔ پولیس نے ہفتہ کو مدثر گل کو،فلسطین کے حق میں مقامی پل پر نعرے تحریر کرنے کی پاداش میں حراست میں لیاتھا۔سیاسی جماعتوں نے اس کارروائی کو غیر ضروری قرار دیا تھا۔ پولیس نے اس دوران اتوار کو مد ثر کو رہا کیا۔ مقامی لوگوں کے مطابق علاقے میں مزید قریب17نوجوانوں کو بھی پولیس نے حراست میں لیا تھا،جنہیں بھی اتوار کو رہا کیا گیا۔
ضلع اسپتال گاندربل میں وینٹی لیٹر ٹیکنیشن نہیں
ارشاداحمد
گاندربل//گاندربل کے ضلع اسپتال میں وینٹی لیٹروں کے چلانے کیلئے ماہر ٹیکنیشن دستیاب نہ ہونے کی وجہ سے کووِڈ- 19سے متاثر لوگوں کی زندگی کو خطرہ ہے۔گزشتہ ہفتے وسن گاندربل کی 45 سالہ خاتون اور کمبے محلہ واکورہ کے مقامی 50 سالہ شہری کی موت واقع ہوگئی۔ دونوں خاندانوں کے اہل خانہ نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ ڈسٹرکٹ ہسپتال گاندربل میں اگرچہ 12 وینٹی لیٹر نصب کئے گئے ہیں تاہم ان کو چلانے کے لئے ماہر ٹیکنیشن دستیاب نہ ہونے سے ہسپتال میں داخل کوڈ – 19 سے متاثر افراد کازندہ نکلنا ناممکن ہے۔ .واکورہ کے فوت شدہ شہری کے رشتہ دار نے بتایا کہ نہ ہی اسپتال میں مریض کی آکسیجن سطح پوری رہتی ہے اور نہ ہی کوئی اُس کا معائنہ کرنے آتا ہے،جس کے سبب وہاں مریضوں کی موت واقع ہوتی ہے۔ اس سلسلے میں چیف میڈیکل آفیسر گاندربل ڈاکٹر معراج الدین نے بتایا کہ ہم نے کچھ ڈاکٹروں کو ہی وینٹی لیٹر چلانے کی تربیت دی ہے جب تک ماہر ٹیکنشن میسر ہونگے۔ ادھر ضلع انتظامیہ نے گاندربل کے مختلف علاقوں سے منسلک 39 دیہات ریڈ زون قرار دیئے ہیں۔
مونبل کپوارہ میںریچھ نے شہری کو لہولہان کیا
کپوارہ//اشرف چراغ // مونبل کپوارہ میں ریچھ نے ایک شہری پر حملہ کر کے اُ سے شدید زخمی کر دیا جسے علاج و معالجہ کیلئے اسپتال میں داخل کر دیاگیاہے۔معلوم ہوا ہے کہ اتوار کے روز بعد دوپہرمونبل ماور میں ایک قوی الجثہ ریچھ نمودارہوا اور وہاں ایک 36 سالہ شہری شریف الدین کھٹانہ پر حملہ کر کے اُ سے لہو لہان کر دیا۔مقامی لوگوں نے شریف الدین کو مقامی اسپتال میں علاج و معالجہ کے لئے داخل کیا جہاں اس کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ مونبل علاقہ میں ریچھوں کے ایک جھنڈ نے لوگوں کا جینا حرام کر دیا ہے جس کی وجہ علاقہ میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔ لوگوں نے جنگلی حیات محکمہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ریچھوں کو پکڑنے کیلئے ضروری اقدامات کریں۔
جموں اور کشمیرمیں کووِڈ ٹیکوں کی یکساں سپلائی کا پیپلزکانفرنس کا مطالبہ
سرینگر//پیپلزکانفرنس نے کووِڈ ٹیکوں کی سپلائی میں جموں خطے کو کشمیرپر ترجیح دینے کا الزام عائد کرتے ہوئے دونوں خطوں میں کووِڈ ٹیکوں کی یکساں سپلائی کا مطالبہ کیا ہے۔پارٹی نے ٹیکوں کی قلت پرفکرمندی کااظہار کیاتے ہوئے مزیدکہا کہ اگر اس کافوری طور تدارک نہیں کیاگیاتوٹیکوں کی قلت سے لاکھوں لوگوں کی جان دائو پرلگ جائے گی۔سابق وزیراور پیپلزکانفرنس کے جنرل سیکریٹری عمران رضا انصاری نے ایک بیان میں وادی بھر کے طبی مراکزپر کووِڈ – 19ٹیکوں کی قلت کواُجاگر کرتے ہوئے کہا کہ متعدد ٹیکہ کاری مراکزکو کووِڈ ٹیکوں کی قلت کی وجہ سے اطلاعات کے مطابق بند کردیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ جموں کشمیرکی آبادی کورونا ٹیکہ کاری کی سست رفتاری پربرہم ہے اور زیادہ خطرے والے گروپوں کے لوگ تحفظ کیلئے چیختے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ویکسین ہی اس وباء کے خلاف دستیاب ایک ہتھیار ہے اورآبادی کو اس سے وباء کے بدترین ایام میں محروم رکھنا قابل مذمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ وادی میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران صرف208ویکسین لگائے گئے جبکہ جموں میں گزشتہ48گھنٹوں کے دوران 20ہزار لوگوں کو ٹیکہ لگایا گیا۔انہوں نے کہا کہ ہم ہرخطے کے لوگوں کیلئے فکرمندہیں لیکن عالمگیر وباء کے دوران ایک خطے کوترجیح دینااور دوسرے کو محروم رکھنا قابل افسوس ہے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ ویکسینوں کی سپلائی میں یکسانیت لائی جائے ۔انہوں نے مزیدکہا کہ قیمتی انسانی جانیں وباء کی نظر ہورہی ہیں اور ویکسین کی قلت اس میں مزیداضافہ کرتی ہے۔ انصاری نے ایل جی انتظامیہ کومشورہ دیا کہ وہ دوسری ریاستوں سے سبق حاصل کریں اور ٹیکوں کے حصول کیلئے عالمی سطح کے ٹینڈر اجراء کریں۔انہوں نے کہا کہ ماہرین نے تیسری لہر کاانتباہ جاری کیا ہے اوراس سے بچنے کاایک ہی طریقہ ٹیکہ کاری ہے۔
پولیس نے17لڑکے والدین کے حوالے کئے
سرینگر//عوام اور پولیس کے درمیان تعلقات کو مضبوط کرنے اور کمسن لڑکوں کو مین اسٹریم میں واپس لانے کی پہل کے تحت سرینگر پولیس نے17لڑکوں کو کونسلنگ کے بعد اپنے گھروالوں کے حوالے کیا۔ایک بیان کے مطابق سرینگر کے پولیس سربراہ سندیپ چودھری نے بھٹکے نوجوانوں کے گھروالوں کے ساتھ کونسلنگ اور تبادلہ خیال کے ایک سیشن کے دوران اُن پر زوردیا کہ وہ اپنے بچوں کی نگرانی کریں اور ان کی سرگرمیوں اوررویے پر نظر رکھیں۔ان نوجوان لڑکوں کی مناسب کونسلنگ کی گئی اور انہیں صلاح دی گئی کہ وہ اپنی تعلیم اور پیشہ ورانہ کام پر توجہ مرکوزرکھیںاوراپنی توانائی کو مثبت سمت میں استعمال کریں۔ان نوجوانوں اور ان کے گھروالوں نے پولیس کی اس پہل کی ستائش کی اور تسلیم کیا کہ ذمہ دار شہری ہونے کے ناطے ان کی کچھ ذمہ داریاں ہیں۔نوجوانوں کے والدین نے پولیس کو یقین دلایا کہ وہ اپنے بچوں کو مثبت سمت میں رہنمائی کریں گے اور وہ ان سرگرمیوں میں ملوث نہیں ہوں گے جوخلاف قانون ہو۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ ان لڑکوں کو کورنا کرفیوکے دوران دفعہ51کی خلاف ورزی کرتے ہوئے احتجاجوں میں شرکت کرنے کی بناپر گرفتار کیاگیاتھا۔
سٹوڈنٹس ایسو سی ایشن کی امدادی کارروائی
بانڈی پورہ کے 120کنبو ں میں خوراک کے کٹ تقسیم
سرینگر//جموں وکشمیر سٹوڈنٹس ایسو سی ایشن نے ضلع ایڈ منسٹریشن کے اشتراک سے شمالی کشمیر کے ضلع بانڈی پورہ کے 120مالی اعتبار سے کمزور کنبوں میں خوراک کٹ تقسیم کئے ہیں۔ایسو سی ایشن کے ترجمان کے مطابق فی کٹ1100 روپے کا ساز وسامان جس میں آٹا، نمک، نمکین چائے، لپٹن چائے، چاول، ہلدی، مرچ، کھانڈ، صابن وغیرہ شامل ہیں۔ترجمان کھویہامی نے ضلع انتظامیہ بانڈی پورہ اور اماتونسا کیر فائونڈیشن کا اس تقسیم کاری میں مدد کے لئے شکریہ ادا کیا ہے۔ ایسو سی ایشن کے سوشل میڈیا کے ترجمان نے بتایا کہ 120 کنبوں کی نشاندہی مقامی کمیونٹی نے کی تھی۔
کووڈ19کے خاتمے کیلئے خصوصی دعائوں کا اہتمام کیا جائے: مولانا ہمدانی
سرینگر//جمعیت ہمدانیہ کے سربراہ مولانا ریاض احمد ہمدانی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ عالمگیر وباء کے بڑھتے ہوئے رجحان کے پیش نظر اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں توبہ و استغفار کے ساتھ ساتھ قرآن کریم کی تلاوت اور عاجزی و انکساری کے ساتھ دعائوں کا اہتمام کریں۔انہوں نے عوام سے یہ گذارش بھی کی کہ رہنما خطوط پر سختی سے عمل کریں۔ انہوں نے انتظامیہ سے اپیل کی کہ لاک ڈائون کے دوران عوام کو اشیائے خوردنی اور ضروری خدمات میسر رکھیں۔ ادھر جمعیت کے سابق جنرل سیکریٹری میر بشیر احمد کنٹھ کی فاتحہ خوانی پر اُن کے آبائی مقبرہ پر خراج عقیدت پیش کیا گیاجبکہ تنظیم کے صوبائی صدر پیرزادہ محمد یاسین نے مرحوم بشیر احمد کے فرزند اعجاز احمد کنٹھ کی دستار بندی کی۔
ڈاکٹر فاروق عبداللہ کا ممتا بنرجی کے ساتھ اظہارِ تعزیت
سرینگر//نیشنل کانفرنس صدر و رکن پارلیمان ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بینرجی کے برادرِ اصغر کی وفات پر گہرے صدمے کا اظہار کرتے ہوئے جملہ سوگواران خصوصاً ممتا بینرجی کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا ہے اور آنجہانی کی آتما کی شانتی کیلئے دعا کی ہے۔ انہوں نے آنجہانی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہمیشہ لوگوں کی خدمت اور فلاحی کاموں میں مصروف رہتے تھے ۔پارٹی کے نائب صدر عمر عبداللہ اور اراکین پارلیمان محمد اکبر لون اور حسنین مسعودی نے بھی ممتا بینرجی کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا ہے ا ور آنجہانی کی آتما کی شانتی کیلئے دعا کی۔