راجوری ضلع میں 2کوو ڈ مریضوں کی موت | 155مزید افراد کے کوروناٹیسٹ مثبت آئے
سمت بھارگو
راجوری //سرحدی ضلع راجوری میں جمعہ کے روز 2مزید افراد کی مو ت واقعہ ہوگئی ہے جبکہ اس دوران ضلع کے مختلف علا قوں میں کئے گئے کووڈ ٹیسٹوں کے دوران مزید 155افراد کے ٹیسٹ مثبت آئے ہیں تاہم دوسری جانب ضلع میں کووڈ معاملات کی شرح میں لگاتار کمی واقعہ ہو ئی ہے جبکہ حالیہ کئی دنوں سے ضلع میں کووڈ معاملات کی کم تعداد درج کی جارہی ہے ۔سرکار ی ذرائع نے بتایا کہ سندر بنی سے ایک 80سالہ خاتون جو کہ میڈیکل کالج میں زیر علاج تھی ،دم توڑ بیٹھی جبکہ اسی طرح گھریلو قرنطینہ میں کالا کوٹ کی ایک خاتون کی بھی جمعہ کے روز موت واقعہ ہو گئی ہے ۔ایڈ یشنل ڈپٹی کمشنر راجوری نے بتایا کہ ضلع بھر میں محکمہ کی جانب سے کی گئی ٹیسٹنگ کے دوران 155نئے معاملات سامنے آئے ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ مذکورہ معاملات میں سے راجوری سے 42،درہال سے 37،کالا کوٹ سے 22،سندر بنی سے 20کوٹرنکہ سے 17اور نوشہرہ میں سے بھی 17معاملا ت سامنے آئے ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ ضلع میں کووڈ سے ایک دن میں صحتیاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 223ہے جبکہ اس سے قبل جمعرات کو 139افراد صحتیاب ہوئے تھے ۔ڈاکٹر جاوید چوہدری نے بتایا کہ راجوری ہسپتال سے 15مریضوں کو چھٹی دی گئی۔
کوٹر نکہ اور بدھل میں صارفین بینک خدمات سے محروم
محمد بشارت
کوٹرنکہ //سب ڈویژن کوٹرنکہ کے مختلف مقامات پر صارفین بینک خدمات سے محروم ہو گئے ہیں جس کی وجہ سے اس مشکل وقت میں ان کو شدیدمشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔صارفین نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ کووڈ کے دوران تمام بینک شاخیں بند ہیں جبکہ کوٹرنکہ اور بدھل میں نصب کردہ اے ٹی ایم مشینوں میں پیسے ہی نہیں ہیں ۔انہوں نے کہاکہ اس وقت کووڈ کے پھیلائو کو کم کرنے کیلئے سخت بندشیں عائد کی گئی ہیں تاہم انتظامیہ کی جانب سے صارفین کیلئے ضروری خدمات بحال ہی نہیں رکھی گئی ہیں ۔انہوں نے کہاکہ اس مشکل وقت میں 70فیصد صارفین اپنے پیسے اے ٹی ایم مشینوں سے حاصل کرتے ہیں تاہم اے ٹی ایم مشینوں میں مذکورہ خدمات میسر ہی نہیں ہیں ۔سرپنچ پنچایت حلقہ کوٹرنکہ نے بتایا کہ جہاں اے ٹی ایم مشینوں میں پیسے ختم ہوگئے ہیں وہائیں لوگوں کے پاس ضروری ساز و سامان خریدنے کیلئے بھی پیسے نہیں ہیں ۔صارفین و پنچایتی اراکین نے جموں وکشمیر انتظامیہ کیساتھ ساتھ ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ اے ٹی ایم مشینوں میں پیسے دستیاب رکھے جائیں تاکہ ان کو مشکل وقت میں سہولیات میسر ہوسکیں ۔
مڈل سکول درہ میں طبی کیمپ کا انعقاد
عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی // تھنہ منڈی کے دور دراز پہاڑی علاقے درہ میں لوگوں کو کووڈ ویکسین دینے کیلئے ایک کیمپ کا اہتمام کیا گیا ۔اس کیمپ کے دوران 45برس سے زائد عمر کے افراد کو کووڈ ویکسین دی گئی ۔متعلقہ حکام نے بتایا کہ ہسپتالوں کی لمبی قطاروں سے بچنے اور شہر کے قلب میں ویکسی نیشن سہولت دستیاب کروانے کی غرض سے مڈل سکول درہ میں ویکسی نیشن کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔ اس مہم میں محکمہ صحت ، آنگن وارڈی ورکرز اور محکمہ تعلیم کے اہلکاروں نے حصہ لیا۔ایس ڈی ایم کے حکم پر بلاک میڈیکل آفیسر کی نگرانی میں چلنے والی اس مہم کے تحت قصبہ تھنہ منڈی اور مضافات کے کئی علاقوں کے لوگوں کی ویکسی نیشن جاری ہے۔ سوشل میڈیا اور مساجد میں اعلانات کے ذریعے لوگوں کو اس بابت اطلاع دی جا رہی ہے۔واضح رہے کہ مذکورہ گاؤں کے سرپنچ عقیل احمد نے کہا ہے کہ اگر کوئی بیماری آپ کی صحت پر اثر کرتی ہے تو اس کیلئے بچاؤ ضروری ہے لہٰذا اس سلسلے میں ویکسی نیشن از حد ضروری ہے۔ انھوں نے ہیلتھ محکمہ کا شکریہ ادا کیا جنھوں نے لوگوں کی سہولت کیلئے اس طرح کے کیمپ کا انعقاد کیا گیا ہے۔
ایڈیشنل ایس پی نوشہرہ نے چارج سنبھالا
نوشہرہ //امت ورما نے بطور ایڈیشنل ایس پی نوشہرہ اپنا چارج سنبھالا جبکہ آفیسر موصوف نے گردری لعل کی جگہ لی ہے ۔حالیہ دنوں میں جموں وکشمیر ہوم ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے امت ورما کو تبدیل کر کے نوشہرہ میں ایڈیشنل ایس پی تعینات کیا گیا تھا ۔تعیناتی کے بعد جمعہ کو آفیسر موصوف نوشہرہ سب ڈویژنل ہیڈ کوارٹر پہنچے اور اپنا چارج سنبھالا۔اس کے بعد آفیسر موصوف نے پولیس آفیسران کیساتھ ایک اجلاس منعقد کیا اورنوشہرہ میں جرائم و دیگر صورتحال کا جائزہ لیا ۔
راجوری پونچھ میں ’یوم انسداد دہشت گردی‘منایا گیا
؎راجوری //سرحدی ضلع راجوری اور پونچھ میں متعدد مقامات پر ’یوم انسداد دہشت گردی‘کے سلسلہ میں پروگرام منعقد کئے گئے ۔ان پروگراموں میں پولیس اور سیول انتظامیہ کے اعلیٰ آفیسران و ملازمین نے شرکت کی ۔راجوری ضلع میں ضلع انتظامیہ کے کمپلیکس کیساتھ ساتھ ضلع پولیس لائن اور پولیس سٹیشنوں و پولیس پوسٹوں میں پروگرام منعقد کئے گئے جن کے دوران دہشت گردی کو ختم کرنے کیلئے عزم بھی کیا گیا ۔اسی طرح پونچھ ضلع کے متعد د پولیس سٹیشنوں اور پولیس پوسٹوں میں اس نوعیت کے پروگرام منعقد کئے گئے جن میں آفیسران و پولیس اہلکاروں نے بھی شرکت کی اور دہشت گردی کو ختم کرنے کا عزم کیا گیا ۔
کانگریس کارکنوں نے راشن کٹ تقسیم کئے
راجوری //کانگریس پارٹی کارکنوں کی جانب سے کووڈ کے دوران راجیو گاندھی کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے غریبوں میں راشن ودیگر ضروری اشیاء تقسیم کیں ۔کارکنوں کی جانب سے اس سلسلہ میں گور نمنٹ میڈیکل کالج راجوری میں ایک پروگرام کا اہتمام کیا گیا جس میں کارکنوں نے بڑی تعداد نے شرکت کی ۔کانگریس پارٹی کے سنیئر لیڈر اور ضلع صدر راجوری شبیر احمد خان کی قیادت میں کارکنوں نے جمع ہوتے ہوئے سابقہ وزیر اعظم کو شاندار خراج عقید پیش کیا ۔پارٹی لیڈران نے اس موقعہ پر بولتے ہوئے کہاکہ مرحوم وزیر اعظم اپنے دور کے کامیاب ترین لیڈر اور وزیر اعظم تھے جنہوں نے ملکی تعمیر وترقی کیلئے کئی ایک اہم اقدامات اٹھائے ہیں ۔اس دوران کانگریس پارٹی کارکنوں نے راشن کٹ ودیگر اشیاء بھی تقسیم کیں ۔اس موقعہ پر خرشید میر ،سشیل شرما ،وجے گورو ،راجیش گپتا ،انیل چوپڑہ ،محمد اعظم ،مولوی بشیر ،مشتاق احمد ودیگران بھی موجود تھے ۔
پونچھ میں کووڈ کے59نئے کیس،01 موت
حسین محتشم
پونچھ // ضلع پونچھ میںبدھوار کووڈ 19 کے59 نئے مثبت معاملات سامنے آئے ہیں جبکہ اس دوران01فرد کی کوڈ19کی وجہ سے موت بھی واقع ہوئی ہے۔نوڈل آفسر کوڈ 19ضلع پونچھ زمود احمد کی جانب سے ملی جانکاری کے مطابق ضلع پونچھ میں پچھلے چوبیس گھنٹو ںکے دوران59 نئے مثبت معاملات سامنے آئے ہیں۔جن میں 15افراد کا تعلق حویلی سے،22کا منڈی،09کا سرنکوٹ اور13کا تحصیل مینڈھر سے ہے اس دوران 172افراد صحت یاب ہو کر اپنے گھرو روانہ ہوئے۔ ضلع میں فعال کیسوں کی تعداد1252 ہے ۔نوڈل افسر کوڈ 19زموداحمد نے تمام لوگوں کو احتیاطی تدابیر پر عمل کرنے کے ساتھ ساتھاپنی باری آنے پر ویکسین کے ٹیکے لگانے کی اپیل کی ہے۔