اشتیاق ملک
ڈوڈہ/عام آدمی پارٹی کے صدر اور رکنِ اسمبلی ڈوڈہ مہراج ملک کا راستہ ایک بار پھر پولیس نے ڈاک بنگلہ ٹھاٹھری کے باہر روک دیا، جب وہ کشتواڑ کے راستے سرینگر روانہ ہو رہے تھے۔پولیس ذرائع کے مطابق لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا آج کشتواڑ میں ’’نشہ مکت ابھیان‘‘ کے تحت منعقدہ پیدل یاترا میں شرکت کر رہے ہیں، جس کے پیش نظر مہراج ملک سے صرف ایک سے دو گھنٹے تک رکنے کی درخواست کی گئی۔
تاہم رکنِ اسمبلی ڈوڈہ مہراج ملک نے اس کارروائی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایک طرف انتظامیہ یہ دعویٰ کر رہی ہے کہ ایک وقت میں دو وی آئی پی موومنٹ ممکن نہیں، جبکہ دوسری جانب ان کی سیکورٹی کم کی جا رہی ہے اور پولیس اسکواڈ بھی فراہم نہیں کیا جا رہا۔
انہوں نے پولیس حکام کو بتایا کہ وہ پرامن ماحول میں کشمیر کے دورے پر جا رہے ہیں اور ان کا راستہ روکنا بلاجواز اور غیر آئینی اقدام ہے۔مہراج ملک نے کہا کہ وہ جموں و کشمیر کے باشندے اور عوام کے منتخب نمائندے ہیں، اس کے باوجود انہیں مسلسل روکا جا رہا ہے۔