حدبندی کمیشن میں شرکت کا معاملہ | فیصلہ کرنے کیلئے کمیٹی تشکیل دی جارہی ہے:مسعودی
سرینگر// نیشنل کانفرنس کے پارلیمنٹ ممبران حد بندی کمشن کے متعلق منعقدہ اجلاسوں میں بائیکاٹ کرنے اور پارٹی کے سینئر لیڈران کی جانب سے اس مشق کو غیر قانونی عمل قرار دینے کے بعد اب حدبندی کمشن کے اجلاسوں میں شمولیت کرنے کیلئے انہوں نے ایک کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ نیشنل کانفرنس کے سینئر لیڈر اور ممبر پارلیمنٹ جسٹس حسنین مسعودی نے کے این ایس سے بات کرتے ہوئے کہا کہ این سی نے جمعرات کو ورچوئل موڈ کے ذریعے سنٹرل ورکنگ کمیٹی کا اجلاس طلب کیا تاکہ حدبندی کمیشن کے عمل میں شامل ہونے کے آپشن پر تبادلہ خیال کیا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ ہر ایک لیڈر نے اپنی رائے دی ، کچھ نے حق میں بات کی اور کچھ نے حد بندی کمیشن کا حصہ بننے کی مخالفت کی تاہم بعد میں متفقہ طور پر یہ فیصلہ کیا گیا کہ ڈاکٹر فاروق عبد اللہ اس سلسلے میں کمیٹی تشکیل دینگے جو حد بندی کمیشن کے حوالے سے آئندہ کی کارروائی کا فیصلہ کریں گے۔ اس سے قبل نیشنل کانفرنس حد بندی کمیشن کی مشق کا حصہ بننے کے لئے تیار نہیں تھی اور پارٹی کے سرپرست اعلی ڈاکٹر فاروق عبداللہ سمیت دیگر سینئر لیڈران و موجودہ پارلمنٹ ممبران اس پورے عمل کو غیر قانونی اور غیر آئینی عمل قرار دیں کر یہ کہہ رہے تھے کہ مزکورہ کمشن کے پاس جموں و کشمیر میں پارلیمانی اور اسمبلی حلقوں کو دوبارہ پیش کرنے کا مینڈیٹ نہیں ہے۔تاہم مسعودی نے ایک سوال کے جواب میں کچھ بھی کہنے سے انکار کر دیا کہ میٹنگ کے دوران لیڈران نے کس آپشن کی زیادہ حمایت کی۔کے این ایس کے مطابق نیشنل کانفرنس کے تین لیڈران ڈاکٹرفاروق عبد اللہ ، محمد اکبر لون اور جسٹس حسنین مسعودی نے کبھی بھی حدبندی کمیشن کے اجلاسوں میں شرکت کی حمایت نہیں کی تھی اور مزکورہ تینوں لیڈران نے اس سے قبل اس مشق کو غیر قانونی اور غیر آئینی قرار دیا تھا۔دریں اثنا اس سے قبل این سی کے رکن پارلیمنٹ جسٹس مسعودی نے کے این ایس کو بتایا تھا کہ حد بندی کمیشن کی پوری مشق غیرقانونی ہے جبکہ ممبر پارلیمنٹ نے آرٹیکل 370کی منسوخی اور ریاست جموں و ریاست کو دو مرکزی علاقوں میں تقسیم کرنے کے فیصلے کو بھی غیر قانونی اور غیر آئینی قرار دیا تھا۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ گذشتہ سال مارچ کے مہنے میں جموں کشمیر میں لوک سبھا اور اسمبلی حلقوں کو ازسر نو تشکیل دینے کے لئے حد بندی کمیشن کاقیام عمل میں لایا تھا جبکہ رواں سال ہی مارچ کے مہنے میں کمیشن کی مدت میں توسیع کردی گئی۔
پی ڈی پی کی صوبائی کمیٹی کی آن لائین میٹنگ | لاک ڈائون کی بجائے ویکسی نیشن مہم میں تیزی لانے کی ضرورت:محبوبہ مفتی
سرینگر// پی ڈی پی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے کہا ہے کہ حکومت کو کورونا وائرس کے خطرات کو کم کرنے کے لئے لاک ڈائون پر منحصر رہنے کی بجائے ویکسی نیشن مہم میں تیزی لانی چاہیے ۔اتوار کوپی ڈی پی کے سینئر لیڈران اور عہدیداروں کے ساتھ ایک آن لائن میٹنگ کے بعد اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ لاک ڈائون کی وجہ سے تاجر برادری، سیاحت سے جڑے افراد، ٹرانسپورٹرس، باغبانی سے جڑے لوگ اور یومیہ اجرت پر کام کرنے والے مزدور سخت پریشان ہیں۔انہوں نے ویکسی نیشن مہم کی مبینہ سست رفتاری پر کہاکہ 'ویکسینیشن مہم جس رفتار سے آگے بڑھائی جانی چاہیے نہیں بڑھ رہی ہے ۔ ویکسینیشن مہم برائے نام ہے ۔ آخر کار وبا سے بچائو کا علاج یہی ویکسین ہے ۔ ہم لوگوں کو کب تک کمروں میں بند رکھیں گے ؟'۔ان کا مزید کہنا تھا’آپ کے پاس ہسپتالوں میں آکسیجن کی کمی ہے ۔ مجھے کہیں کہیں سے رپورٹیں موصول ہوئی ہیں کہ ٹیسٹ کٹس موجود نہیں ہیں اور دیہات میں ویکسینین مہم شروع نہیں کی گئی ہے ۔ لاک ڈائون پر منحصر رہنے کی بجائے ویکسینیشن مہم میں تیزی لانا ضروری ہے '۔محبوبہ مفتی نے کہا کہ تاجر برادری، سیاحت سے جڑے لوگ، ٹرانسپورٹرس، باغبانی سے جڑے لوگ اور یومیہ اجرت پر کام کرنے والے مزدور سخت پریشان ہیں۔ ان میں سے بہت سارے لوگ ایسے ہیں جنہوں نے بینکوں سے قرضہ لیا ہے ۔ وہ ماہانہ قسطیں ادا کرنے سے قاصر ہیں۔انہوں نے کہا ’’ہم امید کرتے ہیں کہ سرکار ان کی مشکلات حل کریں گی۔ ان میں سے بعض لوگ ایسے بھی ہیں جو فاقہ کشی کے شکار ہیں۔ ہمارے ہاں 2019 میں بھی کافی عرصے تک لاک ڈائون رہا جس کی وجہ سے لوگوں کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا تھا۔ اب کورونا لاک ڈائون جاری ہے '۔محبوبہ مفتی نے کہا کہ حکومت کو کورونا وائرس سے نمٹنے کے لئے بیچ کا کوئی راستہ اختیار کرنا چاہیے ۔ان کا کہنا تھاکہ یہ یقینی بنایا جانے چاہیے کہ ایس او پیز پر عمل ہو اور لوگ فاقے لگنے سے بچیں۔ لاک ڈائون میں نرمی کی ضرورت ہے تاکہ لوگ اپنا کام بھی کر سکیں'۔محبوبہ مفتی نے کشمیری قیدیوں کی رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ کی ہدایت پر ملک کی جیلوں میں بند قیدیوں کو عارضی طور پر رہا کیا جا رہا ہے ۔تااہم ان کے بقول’'لیکن مجھے سمجھ نہیں آ رہا کہ جموں و کشمیر میں ایسا کیوں نہیں کیا جا رہا ہے ۔ ملک کی مختلف ریاستوں یا جموں و کشمیر کی جیلوں میں بند کشمیری قیدیوں کو بھی رہا کیا جانا چاہیے ‘۔آن لائین میٹنگ میں پارٹی کے نائب صدر اے آر ویری ، جنرل سکریٹری جی این لون ہانجورہ ، ڈاکٹر محبوب بیگ اور نظام الدین بٹ، آغا سید محسن ،فاروق احمد اندرابی ، ظہور احمد میر ، آسیہ نقش ،اعجاز احمد میر ، انجم فاضلی ،ایڈووکیٹ خورشید اقبال شاہ ،باری اندرابی ، محمد افضل وانی ، جلال الدین شاہ ، محمد یٰسین ، محمد عبد اللہ وانی اور دیگر لیڈروں نے شرکت کی۔اجلاس کے آغاز میں ان لوگوں سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا گیاجنہوں نے کوویڈوبا سے اپنے پیاروں کو کھو دیا ہے ۔
چرار شریف میں گاڑی کی ٹکر سے نوجوان لقمہ اجل
روپوش ڈرائیور کی تلاش شروع، کیس درج
بڈگام//ارشاد احمد//پتھلی پورہ چرار شریف میں نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے 25 سالہ موٹرسائیکل سوار ہلاک ہوگیا ۔ پولیس نے روپوش ڈرائیور کی تلاش شروع کردی ہے۔ پولیس کے اعلی حکام نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ پھتلی پورہ میں اتوار کی صبح موٹر سائیکل زیر نمبر JKO4D-3274 کو مخالف سمت سے آرہی نامعلوم گاڑی نے ٹکر ماردی جس کے نتیجے میں موٹرسائیکل سوار مظفر احمد لون ولد عبدالرشید ساکنہ پھتلی پورہ بڈگام شدید زخمی ہوگیا ۔اگرچہ اسے فوری طور پر ایس ایم ایچ ایس اسپتال سرینگر منتقل کر دیا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔پولیس نے قانونی لوازمات مکمل کرکے نعش پسماندگان کے سپرد کرکے کیس زیر نمبر 56/2021 پولیس تھانہ چرارشریف میں درج کرکے نامعلوم گاڑی اور ڈرائیور کی تلاش شروع کردی ہے۔
پرنسپل ڈسٹرکٹ جج کپوارہ اور ڈی سی کا ڈسٹرکٹ جیل کا دورہ
قیدیوں کو فراہم ہونے والی طبی سہولیات کا جائزہ لیا
کپواڑہ //پرنسپل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج تسلیم عارف،جو انڈر ٹرائل ریویو کمیٹی (یو ٹی آر سی) چیئرپرسن بھی ہیں ، نے ڈپٹی کمشنر کپواڑہ امام الدین کے ہمرام ڈسٹرکٹ جیل کپواڑہ کا دورہ کیا اور قیدیوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔ ڈسٹرکٹ جیل کپوارہ کے سپر انٹنڈنٹ نے انہیں جانکاری دی کہ تمامقیدیوں کے ٹیسٹ کئے گئے اور ان میں سے 78کووڈ مثبت پائے گئے ہیں جنہیں الگ رکھا گیا ہے اور کووڈ رہنما خطوط کے مطابق غذا اور طبی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔ تسلیم عارف اور امام الدین نے قیدیوں سے بات چیت کی اور انہیں فراہم کی جانے والی طبی اور دیگر ضروری سہولیات کی فراہمی کے بارے میں جانکاری حاصل کی۔ آکسیجن کنسنٹریٹر اور ماسک، سینیٹائزر اور صابن کی فراہمی کے جیل سپرانٹنڈنت کے مطالبے پر انہوںنے سی ایم او کو ہدایت دی کہ وہ ان چیزوں کی فراہمی کو یقینی بنائیں اور جیل احاطہ میں چھڑکائو کریں۔ تسلیم عارف اور امام الدین کے ہمراہ انچارج چیف میڈیکل آفیسر کپواڑہ عبدالغنی ڈار ، تحصیلدار کپواڑہ ، جاوید احمد اور دیگر مجسٹریٹ شامل تھے۔
کورونا سے بچائو کیلئے لاک ڈائون عارضی حل
مالی خسارے سے دوچار متاثرین کو ریلیف پیکیج دیاجائے:تاجر اتحاد
سرینگر//صنعت کاروں، تاجروں، ٹرانسپورٹروں ، میوہ تاجروں، ہائوس بوٹ و شکارہ مالکان اور تعمیراتی معماروں نے لاک ڈائون کو عارضی حل قرار دیتے ہوئے حکومت سے مانگ کی ہے کہ متاثرین کی مدد کرنے کیلئے سنجیدہ اقدامات کئے جائیں۔ جھیل ڈل میں اتوار کو کشمیر اکنامک الائنس کا اجلاس’’ تجارت کو درپیش نقصانات اور پیش راہ‘‘ کے موضوع پر منعقد ہواجس میں تمام اکائیوں نے شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کشمیر اکنامک الائنس کے چیئرمین محمد یوسف چاپری نے سرکار کی توجہ صنعت کاروں،تاجروں،ٹرانسپوٹروں،میوہ تاجروں، ہاوس بوٹ و شکارہ مالکان اور تعمیراتی معماروں کو ہو رہے نقصانات کی جانب مبذول کروائی۔انہوں نے کہا کہ7ستمبر2014میں تباہ کن سیلاب کے بعدسے ہی تجارت سخت متاثر ہوئی اور آئندہ برسوں کے سیاسی اور کورونا وباہ نے رہی سہی کثر پوری کی۔چاپری نے کہاکہ جموں کشمیر کی اقتصادی صورتحال بحران کی شکار ہوگئی ہے اور معیشت تباہی کے دہانے پر ہے اور اس میں اگر سرکار تاجروں کا ہاتھ تھامنے کیلئے سامنے نہیں آئی تو تجارت اور کاروبار کے کفن میں آخری کیل ٹھوکنے سے کسی بھی طرح بچا نہیں جاسکتا۔الائنس کے شریک چیئرمین فاروق احمد ڈار نے تباہ کن معیشی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سرکار سے مطالبہ کیا کہ وہ چھوٹے تاجروں اور ٹرانسپوٹروں کو خاص طور پر اس صورتحال سے باہر نکالنے کیلئے نقشہ راہ تیار کرے۔ الائنس کے ترجمان اور گڈس ٹرانسپورٹ ایسو سی ایشن کے صدر محمد صدیق رونگہ نے ٹرانسپورٹ شعبے کو ہوئے نقصانات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ اور ماضی کے دوران سب سے زیادہ ٹرانسپورٹ شعبے کو ہی نقصانات کا سامنا کرنا پڑا۔رونگہ نے کہا کہ گزشتہ21 ماہ کے دوران اس شعبے کو قریب6ہزار کروڑ روپے کا خسارہ اٹھانا پڑا اور اب نوبت یہاں تک آن پہنچی ہے کہ ٹرانسپوٹر اپنی گاڑیوں کو فرخت کرکے دو وقت کی روزی روٹی کا بندوبست کرتے ہیں۔ انہوں نے سرکار سے مطالبہ کیا کہ وہ ڈرائیوروں اور کنڈیکٹروں کے لئے خصوصی پیکیج کا اعلان کریں۔ نیو کشمیر فرو ٹ گرورس ایسو سی ایشن کے صدر بشیر احمد بشیر نے بھی ورچیول موڈ میں شرکت کی۔کشمیر ٹریڈرس اینڈ مینو فیکچرس فیڈریشن کے ایک دھڑے کے جنرل سیکریٹری شاہد حسین میر نے دکانداروں کو درپیش مسائل کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے مالی اداروں سے قرضہ حاصل کیا ہے اور نامساعد صورتحال کی وجہ سے وہ ان بنکوں کا قرضہ چکانے میں ناکام ہو رہے ہیں۔انہوں نے سرکار سے بنک قرضوں میں رعایت اور ٹیکسوں میں چھوٹ کا مطالبہ کیا۔ کشمیر ٹریڈرس اینڈ مینو فیکچرس فیڈریشن کے ایک اور دھڑے کے قائمقام چیئرمین محمد رجب کوچھے نے بھی تاجروں کو درپیش معالات کا ازالہ کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے سرکار سے کہا کہ وہ سامنے آکر ان چھوٹے تاجروں کا ہاتھ تھام لے جو موجودہ حالات کے شکار ہوگئے ہیں۔ کشمیر شکارہ ایسو سی ایشن کے صدر حاجی ولی محمد نے کہا کہ اس شعبے کو کافی نقصانات کا سامنا ہے اور سرکار کی جانب سے جو مراعات دی گئیں،وہ ناکافی ہے۔کشمیر ٹریڈرس یونائٹیڈ فورم کے نائب چیئرمین فیاض احمد بٹ نے سرکار کو چھوٹے تاجروں کو ریلیف فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔ کشمیر ہول سیل مٹن ڈیلرس ایسو سی ایشن کے سینئر لیڈر معراج الدین گنائی، کشمیر فلور ملز ایسو سی ایشن کے صدر غلام رسول کانجی،سینٹرل کانٹریکٹرس کارڈی نیشن کمیٹی کے سیکریٹری ارشد احمد بٹ،کے ٹی ایم ایف دھڑے کے نائب صدر حاجی نثار، ٹورسٹ ٹریڈ ہاکرس ایسو سی ایشن کے صدر گلزار احمد، طاہر احمد ڈار،نائب صدر مائسمہ بازار کمیٹی، الطاف حسین ڈار،جنگلات گلی بازار ایسو سی ایشن کے صدر عبدالحمید، معراج الدین خان اور دیگر لوگوں نے بھی شرکت کی۔
کولگام نوجوان کی خود کشی کا معاملہ انتہائی افسوس ناک
سیاسی جماعتوں کا شدید ردعمل، تحقیقات کی مانگ
سرینگر//کولگام میں نوجوان کی خودکشی کے دلبرداشتہ واقعہ پر پی ڈی پی ، اپنی پارٹی، پردیش کانگریس، سی پی آئی ایم ، پیپلز ڈیموکریٹک فرنٹ، سول سوسائٹی فورم نے سخت افسوس کااظہار کرتے ہوئے اس معاملہ کو حکومت کیلئے چشم کشا قرار دیا ہے۔ پیپلز ڈیموکڑیٹک پارٹی صدر و سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے کولگام میں نوجوان نے خود کشی کرنے کے واقعہ پر جموں وکشمیر انتظامیہ کو مورد الزام قرار دے کر کہا کہ ایسے خاندانوں کو انتظامیہ نے اس مصیبت میں ڈال دیا ہے۔ محبوبہ مفتی نے ٹویٹر پر اس نوجوان کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کہا کہ اس نوجوان نے اپنی جان دیتے ہوئے اساتذہ کی تنخواہ سے محرومی کے بعد کے حالات بیان کئے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ جموں و کشمیر انتظامیہ کو اس نوجوان کی موت کیلئے ذمہ داروں کو مورد الزام ٹھہرانا چاہئے۔ انہوں نے اْمید ظاہر کی کہ نئے چیف سیکریٹری انسان پرستی برتاؤ ظاہر دکھائیں گے۔اپنی پارٹی صدر سید محمد الطاف بخاری نے ضلع کولگام میں پیش آئے دلدوز واقعہ ،جس میں 24سالہ نوجوان نے خود کشی کرنے سے قبل ویڈیو پیغا م میں اپنے اہل خانہ کی مشکلات کے تئیں حکومت کی توجہ مبذول کروائی ، کوانتہائی افسوس ناک قرار دیا۔ انہوںنے کہا کہ ایک نوجوانوں نے حکومت ِ وقت کی توجہ اپنے اہل خانہ کی مشکلات کی طرف دلانے کے لئے اپنی قیمتی جان دے دی۔ انہوں نے کہا’’یہ انتہائی گھناؤنہ واقعہ ہے جوکہ اُن کنبہ جات کے ذہنی تناؤ اور مشکلات کی سطح کی عکاسی کرتا ہے جن کی تنخواہیںبے حس بیوروکریٹک نظام نے کویڈ19وبائی دور میں روک دی ہیں، مجھے اُمید ہے کہ یہ واقعہ حکومت کو نیندسے بیدار کرنے کے لئے ایک چشم کے طور کام کرے گا‘‘۔ الطاف بخاری نے اُن افسران کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے جن کے رویہ کی وجہ سے ایسا واقعہ پیش آیا۔ نوجوان نے اپنی قیمتی جان دے دی کیونکہ اُس کے والد جوکہ پیشہ سے سرکاری ملازم ہیں، کی پچھلے ایک سال سے تنخواہ بند رکھی گئی ہے جس سے پورا کنبہ تباہ کن حالات سے دوچار ہے ، افسران جوکہ تنخواہ بند کرنے کے ذمہ دار ہیں، کے خلاف خودکشی کے لئے اُکسانے کا مقدمہ درج کیاجانا چاہئے ‘‘۔بخاری نے مطالبہ کیاکہ وہ اُساتذہ جن کی تنخواہیں غیر ضروری وجوہات کی بنا پرروکی گئی ہیں، کی تنخواہیں فوری واگذار کی جائیں، اِس سے پہلے کہ وہ ناخوشگوار اقدام کرنے پر مجبور ہوں۔ ادھر سی پی آئی ایم لیڈر محمد یوسف تاریگامی نے واقعے کی بروقت تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ ’ مجھے امید ہے کہ لیفٹیننٹ گورنر اس واقعے کی تحقیقات کا حکم دیں گے اور ان افسران کوسزا دی جائے جن کے طرز عمل نے نوجوانوں کو خود کشی کرنے پر مجبور کردیا‘۔انہوںنے کہاکہ اس طرح کے دل دہلا دینے والے واقعے میں ان خاندانوں کی ایک حیرت انگیز تصویر پیش کی ہے جس کی تنخواہوں کو حکومت نے روک دیا ہے، اگر اس طرح کے اور بھی ملازمین ہیں جن کی تنخواہوں کو ناقص بنیادوں پر روک دیا گیا ہے ، تو حکومت پر لازم ہے کہ وہ مزید کسی تاخیر کے ان کی تنخواہوں کو واگزارکریں۔اس دوران پردیش کانگریس کمیٹی نے واقعہ کو انتہائی افسوسناک اور بدقسمتی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس واقعہ سے حکومت کی توجہ ان افسران کی طرف مبذول کروانی ہوگی اور اس پورے معاملے کی اعلی سطحی تحقیقات ہونی چاہئے جو ایک قیمتی جان کے زیاںکے لئے ذمہ دار ہیں۔جے کے پی سی سی نے کے این ایس کو بھیجے گئے ایک بیان میں ان افسران کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جنہوں نے ایک سرکاری استاد کی تنخواہ تقریبا ایک سال تک بند رکھی جس کے باعث انکا خاندان فاقہ کشی پر مجبور ہوا۔ کانگریس پارٹی نے گورنر انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ اس معاملے کی تحقیقات کے احکامات صادر کریں اور ساتھ ہی میں کانگریس نے حکومت سے بھی درخواست کی کہ وہ مختلف محکموں میں کام کررہے ان تمام ملازمین کی رکی پڑی تنخواہیں واگزار کریں تاکہ مستقبل میں اس طرح کا کوئی دوسرا واقعہ پیش نہ آئے۔پیپلز ڈیموکریٹک فرنٹ چیئرمین حکیم محمد یاسین نے کولگام واقعہ کو دل آزار قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا کہ اس واقعہ کی باریک بینی سے تحقیقات کی جائے اور ذمہ داروں کو سامنے لایاجائے۔ انہوںنے کہاکہ بیوروکریٹوں اور عام لوگوں کے درمیان رابطے منقطع خطرناک صورتحال تک پہنچ گئے ہیں اور لوگوں کے مسائل حل نہیں ہوپارہے ہیں اور انتظامیہ میں کوئی جوابدہی نہیں ہے ۔انہوںنے ایل جی سے مطالبہ کیا کہ اس واقعہ کی تحقیقات کی جائے اورانتظامی امور کو اوور ہال کرکے لوگوں کی خواہشات کو پورا کرنے کیلئے جوابدہ بنایاجائے۔سول سوسائٹی فورم چیئرمین عبدالقیوم وانی نے کولگام واقعہ کوناقابل قبول قرار دیتے ہوئے کہا کہ خودکشی کا یہ معاملہ اپنی نوعیت کا دل دہلانے والا واقعہ ہے اور وائرل ویڈیو سے حالات کی سنگینی کا اندازہ کیا جاسکتا ہے ۔ انہوںنے کہاکہ متعلقہ محکمہ کی لاپرواہی کے سبب 2برسوں سے تنخواہ روکے رکھنے سے ایک قیمتی جان زیاں ہوئی جو ناقابل معافی ہے۔ انہوںنے حکومت سے اپیل کی کہ خصوصی کمیشن بٹھاکر اس معاملہ کی تحقیقات کی جائے اور مرتکبین کو قرارواقعی سزا دی جائے۔
ویکسین لگانے والوں کو کورونا وائرس نقصان نہیں پہنچاتا:ڈاکٹر نوید
سرینگر//یو این آئی// سری نگر کے ہسپتال برائے امراض سینہ کے سربراہ ڈاکٹر نوید نذیر شاہ نے کہا کہ ہم نے عملی طور پر دیکھا ہے جن لوگوں نے ابھی تک ویکسین لگائی ہے انہیں کورونا وائرس نقصان نہیں پہنچا پایا ہے ۔انہوں نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ سوشل میڈیا پر پھیلائے جانے والے غلط بیانات پر یقین نہ کریں اور ویکسین لگا کر اپنے آپ اور اپنے سماج کو اس وائرس کی تباہ کاریوں سے محفوظ رکھیں۔ڈاکٹر نوید نذیر نے ایک مقامی میڈیا ادارے کو بتایا: 'ہم پہلے دن سے ہی کہتے آئے ہیں کہ اگر ہمیں اس وبا سے نجات پانی ہے یا اس بیماری کو دور بھگانا ہے تو ہماری پاس ایک موثر ویکسین ہونی چاہیے '۔ان کا مزید کہنا تھا: 'ہم نے عملی طور پر دیکھا ہے جن لوگوں نے ابھی تک ویکسین لگائی ہے انہیں کورونا وائرس نقصان نہیں پہنچا پایا ہے ۔ ویکسین لگوانے والوں کو بھی کورونا وائرس ہو سکتا ہے لیکن ان میں اس وبا کی شدت بہت کم ہوگی۔ وہ اس بیماری سے بہ آسانی لڑ پاتے ہیں'۔ڈاکٹر نوید نذیر نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ ویکسین لگا کر اپنے آپ اور اپنے سماج کو اس وائرس کی تباہ کاریوں سے محفوظ رکھیں۔ان کا کہنا تھا: 'میں لوگوں سے یہی اپیل کروں گا کہ وہ سوشل میڈیا پر پھیلائے جانے والے غلط بیانات پر یقین نہ کریں۔ ویکسین لگا کر اپنے آپ اور اپنے سماج کو محفوظ رکھیں'۔قبل ازیں شیر کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز سری نگر کے ڈائریکٹر پروفیسر اے جی آہنگر نے کہا کہ کورونا ویکسین کے بارے میں غلط اور بے بنیاد افواہیں پھیلانے والے انسانیت کے دشمن ہیں۔ان کا کہنا تھا: 'ویکسین سے جڑے جو بھی خدشات ہیں اور جو بھی ہچکچاہٹ ہے اس کو الوداع کہنے کی ضرورت ہے ۔ اس سے متعلق تمام افواہیں غلط اور بے بنیاد ہیں'۔بتا دیں کہ ویکسین کے بارے میں پھیلائی جا رہی افواہوں نے وادی کشمیر میں لوگوں کو الجھن میں ڈال دیا ہے ۔فرانسیسی ماہر وائرلوجسٹ اور نوبل انعام یافتہ لک مونٹاگنیئر سے منسوب ایک 'جعلی خبر' سوشل میڈیا پر شیئر کی جا رہی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ جن لوگوں نے یہ ویکسین لگوائی ہے وہ سب اگلے دو برس میں فوت ہوں گے ۔بعض افواہوں میں کہا جا رہا ہے کہ اس ویکسین کے لگوانے سے نوجوان خواتین بانجھ پن کا شکار ہوسکتی ہیں۔تاہم ماہرین صحت ان تمام افواہوں کو بے بنیاد قرار دے کر لوگوں سے اس ویکسین کو لگوانے کی تاکید کر رہے ہیں۔
دِل کے مریضوں کیلئے ویکسی نیشن لازمی : ڈاکٹر عمر ان حفیظ
سری نگر//کنسلٹنٹ کارڈیو لوجسٹ اور ایسو سی اِیٹ پروفیسر ایس کے آئی ایم ایس ڈاکٹر عمران حفیظ نے کہا کہ کہIschemicبیماری یا دل کی خرابی جیسے دل کی بیماری میں مبتلا مریضوں کو کووِڈ انفیکشن کا خطرہ زیادہ لاحق ہوتا ہے ۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ ایسے مریضوں کو اَحتیاطی تدابیر اِختیار کرنے کی ضرورت ہے اور کووِڈ رہنما اصولوں پرسختی سے عمل کرنا چاہیئے ۔اُنہوں نے کہا کہ دِل کی مریضوں کے لئے ویکسی نیشن بہت ضروری ہے کیوں کہ ویکسین کووِڈ انفیکشن کے ڈھال کا کام کرتی ہے۔ویکسی نیشن پر مزید زور دیتے ہوئے اُنہوں نے سب سے اپیل کی کہ وہ کووِڈ حفاظتی ٹیکے لگانے کے لئے آگے آئیں۔ڈاکٹر عمران نے دِل کی مریضوں کو انفیکشن ہونے کی صورت میں ڈاکٹر سے مشورہ اورمناسب علاج شروع کرنے کی صلاح دی۔ماہرامراض قلب نے کہا ہے کہ بہت سے لوگ اس کورونا وائرس کی وجہ سے ہائی بلڈ پریشر کے مریضوں کے لئے خطرہ کے بارے میں پوچھتے ہیں ۔ اُنہوں نے کہاکہ ہائی بلڈ پریشر ایک عام خطرہ عوامل میں سے ایک ہے جس کی پھیلائو 25فیصد ہے لیکن ہائی بلڈ پریشر کے ہر مریض کو خطرہ نہیں ہوتا ہے لہٰذا لوگوں کو پریشان نہیں ہونا چاہیئے۔اُنہوں نے مزید کہا کہ صرف وہی ہائی بلڈ پریشر مریضوںکو خطرہ لاحق ہوتا ہے جو رینل فیلیئر ، دل کی بیماری اور اس سے وابستہ ذیابیطس جیسے ٹارگٹ آرگن نقصان ( ٹی او ڈی ) سے دو چار ہیں۔
ڈپٹی کمشنر کولگام کاویکسی نیشن مراکز کا معائنہ کیا
کولگام// ڈپٹی کمشنر کولگام ڈاکٹر بلال محی الدین بٹ نے کل ٹیکہ کاری کے جاری عمل کا جائزہ لینے کے لئے ضلع کے متعدد ویکسی نیشن مراکز اور کیمپوں کا معائنہ کیا۔انہوں نے ضلع کے آمنو، کاترسو ،بہی باغ،چولگام اور دیگر مراکز میں حفاظتی ٹیکوں کے مراکز کا معائنہ کیا۔اس موقع پر ڈی سی نے لوگوں سے بات چیت کی اور انہیں ویکسین سے متعلق افواہوں پر دھیان نہ دینے کی تاکید کی اور جلد از جلد ٹیکے لگانے کی اپیل کی۔انہوں نے کوروناکو شکست دینے کے لئے ویکسینوں کو محفوظ ، موثر اور مضبوط ہتھیار قرار دیا۔ ضلع میں 45برس سے زائد عمر کے 70 فیصد آبادی کو ٹیکے لگائے گئے ہیںاور اس ضلع میں صدفیصد ویکسی نیشن کے لئے تمام مطلوبہ انتظامات کئے جارہے ہیں ۔
گاندربل کے بیشتر علاقوں میں پانی کی قلت | مقامی آبادی کو مشکلات کا سامنا
گاندربل//ارشاد احمد// گاندربل کے بیشتر علاقوں میں پینے کے صاف پانی کی شدید قلت پیدا ہوگئی ہے۔مقامی آبادی کے مطابق گرمی کا زور چند روز سے شروع ہونے کے ساتھ ہی پینے کے صاف پانی کی شدید قلت پیدا ہوگئی۔گاندربل کے کچ پورہ، وسن ،بونہ زل اور بنہ ہامہ علاقوں سے درجنوں افراد نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ پچھلے دس روز سے زائد عرصہ سے ان علاقوں میں پینے کے صاف پانی کی شدید قلت پیدا ہوگئی ہے۔وسن کے مقامی شہری فیاض احمد شیخ نے بتایا کہ وسن علاقہ کو پچھلے پندرہ روز سے پانی کی شدید قلت واقع ہونے اریگیش کنال سے زرعی اراضی کو سیراب کرنے والے نہر سے پانی لاکر کھانے اور پینے کے لئے استعمال کرنا پڑتا ہے متعدد بار محکمہ جل شکتی کے اعلی حکام کو اس جانب توجہ مبذول کرائی تاہم دن گزرتے گئے لیکن پانی نلکوں میں پانی کی بوند بھی نہیں آئی، اسی طرح کا حال بنہ ہامہ سے مقامی آبادی نے بتایا کہ کئی روز سے بوند بوند پانی کی پورے علاقے میں شدید قلت موجود ہے.اس بارے میں جب کشمیر عظمی نے جل شکتی کے اعلی حکام سے رابطہ کیا تو انہوں نے بتایا کہ ان علاقوں میں ملازمین کی ٹیم بھیج کر معاملہ حل کیا جائے گا ۔
خراب موسمی صورتحال اور ژالہ باری | میوہ باغ مالکان مالی خسارے سے دوچار
سرینگر//کورونا لاک ڈائون سے جہاں میوہ صنعت کو پہلے کافی نقصان پہنچاہے وہیں امسال ہوئی شدید ژالہ باری کے نتیجے میں میوہ باغ مالکان کی کمر توڑ کررکھ دی ہے ۔ سی این آئی کے مطابق وادی کشمیر میں امسال خراب موسمی صورتحال اور نا مساعد حالات کے باعث میوہ صنعت خاص کر سیب میوہ کو کافی نقصان پہنچ گیا ہے ۔ حالیہ بارشوںنے سیب کی فصلوں کو نقصان پہنچایا۔ جنوبی کشمیر کے شوپیان ، پلوامہ ، اور کولگام اضلاع اور وسطی کشمیر میں خراب موسمی صورتحال اور ژالہ باری سے میوہ باغات کوکافی نقصان ہو گیا جس کے نتیجے میں باغ مالکان خون کے آنسو رونے پر مجبور ہو رہے ہیں ۔ شوپیان کے ایک باغ مالک نے اپنی رو داد سناتے ہوئے کہا کہ وادی کشمیر میں امسال خراب موسمی صورتحال اور طوفانی بارش نے سیب کے کاشتکاروں کو پریشانی میں مبتلا کردیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پہلے ہی کورونا لاک ڈائون کے نتیجے میں میوہ فصل کو کافی نقصان سے دوچار ہونا پڑ ا ہے اوراب رہی سہی کسر خراب موسمی صورتحال نے نکال دی ۔ انہوں نے کہا کہ باغات میں بہترین معیار کے سیب تیار کرنے کیلئے اعلیٰ معیار کی کھادیں اور ادویات کا استعمال کیا تھا لیکن شدید نوعیت کی ژالہ باری نے ان کی امیدوں پر پانی پھیر دیا ۔ ایک اور کاشتکار نے بتایا کہ طوفانی بارشوں کی وجہ سے ان کی فصلوں کو بھی نقصان پہنچا ہے لیکن موسم کی خرابی کی وجہ سے انہیں مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑرہاہے ۔ انہوں نے کہا ، "ہم نے پچھلے برسوں میں جو کچھ حاصل کیا ہے ،اس سے کہیں زیادہ ہمارا نقصان ہوا ہے‘ ۔
راجوری میں 20سالہ خاتون کی پُر اسرار موت
سرینگر///تھنڈا راجوری کے درہال علاقے میں ایک شادی شدی خاتون گھر میں پُر اسرار طور پر مردہ پائی گئی ۔ اس سلسلے میں پولیس نے کیس درج کرکے معاملے کی چھان بین شروع کردی ہے۔اراجوری میں 20سالہ شادی شدہ خاتون کی پُر اسرار موت سے علاقے میں سنسنی پھیل گئی ہے ۔ اس سلسلے میں پولیس ذرائع نے بتایا کہ تھنڈدرہال راجوری میںایک 20سالہ صاحبہ اہلیہ سجاد احمد کی پُر اسرار موت ہوئی ہے ۔سی این آئی کے مطابق انہوںنے کہاکہ مذکورہ خاتون کی گھر میں حالت اچانک متغیر ہونے کے بعد اسے مقامی ہسپتال پہنچایا گیا جہاں اس کی دوران علاج ہی موت واقع ہوئی ہے ۔ پولیس نے اس سلسلے میں کیس درج کرکے معاملے کی چھان بین شروع کردی ہے ۔
رابطہ سڑک کی خستہ حالی اور ناقص ڈرینج سسٹم | پوشکر کھاگ کے لوگ انتظامیہ سے برہم
سرینگر// کھاگ پوشکر گلاب باغ علاقے میں سڑک کی خستہ حالی اورناقص ڈرینج کے باعث مقامی آبادی کو پریشانیوں کا سامنا ہے ۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ علاقہ میں رابطہ سڑک انتہائی خستہ ہو چکی ہے اور آج تک اس سڑک کی مرمت عمل میں لانے کیلئے کوئی اقدام نہیں کیا گیا اور نہ متعلقہ محکمہ نے اس سڑک کی مرمت کی طرف کوئی توجہ دی ۔لوگوں کا کہنا ہے کہ علاقے کا ڈرینج سسٹم قابل کار نہیں ہے جس کے نتیجے میں لوگوں کے مشکلات میں اضافہ ہوچکا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع انتظامیہ نے علاقے کو نظر انداز کر دیا ہے ۔ انہوں نے ایک مرتبہ پھر ضلع انتظامیہ اور متعلقہ محکمہ سے اپیل کی کہ علاقے کی رابطہ سڑک ٹھیک کرنے کے علاوہ ڈرینج سسٹم کو بھی قابل کار بنایا جائے تاکہ ان کے مشکلات کا ازالہ ہو سکے ۔
مٹن میں خشخاش کی فصل تباہ | قاضی گنڈ میںشہری منشیات سمیت گرفتار
سرینگر//منشیات مخالف مہم کے دوران پولیس نے مٹن اننت ناگ میں خشخاش کی فصل کو تباہ کردیاجبکہ قاضی گنڈ میںایک شہری کونشیلی اشیاء سمیت گرفتار کیا ۔ ایس ایچ اومٹن کی سربراہی میں پولیس نے اننت ناگ کے اکھورا ، پا ل پورہ نانیل ، آنگ ، مٹی پورہ اور نمبل میں 20کنال سے زیادہ اراضی میں پھیلی پوست کی کاشت کو تباہ کردیا۔اس سلسلے میںمٹن تھانہ میں ایف آئی آر نمبر 59/2021 کے تحت کیس درج کیا گیا۔ادھر ایس ایچ اوقاضی گنڈ کی سربراہی میں پولیس نے بونی گام شاہراہ پر ناکہ چیکنگ کے دوران ایک مشتبہ شخص کو روک کر تلاشی شروع لی۔ دوران تلاشی ان کے قبضے سے پانچ سو گرام پوست کا بھوسہ برآمد ہوا۔ گرفتارکئے گئے شہری کی شناخت راجیش سنگھ ولد پیار سنگھ ساکن ڈوگرہ کد ادھم پور کے بطورہوئی ہے۔قاضی گنڈتھانہ میں اس سلسلے میں ایک کیس زیر ایف آئی آرنمبر 119/2021درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی۔سی این آئی
چوری کی کوشش کرنے پر 2افراد گرفتار
سرینگر//قاضی گنڈ میں پولیس نے چوری کی ایک کوشش کو ناکام بناتے ہوئے 2افراد کو گرفتار کرلیا۔ 29اور 30مئی کی درمیانی رات کو قاضی گنڈ تھانہ کے دائرہ اختیار میں آنے والے ملپورہ چوک میں کچھ مشکوک حرکات پائی گئیں۔اطلاع ملنے پر پولیس پوسٹ میربازار ملپورہ کے اہلکارمقامی افراد کے ہمراہ موقع پر پہنچے اور دو افراد کو گرفتار کرلیا جن کی شناخت رمیض احمد نائک اور سنبول احمد ایتو ساکنان گفبل قیموہ کے طور پر ہوئی ہے جو ایک دکان کی دیوار توڑ رہے تھے ۔پولیس نے جرم کے ارتکاب میں استعمال ہونے والے آلات بھی برآمد کئے۔ انہیں گرفتار کرکے تھانہ منتقل کردیا گیااورایف آئی آر نمبر 120/2021کے تحت قاضی گنڈ تھانہ میں کیس درج کیا گیا ۔
جسمانی طورخاص افراد ذہنی تنائو کا شکار:ایسوسی ایشن | لیفٹیننٹ گورنر انتظامیہ سے مالی پیکیج کا اعلان کرنے کا مطالبہ
سرینگر// جموں کشمیر ہینڈی کیپڈ ایسوی ایشن نے لیفٹیننٹ گورنر انتظامیہ اور مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ جموں وکشمیر میں جسمانی طور معذور لوگوں کی کافی تعداد موجودہے جو لاک ڈاؤن اور کورونا وائرس کی وجہ سے کافی مشکلات میں مبتلا ہیں۔ موصولہ بیان میں ایسوسی ایشن کے صدر عبدالرشید بٹ نے جموں وکشمیر انتظامیہ اور مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ جلد از جلد جموں وکشمیر کے جسمانی طورخاص لوگوں کے لئے راحتی پیکیج کا اعلان کریں جس سے اُن کے مشکلات دور ہوں گے۔ ایسوسی ایشن صدر نے انتظامیہ سے دوبارہ مطالبہ کیا کہ ان کے لئے پیکیج کا اعلان جلد کیا جائے اور ساتھ ہی ان کے دیرینہ جائیز مسائل کو بھی جلد از جلد حل کیا جائے۔ ایسوسی ایشن کے صدر عبد الرشید بٹ نے ارون کمار مہتا کو نئے چیف سیکریٹری بننے پر بھی مبارکباد دی ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ جس طرح سابق چیف سیکریٹری نے جسمانی طور خاص لوگوں کے مسائل کی طرف توجہ دی تھی اسی طرح نئے چیف سیکریٹری ہمارے مطالبات حل کرنے کی کوشش کریں گے۔
رفیع آباد میں فوج نے کیریئر کونسلنگ پروگرام منعقد کیا
سرینگر// رفیع آباد کے ڈونی وارہ علاقہ میں فوج نے ایک کیریئر کونسلنگ پروگرام کا اہتمام کیا۔ فوج کے مطابق اس پروگرام کا مقصد نوجوانوں کو تعلیم اور کیریئر کے تعلق سے جانکاری فراہم کرنا تھا۔اس موقع پر نوجوانوں کو بتایا گیاکہ فوج میں بھرتی کی مختلف اسکیمیں ہیں۔ آس پاس کے علاقوں سے آئے ہوئے کئی نوجوانوں نے کیمپ میں شرکت کی۔اس موقع پر فوج نے مختلف سوالوں کے جوابات دئے۔ پروگرام کے اختتام پر علاقہ کے نوجوانوں نے فوج کی اس کوشش پر 32 آر آرکا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ آئندہ بھی اس طرح کے پروگرام ہونے چاہئیں۔
تشدد وسیع تر عوامی مفاد میں ختم کرنے کی ضرورت:بخاری | والدین اوراساتذہ اِس ہنگامہ خیز صورتحال سے باہر نکال سکتے ہیں
سرینگر//اپنی پارٹی صدر سید الطاف بخاری نے اتوارکو والدین اور اساتذہ برادری سے گذارش کی کہ بچوں خاصکر نوجوانوں میں عدم تشدد اور قوت برداشت کو فروغ دیں تاکہ وہ اپنی تباہی اور تشدد کے راستے کی طرف نہ جائیں۔ انہوں نے کہاکہ کشمیر کے اندر جاری تشدد کی وجہ سے کئی قیمتیں جانیں خاصکر نوجوان ضائع ہوچکے ہیں جس کی وجہ سے صرف ویرانی اور مایوسی چھا جاتی ہے۔ انہوں نے کہا ’’ میں نے والدین کو یہ تلخ حقیقت جاننے کے بعد کہ اُن کے چشم وچراغ قبرستانوں میں آرام فرمارہے ہیں، انتہائی خستہ حال زندگی جیتے دیکھا ہے ، یہ دکھ اور درد اتنا زیادہ ہے کہ کوئی بھی اِس کو بیان نہیں کرسکتا، اس صورتحال کو بد سے بدترہونے سے روکنے کیلئے والدین اوراساتذہ کی طرف سے بروقت کارروائی کی ضرورت ہے کہ وہ بچوں کے تشدد کے نقصانات سے متعلق کونسلنگ کریں‘‘۔ بخاری نے کہاکہ یہ سماج کی بالعموم اور والدین کی بالخصوص مشترکہ ذمہ داری ہے کہ وہ ایسے بچوں کی رہنمائی کریں جو بھٹک چکے ہیں اور ایسی راہ پر چل پڑے ہیں جس پر تباہی وبربادی کے سوا کچھ حاصل نہیںہوتا ۔انہوں نے مزید کہا ’’ہمارے نوجوانوں کے ورثا کو یہ بات سمجھنی ہوگی کہ وہ اُنہیں صحیح راستے پر لگائیں، اُن کی صلاحیتوں کو مثبت وتعمیری سمت دیں، اس سے پہلے کہ خدا نہ کرے وہ ایسی صورتحال میں شامل ہوجائیں جہاں پر اُنہیں خود سپردگی کی اپیلیں کرنے کی ضرورت پڑے۔بخاری نے کہاکہ تشدد کسی بھی صورت میں ہو، اِس کو وسیع تر عوامی مفاد میں ختم کرنے کی ضرورت ہے۔
ضلع میں سرکاری اراضی کو خالی کیا جائے گا:ڈپٹی کمشنر کولگام
کولگام //ڈپٹی کمشنر کولگام ڈاکٹر بلال محی الدین بٹ نے ضلع میں سرکاری اراضی اورکاہچرائی کے تجاوزات میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کا انتباہ دیا۔انہوں نے ضلع کے مختلف علاقوں کا معائنہ کرتے ہوئے کہا کہ ضلع میں انسداد تجاوزات کی مہم چل رہی ہے اور تجاوزات والی زمینیں دوبارہ حاصل کی جارہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ان افراد کے خلاف سخت کارروائی کا آغاز کیا جائے گا جو جاری لاک ڈاؤن کا فائدہ اٹھا رہے ہیں اور سرکاری اراضی پر قبضہ کررہے ہیں۔انہوں نے محکمہ مال کے افسران کوہدایت دی کہ ضلع کے مختلف مقامات پر تجاوزات کی نشاندہی کریں اور تمام وسائل کو بروئے کار لا کر دوبارہ بازیاب کریں۔
جمعیت کا مفتی ظہور احمد فاروقی کے انتقال پر اظہار رنج
سرینگر//جمعیت اہلحدیث کے صدر پروفیسر غلام محمد بٹ نے مفتی ظہور احمد فاروقی کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ اپنے ایک تعزیتی بیان میںپروفیسر بٹ نے کہاکہ مفتی ظہور کئی روز تک صدر ہسپتال میں زیر علاج رہنے کے بعد داعی اجل کو لبیک کہہ گئے۔ انہوںنے کہاکہ جمعیت اہلحدیث جموں و کشمیر اس موقع پر زبردست اضطراب کا اظہار کرتے ہوئے خانوادہ فاروقی اور سبھی غمزد گان بالخصوص مولانا عبدالرشید فاروقی ، ڈاکٹر محمد یعقوب فاروقی ، مفتی منظور احمد فاروقی ، مفتی شفاعت احمد فاروقی ، مفتی جاوید احمد فاروقی ، مفتی الطاف احمد فاروقی سے یکجہتی کا اظہار کرتی ہے۔ جمعیت کے نائب صدر ڈاکٹر عبداللطیف الکندی، مفتی عام مفتی محمد یعقوب بابا المدنی اور جمعیت کے جملہ شعبہ جات کے ساتھ ساتھ اس کے سبھی کلیات و مدارس دینیہ و عصریہ ، ائمہ و خطبااور سبھی ذمہ داروں نے بھی اپنے پیغامات میں اس صبر آزما موقع پر غمزدہ خاندان کے ساتھ تعزیت و یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔
اشتیاق بیگ کو نگواصدر منتخب ہونے پر مبارکباد
سرینگر//ہارٹی کلچر پلاننت اینڈ مارکیٹنگ ایسوسی ایشن کے صدر ملک غلام حسن نے ایک بیان میں اشتیاق بیگ کو نگوا صدر منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ موصوف ملازم دوست لیڈر ہیں ۔ انہوںنے کہا کہ اشتیاق بیگ نے ہمیشہ ملازمین اتحاد پر زور دیا ہے ۔ انہوںنے اشتیاق بیگ کو اپنا بھر پور تعاون دینے کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ ان کی آوازپر ملازمین لبیک کہتے ہیں ۔ ادھر اشتیاق بیگ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ملازمین کو کو ایک پلیٹ فارم پر آنا چاہئے تب ہی ملازمین کے جملہ مسائل حل ہوسکتے ہیں ۔ بیگ نے کہا کہ جموں کشمیر کے لاکھوں ملازمین الگ الگ ٹولیوں میں بٹے ہوئے ہیں جس کی وجہ سے ان کے مسائل حل نہیں ہوپارہے ہیں ۔ انہوں نے ملازمین انجمنوں پر زور دیا کہ وہ متحدہ ہوکر سرکار کو مسائل حل کرنے پر زور دیں۔
آئی اے ایس آفیسرز ایسوسی ایشن کاآر کے جیراتھ کے انتقال پر تعزیت
سرینگر // چیف سکریٹری جموں و کشمیر ، کمشنر سکریٹری جی اے ڈی اور جموں و کشمیر کے دیگر سینئر آئی اے ایس اور جے کے اے ایس افسران نے سابق ویجی لینس کمشنرآر کے جیراتھ کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔1980 بیچ کے آئی اے ایس آفیسر آر کے جیراتھ ویجی لینس کمشنر جے اینڈ کے ، کمشنر سکریٹری جی اے ڈی ، فائنانشل کمشنر ریونیو ، پرنسپل سیکرٹری صحت اور میڈیکل ایجوکیشن ، سوشل ویلفیئر کے علاوہ دیگر اہم عہدوں پر فائز رہے۔انہوں نے نارائن ہسپتال میں آخری سانس لی۔ اے کے مہتا نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ جموں کشمیر نے ایک عظیم انسان اور ایک ممتاز افسر کھو دیا۔ کمشنر سکریٹری جی اے دویدی نے انہیں جے اینڈ کے کیڈر کے افسران کا سرپرست اور رہنما بتادیا۔ انہوں نے کہا کہ انہیں ایک محنتی افسر کی حیثیت سے ہمیشہ یاد کیا جائے گا۔
سی پی آئی (ایم) کا اظہارتعزیت
سرینگر//سی پی آئی (ایم) کے سکریٹری غلام نبی ملک نے شوپیان کے سیاسی کارکن محمد یوسف بٹ کے انتقال پر رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔بٹ ایک مشہور سیاسی کارکن تھے اور ساری زندگی ترقی پسند تحریک سے وابستہ رہے۔ انہوں نے معاشرے کے پسماندہ طبقات خصوصاً مزدور طبقے کی ترقی کے لئے بہت محنت کی۔ سی پی آئی (ایم) نے سوگوار خاندان سے اظہار یکجہتی کیا ہے۔