گھمبیر مغلاں میں نائب تحصیلدار کی کرسی خالی
پرویز خان
منجا کوٹ //تحصیل منجا کوٹ کی گھمبیر مغلاں نیابت میں گزشتہ دو برسوں سے نائب تحصیلدار کی کرسی خالی پڑی ہوئی ہے جس کی وجہ سے عام لوگوں کو منجا کوٹ تحصیل ہیڈ کوارٹر کا رخ کرنا پڑرہا ہے ۔مقامی لوگوں نے انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ گزشتہ دو برسوں سے نائب تحصیلدار کی کرسی خالی پڑی ہوئی ہے جسکی وجہ سے مذکورہ دفتر بھ بند ہے تاہم انتظامیہ سے رجوع کرنے کے بعد بھی مذکورہ آفیسر کی تعیناتی عمل میں نہیں لائی جارہی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ انتظامیہ کی جانب سے آفیسر موصوف کو تعینات کیا گیا تھا لیکن ان کی تبدیلی کے بعد مذکورہ خالی جگہ پر کسی دوسرے آفیسر کی تعیناتی عمل میں نہیں لائی جاسکی ۔مقامی لوگوں نے ضلع انتظامیہ کےساتھ ساتھ جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ مذکورہ خالی آسامی کو جلدازجلد پُر کیا جائے تاکہ عام لوگوں کو علاقہ میں ہی معیاری سہولیات دستیاب ہو سکیں ۔
زیڈ ای او نے ٹیچروں میں ٹریننگ اسناد تقسیم کیں
حسین محتشم
پونچھ//زونل ایجوکیشن آفیسر سرنکوٹ نے منعقدہ ایک پروگرام کے دوران سرنکوٹ میں ٹیچروں کو گریڈ سکینڈ اور تھرڈ کے تحت ایمپکٹ ٹریننگ اسناد تقسیم کئے ۔ یاد رہے کہ ان اساتذہ نے پچھلے سال 2020 کو ایک مہینے کی تربیتی کورس کیا تھا جسے ڈائریکٹر سمگرا شکشا کی نگرانی میں کروایا گیا تھا اور اساتذہ نے آپسی اشتراک سے مذکورہ تربیتی کورس کو مکمل کیا تھا ۔اس ٹریننگ کے سلسلہ میں متعلقہ حکام کی جانب سے آفیسر موصوف کی قیادت میں اسناد تقسیم کی گئیں ۔ سید شاہنواز کاظمی اور سید محمد یوسف شاہ،چوہدری نور احمد، مختار حسین شاہ ،صنم اعجاز قریشی ، جہانگیر احمد ،شاہدہ پروین ،تعظیم اختر ،شبیر احمد ودیگران نے محکمہ اور متعلقہ آفیسر کا شکریہ ادا کیا ۔
راجوری میں کووڈ کے 17نئے کیس درج
سمت بھارگو
راجوری //راجوری ضلع میں کووڈ کے 17نئے کیس رجسٹرڈ کئے گئے ہیں جبکہ اس دوران وائرس کے شکار ایک شخص کی میڈیکل کالج میں موت واقعہ ہو گئی ۔ضلع انتظامیہ نے بتایا کہ ضلع کے مختلف علا قوں میں شروع کر دہ ٹیسٹنگ مہم کے دوران 17نئے معاملات درج کئے گئے ہیں جبکہ اس دوران تھنہ منڈی کے ایک مریض کی میڈیکل کالج راجوری میں موت واقعہ ہو گئی ۔متعلقہ حکام نے بتایا کہ منجاکوٹ میڈیکل بلاک سے 7افراد کا کووڈ ٹیسٹ مثبت پایا گیا ہے جبکہ میڈیکل بلاک درہال سے چھ نئے کووڈ کیس سامنے آئے ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ گزشتہ ایک ہفتے سے ضلع میں روزانہ کی بنیادوں پر کووڈ کیسوں کی تعداد میں کمی واقعہ ہو رہی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ گزشتہ روز ضلع میں ایک 75سالہ شخص کی کووڈ سے موت بھی ہوگئی ہے جبکہ مذکورہ شخص گزشتہ کئی دنوں سے میڈیکل کالج راجوری میں زیر علاج تھا ۔اسی طرح پونچھ ضلع میں گزشتہ روز 22نئے کووڈ کیس سامنے آئے ہیں جبکہ ضلع میں کوئی نئے موت وائرس کی وجہ سے نہیں ہوئی ہے ۔