نالہ بشلڑی سے لاش کا ڈھانچہ برآمد
محمد تسکین
بانہال//جموں سرینگر قومی شاہراہ پر رامسو کے ہنگنی علاقے میں انکی بشلڑی سے ایک عدم شناخت لاش کا ڈھانچہ ملا ہے ۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ہمالین کیو آر ٹی رامسو اور پولیس موقع پر پہنچ گئی اور ڈھانچے کو دریا سے نکال کر پرائمری ہیلتھ سینٹر رامسو منتقل کیا اور میڈیکل جانچ پڑتال کے بعد لاش کا پوسٹ مارٹم رپورٹ کیا جارہا ہے۔ پولیس کو خدشہ ہے کہ چند مہینے پہلے اس علاقے میں سڑک کے ایک حادثے کے بعد دو افراد کی لاشیں نالہ بشلڑی سے برآمد نہیں کی جاسکی تھیں اور غالب امکان ہے کہ یہ لاش حادثے کے بعد لاپتہ ہوئے دو میں سے ایک شخص کی ہوسکتی ہے تاہم اس بارے میں ابھی وثوق کچھ نہیں کہا جاسکتا ہے۔
آپسی بھائی چار میں خلل ڈالنے پر5 افراد کیخلاف مقدمہ درج
عاصف بٹ
کشتواڑ//گزشتہ ماہ کی 31تاریخ کو سماجی رابطہ کی ویب سائٹ پر وائرل ویڈیو میں جانور کی کھال دکھائے جانے پر پولیس نے کاروائی عمل میں لاتے ہوے پلماڑ علاقہ سے پانچ افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔ پولیس تھانہ کشتواڑ میں درج ایف آئی آر زیرنمبر 206/2021 کے تحت انکی گرفتاری عمل میں لائی گی۔چند روز قبل سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہوئی جس میں گائے کی چمڑی کو دکھایا گیا جسکے بعد ہندو سماج کے لوگوں نے احتجاج کیا اور ملزمان کے خلاف سخت کاروائی کی مانگ کی تھی جسکے بعد پولیس نے اس کیس کی فوراً کاروائی عمل میں لائی۔معاملے کی حساست کو دیکھتے ہوئے ایس ایس پی کشتواڑ شفقت حسین بٹ نے خصوصی ٹیم تشکیل دی جسکی نگرانی ایڈیشنل ایس پی کشتواڑ کررہے تھے۔ڈی ایس پی ہیڈکوارٹر و انکی ٹیم نے پانچ افراد کو گرفتار کرکے حراست میں لیا جنھوں نے اس واقعہ کو انجام دیا تھا جبکہ اس معاملے کی تحقیقات ہنوز چل رہی ہے اور اگر مزید اور کوئی ملوث پایا گیاتو اسکے خلاف کاروائی عمل میں لائی جاے گی۔پولیس نے شرپسند عناصر کو متنبہ کیاکہ وہ ایسا کوئی بھی مواد نہ پھیلائیں جس سے علاقے کا امن اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی متاثر ہو۔
کشتواڑ سنتھن شاہراہ پر آمدورفت ہنوز معطل
عاصف بٹ
کشتواڑ//ضلع کشتواڑ کو وادی کشمیر سے جوڑنے والی اننت ناگ کشتواڑ قومی شاہراہ چوتھے روز بھی گاڑیوں کی آمدورفت کیلئے بند رہی جسکے سبب مریضوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔سید علی شاہ گیلانی کی موت کے بعد انتظامیہ نے وادی کشمیر میں بندشیں عائد کی تھی جبکہ اب بندشوں کو ختم کردیا گیاہے اور لوگوں کی آواجاہی پر کوئی روک نہیں تاہم آج بھی کشتواڑ اننت ناگ شاہراہ پر گاڑیوں کو چلنے کی اجازت نہیں دی گئی۔آج جب کشتواڑ سے مقامی لوگوں نے سنتھن کے راستے کشمیر جانے کیلئے سفر کرنا شروع کیا تو انھیں پولیس نے پارنہ چنگام میں روکا اور آگے جانے کی اجازت نہیں دی۔ اس موقعہ پر لوگوں نے بتایا کہ اگرچہ انھیں کشتواڑ سے جانے کی اجازت دی گئی تو یہاں آکر کیونکر ا نہیں جانے دیاجارہا ہے۔ 40کے قریب چھوڑی و بڑی گاڑیوں میں سینکڑوں مسافر دیر شام تک انتظارکرتے رہے تاہم انھیں آگے جانے کی اجازت نہ دی گئی۔ ان میں کئی بیمار بھی شامل تھے۔ایک مریض کی بہن نے بتایا کہ انکی بہن کی طبعیت خراب ہے اور انھیں مزید علاج کیلئے ضلع ہسپتال کشتواڑ سے ڈاکٹروں نے سرینگر جانے کو کہا۔ انہوںنے کہاکہ اگرچہ انھوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر سے بھی رابطہ کیا لیکن انکی کسی نے بات نہیں سنی۔بھلیسہ کے ایک بزرگ نے بتایا کہ وہ صبح آٹھ بجے یہاں پہنچے جبکہ انھیں آگے جانے کی اجازت نہیں دی جارہی ہے ۔نائب تحصیلدارنے بتایا کہ ا علیٰ حکام کی جانب سے آمدورفت مکمل بندرکھنے کے احکامات ہیں اور جب ا علیٰ حکام اجازت دیں تو گاڑیوں کو چلنے کی اجازت دی جائے گی۔
ڈوڈہ ضلع میں 3لاکھ ٹیکے لگائے گئے
کووڈ 19 کے 6 نئے مثبت معاملات ،11 مریض صحتیاب
اشتیاق ملک
ڈوڈہ //ڈوڈہ ضلع میں اتوار کوکورونا وائرس کے 6 نئے مثبت معاملات سامنے آئے ہیں اور 11 مریض صحتیاب ہوئے ہیں جبکہ 3لاکھ افراد کو ٹیکے لگائے گئے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق اتوار کے روز ڈوڈہ، بھدرواہ، ٹھاٹھری،گندوہ و عسر میں ہوئی کووڈ جانچ کے دوران چھ افراد کی ٹیسٹ رپورٹ مثبت آئی ہے جنہیں ہوم قرنطینہ میں رکھا گیا ہے اور گیارہ مریض شفایاب ہوئے ہیں۔اس طرح سے ضلع میں فعال کیسوں کی تعداد سمٹ کر 88 رہ گئی ہے اور شفایاب ہوئے مریضوں کی مجموعی تعداد 7393 پہنچ گئی ہے۔ضلع میں اب تک کووڈ 19 سے 130 اموات ہوئیں ہیں۔اس دوران ویکسی نیشن عمل میں تیزی لاتے ہوئے 300150 افراد کو ٹیکے لگائے گئے ہیں اور اس طرح سے ضلع میں 18 سال سے اوپر کی عمر کے ٹیکہ لگانے کی شرح 78 فیصد ہوگئی جبکہ پینتالیس سال سے زیادہ کے عمر کے سو فیصدی لوگوں میں ٹیکے لگائے جا چکے ہیں۔
کووڈ ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 67ہزار کا جرمانہ | 724 ٹیکے لگائے گئے ، 905 نمونے جمع کیے گئے
رام بن//ضلع رام بن میں کووڈ پروٹوکول کے نفاذ کی مہم کو جاری رکھتے ہوئے انفورسمنٹ ٹیموں نے چہرے کے ماسک نہ پہننے اور جسمانی فاصلہ برقرار نہ رکھنے پر گھومنے پر متعدد خلاف ورزی کرنے والوں پر جرمانہ عائد کیا۔نافذ کرنے والی ٹیموں نے اپنے متعلقہ دائرہ کار میں معائنہ کے دوران 66ہزار750 روپے جرمانہ وصول کیا۔انفورسمنٹ افسران نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ چہرے کے ماسک پہنیں اور جسمانی فاصلہ برقرار رکھیں اس کے علاوہ اپنے قریبی سی وی سی پر کوویڈ ویکسی نیشن کی خوراکیں لیں۔ڈسٹرکٹ امیونائزیشن آفیسر ڈاکٹرسریش نے بتایا کہ اتوار کے روز ضلع رام بن میں 724 افراد کو پہلی اور دوسری کووڈ ویکسین کی خوراک دی گئی۔چیف میڈیکل آفیسرڈاکٹر محمد فرید بھٹ کی طرف سے جاری کردہ روزانہ بلیٹن کے مطابق محکمہ صحت نے 905 نمونے جمع کیے ہیں جن میں 222،RT-PCR اور 683، RAT نمونے شامل ہیں جبکہ اس کے علاوہ 724 افراد کو کووڈ ویکسین ضلع کے مخصوص ویکسی نیشن مراکز میں دی گئی ہے۔
ڈی ڈی سی چیئرمین نے ٹھاٹھری کا دورہ کیا | عوامی مسائل کا لیا جائزہ، فیگسو میں تار کول بچھانے کے کام کیا افتتاح
اشتیاق ملک
ڈوڈہ //ضلع ترقیاتی کونسل چیئرمین دھنتر سنگھ کوشل نے ٹھاٹھری کا دورہ کرکے عوامی مسائل کا جائزہ لیا۔اس دوران انہوں نے تحصیل فیگسو میں بابا بدھی داس مندر سے دریگام کو جارہی سڑک پر تار کول بچھانے کے کام کا افتتاح بھی کیا۔ دورے کے دوران مقامی لوگوں نے کئی مسائل سے ڈی ڈی سی کونسل چیئرمین کو آگاہ کیاجس میں پینے کے صاف پانی کی قلت، سڑکوں کی خستہ حالی، بارشوں سے فصلوں و پھلوں کو پہنچے نقصانات، بجلی کی ناقص کارکردگی، طبی سہولیات کے فقدان و تعلیمی اداروں میں بنیادی ڈھانچے کی فراہمی شامل ہیں۔ضلع ترقیاتی کونسل چیئرمین نے عوام کو یقین دلایا کہ ان مسائل کا حل ترجیح بنیادوں پر کیا جائے گا۔ انہوں نے انتظامیہ کو ہدایت دی کہ وہ پانی، بجلی و دیگر بنیادی سہولیات دستیاب رکھنے و عوامی مشکلات کا ازالہ کرنے کے لئے سنجیدگی سے کام کریں۔
اصلاح معاشرہ گول کی جانب سے والی بال ٹورنامنٹ اختتام پذیر
زاہد بشیر
گول//نوجوانوں کو کھیل کی جانب راغب کرانے کے لئے گول میں اصلاح معاشرہ کی جانب سے والی بال ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا گیا جس میں قریباً بارہ ٹیموں نے حصہ لیا جو سب ڈویژن کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھتے ہیں ۔ آج سیمی فائنل میچ میں گول اور داڑم ٹیم کے درمیان دوپہر سے قبل میچ کھیلا گیا جس میں داڑم کی ٹیم فاتح قرار دی گئی اس طرح سے داڑم کی ٹیم فائنل میں پہنچی اور اس کا مقابلہ سہ پہر کے بعد مہا کنڈ ٹیم کے ساتھ ہوا جس میں مہا کنڈ ٹیم نے پہلے ہی اس میچ پر قبضہ کرتے ہوئے اس کو فاتح کیا ۔ اس موقعہ پر مہمانان خصوصی ایس ڈی پی او گول پردیپ کمار ، ایس ایچ او گول منیر احمد خان ، ڈی ڈی سی ممبر گنڈی داڑم جاوید اقبال منہاس کے علاوہ دوسرے معزز شہری بھی موجود تھے ۔ اس موقعہ پر کشمیر عظمیٰ کے ساتھ بات کرتے ہوئے اصلاح معاشرہ کمیٹی گول کے صدر زاہد رحمت اللہ نے کہا کہ اس طرح کے میچ کھیلنے کا مقصد نوجوانوں کو کھیل کود کی جانب راغب کرانا ہے کیونکہ آج کل معاشرہ اس طرح سے بگڑ رہا ہے کہ نوجوان طبقہ جہاں بیروزگاری کا شکار ہے اور اس طرح سے نوجوان کافی ذہنی شکار ہوا ہے اور یہ نوجوان نشہ کی لت میں پھنستا جا رہا ہے اور افسوس کا مقام ہے کہ آئے روز پڑھے لکھے نوجوان بھی نشہ کی اس بری لت میں مبتلا ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو نشہ سے دور کرنے کے لئے صرف یہی طریقہ ہے کہ ان کو کھیل کود کی طرف راغب کرائیں اور ان ہی محافل میں نوجوانوں کے ساتھ ملنا بھی طے ہوتا ہے جہاں انہیں نشہ سے دور رہنے کے لئے بھی کہا جاتا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس طرح کے کھیل گول کے علاوہ باقی جگہوں پر بھی کھیلے جائیں گے اور لوگوں سے اس طرف تعاون دینے کی بھی اپیل ہے تا کہ ہر جگہ پر کھیل کود کے مقابلے ہوں اور نوجوانوں کے ساتھ ملنا جھلنا اور ان کو نشہ سے دور رکھنے کے لئے ایک موقعہ میسر ہو ۔
ہمالین کیو آر ٹی کا رضاکاروں کیلئے ایک روزہ تربیتی پروگرام | بچائو کاروائیوں کیلئے ایمبولینس گاڑی اور دیگر سامان میسر رکھنے کی اپیل
محمد تسکین
بانہال//ہمالین کیو آر ٹی رامسو کی جانب سے سب ڈویژن ہیڈکوارٹر رامسو میں ایک روزہ تربیت و بیداری کیمپ کا انعقاد کیا گیا جس کی صدارت بی ڈی سی کونسلر رامسو نے کی ۔ اس موقع پر پولیس و سیکورٹی فورسز کے افسران سمیت معزز شہریوں اور ہمالین کیو آر ٹی ممبران کی ایک بڑی تعداد موجود تھی۔ تقریب میں ہمالین کیو آر ٹی کی طرف سے سڑک حادثات اور دیگر دیگر ناگہانی آفات کے دوران کئے جانے والے کام اور کارکردگی کو سراہا گیا اور بچا کاروائیوں کے دوران انہیں درپیش مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر پولیس کے انسٹرکٹر نے کیو آر ٹی ممبران کو ریسکیو آپریشن کے دوران پیش آنے والے حالات ، ان سے نمٹنے اور انسانی جانوں کو بچانے کیلئے مختصر ٹریننگ بھی دی ۔ اس پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے رامسو کے معزز شہریوں نے ہمالین کیو آر ٹی کو درپیش مسائل بچائو کاروائیوں کیلئے سامان کی کمی اور خاص طور سے ایک ایمبولینس گاڑی کی عدم دستیابی پر سخت تشویش کا اظہار کیا گیا ۔شرکا نے لیفٹیننٹ گورنر انتظامیہ و ضلع انتظامیہ سے ان رضاکاروں کو سہولت بہم پہنچانے کی اپیل کی اور ترجیحاتی بنیادوں پر ٹرانسپورٹ کیلئے ایک گاڑی اور ایک ایمبولینس گاڑی میسر رکھنے کی اپیل کی ۔
گولڈ میڈل حاصل کرنیوالے طالب علم کی عزت افزائی
محمد تسکین
بانہال//رضاکار سماجی تنظیم بانہال والنٹیئرز کی طرف سے حال ہی میں کشمیر یونیورسٹی سے شعبہ عربی میں گولڈ میڈل حاصل کرنے والے نوجوان زبیر احمد وانی ساکنہ شگن سب ڈویژن رامسو کے اعزاز میں بانہال میں ایک تقریب کا انعقاد کیا ۔ اس تقریب میں رضاکار تنظیم نے زبیر احمد ندوی کی عزت افزائی کی اور انہیں ایک تعریفی سند ، ایک شال اور گلدستہ پیش کیا گیا۔اس موقع صدر بانہال والنٹیرز ادریس وانی ، مولانا عطا اللہ مفتاحی اور دیگران قابل قابل ذکر تھے۔ اس موقع پر زبیر احمد ندوی نے رضاکار تنظیم بانہال والنٹیرز کی اس عزت افزائی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ تمام تر مشکلات کے باوجود اپنی دنیاوی اور دینی تعلیم میں محنت کریں اور کامیابی آپکی قدم چومے گی۔
گوجر اوربکروالوں کو جنگلات کمیٹیوں میں بطور ممبر نامزد نہیں کیاجارہا:سلیم چوہدری
سانبہ//پنی پارٹی ایس ٹی ونگ صدر سلیم چوہدری نے اُن افسران کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے جوکہ بقول اُن کے جموں وکشمیر میں جنگلات حقوق قانون کی عمل آوری کے لئے سب ڈویژن اور ضلع سطح پر تشکیل دی گئی کمیٹیوں میں گوجر اور بکروال طبقوں کے افراد کو بطور ممبران نامزد نہیں کر رہے۔پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایس ٹی ونگ صدر سلیم چوہدری نے کہاکہ جموں وکشمیر میں جنگلات حقوق قانون کو عملایاجارہا ہے ،اس سلسلہ میں جنگلات اراضی پر رہنے والے لوگوں کے دعوؤں کو حل کیاجانا ہے۔ انہوں نے سوال کیاکہ کیسے یہ دعوے حل ہوں گے جب قبائلی آبادی کے ممبران یا اُن کے منتخب نمائندے ، پنچایتی راج ممبران اِن کمیٹیوں میں شامل نہیں ہوں گے؟۔ انہوں نے مزید کہاکہ حکام کی طرف سے ادھورے من کی کاؤشوں سے قبائلی آبادی کا اعتماد ٹوٹا ہے کیونکہ جموں صوبہ کے متعدد اضلاع میں خانہ بدوش قبیلہ کے لوگوں کو کمیٹیوں میں بطور ممبران شامل ہی نہیں کیاگیا۔ انہوں نے کہاکہ گرام سبھا میں بھی مبینہ طور خانہ بدوش قبیلہ کے لوگوں کو کمیٹیوں میں بطور ممبران شامل نہیں کیاگیا جوکہ نا انصافی ہے۔ انہوں نے کہاکہ جنگلات حقوق قانون کی عمل آوری صرف کاغذوں تک محدود رہے گی اور حکومت کے ایس ٹی قبائل کو حقوق دینے کے دعوے کھوکھلے ثابت ہوں گے ، اگر درج فہرست قبائل کے افراد کو کمیٹیوں میں شامل نہ کیاگیا۔ انہوں نے بتایاکہ ضلع ترقیاتی کمشنر کٹھوعہ نے ضلع اور سب ضلع سطح پر مانیٹرنگ کمیٹیاں تشکیل دینے سے متعلق ایک حکم نامہ جاری کیا ہے جس میں گوجر اور بکروال کا ایک بھی ممبر شامل نہیں جبکہ جنگلات حقوق قانون کے مستفیدین یہی لوگ ہیں۔ انہوں نے مزید کہاکہ بنی سے انتظامیہ نے منتخب قبائلی ممبر کو نظر انداز کیا اور ایک غیر قبائلی ممبر کو کمیٹی میں شامل کیاگیا جوکہ قبائلی آبادی کے تئیں انتظامیہ کے متعصبانہ رویہ کو ظاہر کرتا ہے اور یہ جموں وکشمیر کے گوجر بکروالوں کے لئے تشویش کن امر ہے۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنر کی طرف سے جاری حکم نامہ کو منسوخ کرنے اور قبائلی آبادی کے ممبران کو کمیٹیوں میں شامل نہ کرنے پر ذمہ دار افسران کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔
ادھم پور میںمتعدد افراد پارٹی میں شامل
اودھم پور//اپنی پارٹی ضلع اکائی اودھم پور کے کارکنان کا ماہانہ اجلاس منعقد ہوا۔ ضلع صدر ہنس راج ڈوگرہ اور سابقہ ایم ایل اے اور پارٹی ضلع انچارج فقیر ناتھ کی صدارت میں منعقدہ اجلاس میں اپنی پارٹی ٹریڈ یونین صدر اعجاز کاظمی نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر متعدد افراد نے پارٹی قیادت پر اعتماد ظاہر کرتے ہوئے اپنی پارٹی میں شمولیت ا ختیارکی۔ ہنس راج ڈوگرہ نے اِ ن کا خیر مقدم کرتے ہوئے اُمیدظاہر کی کہ وہ پارٹی کی مضبوطی کے لئے تندہی سے کام کریں گے۔ دوران اجلاس متفقہ طور فیصلہ کیاگیاکہ ہر ماہ کی پانچ تاریخ کو12بجے پارٹی ضلع صدر دفتر پر میٹنگ منعقد ہوا کرے گی جس میں تنظیمی امور اور عوامی مسائل ومشکلات پر غوروخوض کیاجائے گا۔ یہ بھی اعلان کیاکہ جموں وکشمیر اپنی پارٹی ضلع دفتر ہر روز صبح 8بجے سے 5بجے تک کھلا رہے گا اور لوگ اپنے مسائل ومشکلات کو حل کرانے کے لئے آسکتے ہیں۔
جھوٹے وعدے لوگوں میں نا اُمیدی کی وجہ :منجیت سنگھ
سانبہ میں درجن سے زائد معزز خواتین اپنی پارٹی میں شامل
سانبہ//اپنی پارٹی صوبائی صدر جموں منجیت سنگھ نے کہا ہے کہ سیاسی جماعتوں کی طرف سے گمراہ کئے جانے پر لوگوں میں سخت مایوسی پائی جاتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ پچھلے تین سالوں میں کوئی تبدیلی دیکھنے کو نہیں ملی، جموں وکشمیر میں سیاسی صورتحال تبدیل نہ ہونے کی وجہ سے لوگوں کی زندگیوں میں بدلاؤ نہیں آیااور اُنہیں دفاتر میں بیروکریسی کی طرف سے نظر انداز کیاجارہاہے۔وہ سانبہ میں منعقدہ ایک پروگرام میں بول رہے تھے جس میں نیلم کماری کی قیادت میں درجن سے زائد معزز خواتین نے اپنی پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔ ان کا خیر مقدم کرتے ہوئے منجیت سنگھ نے اُمیدظاہر کی کہ اُن کی شمولیت سے متعلقہ علاقوں میں پارٹی کا خواتین کیڈر مضبوط ہوگا۔
چوائس بیسڈ کریڈٹ سسٹم CBCSکے تحت اردو کے ساتھ نا انصافی
انگریزی اور ہندی کے ساتھ اُردو کو بھی جگہ دی جائے: تحریک بقائے اُرود
جموں//ادبی تنظیم تحریک بوائے اُردو نے یونیورسٹی آف جموںکے ڈین اکیڈمک آفیئرس کی جانب سے جاری کردہ مندرجہ نوٹیفکیشن (21/اگست/جنرل/27) نوٹیفکیشن نمبر F.Acd./II/18/4129-4203 مورخہ: 24.05.2018 کے تسلسل میں ، نوٹیفکیشن F.Acd./II/19/2120-2179 مورخہ: 13.06.2019 اور نوٹیفکیشن نمبر F.Acd۔ /II/20/1856-1955 مورخہ: 26.08.2020 ،کے تحت وائس چانسلر کی منظوری سے آرٹس اور میڈیکل/نان میڈیکل انڈر گریجویٹ لیول پر چوائس بیسڈ کریڈٹ سسٹم کے تحت تعلیمی سیشن 2021-2022 کے نصاب میںنظرثانی شدہ سبجیکٹ کمبی نیشن کی لسٹ جا ری کی ہے جس میں اردو لٹریچر اور جنرل اردو کو نظر اندازکیا گیا ہے۔جس سے تمام اردو حلقے میں مایوسی کی لہر چھا گئی ہے۔اس نوٹیفکیشن کے میں ہندی اور انگریزی کو بطور خاص مضمون کے جگہ دی گئی ہے جبکہ اردو کو بطور MILرکھا گیا ہے۔اس کا اثر کالج ، یونیورسٹی کے ساتھ دیگر شعبہ جات میں بھی دیکھنے کو ملے گا۔ جواردو طلبا کے مستقبل کے ساتھ ایک کھلواڑ ہے ۔ لہٰذا تحریک بقائے اُردو جموں یونی ورسٹی کے ڈین اکیڈمک آفیئرس سے گذارش کرتی ہے کہ وہ اس نوٹیفکیشن پر نظر ثانی کرے۔ اس حوالے سے تحریک بقائے اُردو کے صدر نے صدر شعبۂ اردو پروفیسر محمد ریاض احمد سے فون پر رابطہ کیا تو انہوں نے بھی کہا کہ ہم بھی اس معاملے میں وائس چانسلر جموں یونیورسٹی سے بات کریں گے ۔