مینڈھر سڑک حادثے میں نوجوان از جان
جاوید اقبال
مینڈھر //سب ڈویژن مینڈھر کے سرحدی علاقہ اچھاد میں جمعے کی صبح پیش آئے ایک سڑک حادثے میں نوجوان لقمہ اجل بن گیا ۔مقامی ذرائع نے بتایا کہ اچاد علاقہ میں جمعے کی صبح ایک تیز رفتار ویگنر آر گاڑی سڑک سے لڑھک کر گہری کھائی میں جا گری جس کے نتیجے میں اس کے ڈرائیور کی موقع ہی موت واقع ہوئی۔متوفی کی شناخت 23 سالہ آشش کھجوریہ ولد ستیش کھجوریہ ساکن پونچھ کے بطور ہوئی ہے۔نوجوان پونچھ سے مینڈھر کی جانب آرہا تھا کہ اسی دوران بی ایس ایف کیمپ کے قریب گاڑی اس کے قابو سے باہر ہو کر گہری کھائی میں جا گری ۔دریں اثنا ایک پولیس افسر نے واقع کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس ضمن میں ایک کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی گئی ہیں۔
بھمبر گلی سیکٹر میں دراندازی کی کوشش ناکام
جاوید اقبال
مینڈھر// فوج نے پونچھ میں لائن آف کنٹرول کے بھمبر گلی سیکٹر میں دراندازی کی کوشش کو ناکام بنانے کے دوران ایک جنگجو کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔سب ڈویژن مینڈھر کے بھمبر گلی بریگیڈ کے قریب کانگہ گلی سیکٹر میں دراندازی کی کوشش کے دوران ایک در انداز کو ہلاک کر دیا گیا ہے ۔جموں میں قائم دفاعی ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ جمعرات اور جمعہ کی ’درمیانی رات کو فوج کی ایک گشتی پارٹی نے بھمبر گلی سیکٹر میں نامعلوم افراد کی مشتبہ نقل و حرکت دیکھی‘۔انہوں نے کہا کہ: ’دراندازی کی کوشش کرنے والے دہشت گردوں کوفوجیوں نے روکا۔ فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں ایک دہشت گرد مارا گیا‘۔دفاعی ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ ’مہلوک دہشت گرد کی لاش کو تحویل میں لے کر اْس کے قبضے سے اسلحہ وگولہ بارود برآمد کرکے ضبط کیا گیا ہے‘۔ مشترکہ آپریشن جاری ہے۔
منکوٹ میں 1درجن سے زائد واٹر سپلائی سکیمیں بند | بجلی کے 6سٹیشن دو برسوں سے نامکمل ،انتظامیہ ناکام
جاوید اقبال
مینڈھر //مینڈھر سب ڈویژن کے سرحدی بلاک منکوٹ میں اس وقت ایک درجن سے زائد واٹر سپلائی سکیمیں محکمہ کی نا اہلی کی وجہ سے بند پڑی ہوئی ہیں جس کی وجہ سے پسماندہ دیہات میں پینے کے صاف پانی کی شدید قلت پیدا ہو گئی ہے ۔رابطہ سڑکوں کے قریب فوج کی جانب سے لوگوں کو پینے کا صاف پانی گاڑیوں کے ذریعہ پہنچایا جارہا ہے جبکہ کئی کنبے قیمتی پانی کی گاڑیاں منگوانے پر مجبور ہیں لیکن سڑکوں سے پہاڑیوں پر آباد دیہات میں پینے کے صاف پانی کی شدید قلت پیدا ہو گئی ہے ۔بلاک ڈیو لپمنٹ کونسل چیئر مین منکوٹ نے مذکورہ بلاک میں دیگر پنچایتی اراکین کی موجود گی میں ایک بریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ منکوٹ بلاک میں انتظامیہ بالخصوص محکمہ جل شکتی اور محکمہ پی ڈی ڈی پوری طرح سے ناکام ہو گئے ہیں ۔مقامی سرپنچوں جن میں محمد سعید خان،محمد شریف چوہدری ،محمد عارس چوہدری ،محمد سلیم چوہدری ،محمد رزاق چوہدری ،محمد اظہر خان ،حاجی اسماعیل چوہدری وغیرہ کی موجودگی میں بی ڈی سی موصوف نے کہاکہ محکمہ پی ڈی ڈی کی جانب سے مرکزی حکومت کی ایک سکیم کے تحت بلاک میں بجلی کی معیاری سپلائی کیلئے چھ سٹیشنوں کی تعمیر کا عمل شروع کیا تھا لیکن گزشتہ دو برسوں سے مذکورہ سٹیشن بھی مکمل نہیں کئے گئے ہیں ۔انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ تعمیر اتی کمپنی کی جانب سے صرف کھمبے لگانے کے بعد کام کو یوں ہی چھوڑ دیا گیا ۔بلاک ڈیو لپمنٹ کونسل چیئر مین نے کہاکہ ضلع انتظامیہ کیساتھ ساتھ متعلقہ محکمے عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے میں پوری طرح سے ناکام ہو چکے ہیں ۔موصوف نے حکومت کی جانب سے منکوٹ اور بالاکوٹ بلاکوں میں بیکورڈ قرار دینے کے فیصلے کا استقبال کرتے ہوئے کہاکہ اس عمل سے پسماندہ علاقوں کی تعمیر وترقی ممکن بنائی جائے گی ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ محکمہ پی ڈی ڈی اور جل شکتی کے لاپروا ہ ملازمین کیخلاف کارروائی عمل میں لا کر عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں جبکہ واٹر سپلائی سکیموں کو دوبارہ سے فعال بنانے کیلئے عملی اقدامات اٹھائے جائیں ۔
منگلنا ڑ میں پانی سپلائی کئی عرصہ سے بند
پرویز خان
منجا کوٹ //راجوری ضلع کے سرحدی علاقہ منگلناڑ میں پینے کے صاف پانی کی سپلائی گزشتہ کئی عرصہ سے بند ہونے کی وجہ سے عام لوگوں کو شدید مشکلات درپیش ہیں ۔تحصیل منجا کوٹ میں آنے والے مذکورہ گائوں کی وارڈ نمبر ایک میں پانی کی سپلائی بند ہونے کی وجہ سے مکینوں کو شدید مشکلات درپیش ہیں جبکہ علاقہ کی خواتین کئی کلو میٹر کی پیدل مسافت طے کر کے پینے کیلئے صاف پانی لانے پر مجبور ہیں ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ محکمہ کی لاپرواہی کی وجہ سے بند ہوئی سپلائی کو ٹھیک کرنے میں کودئی دلچسپی نہیں لی جارہی ہے جبکہ پانی کی بند پڑی ہوئی سپلائی کیلئے محکمہ کے ملازمین وآفیسران سے بھی رابطہ کیا گیا لیکن ابھی تک کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا گیا ہے ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ علاقہ مکینوں کی مشکل کو حل کرنے کیلئے محکمہ کو ہدایت جاری کی جائیں ۔
مفرور کو پولیس نے گرفتار کرلیا
راجوری //جموں وکشمیر پولیس نے راجوری ضلع میں ایک مفرور کو گرفتار کر کے اس پر درج معاملہ کی تحقیقات دوبارہ سے شروع کر دی ہے ۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ پولیس سٹیشن منجا کوٹ میں درج ایک معاملہ زیر ایف آئی آر نمبر 155/2021اور 162/2021میں مطلوب محمد کبیر ولد فیروض دین سکنہ ساج کو پولیس نے ایک خصوصی کارروائی کے دوران گرفتار کر کے معاملہ کی مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ منجا کوٹ تحصیل کے پتراڑہ علاقہ میں کئے گئے جرم میں استعمال ہونے والی الٹو گاڑی زیر نمبر JK11E-6134کو بھی ضبط کرلیا گیا ہے جبکہ ان دونوں معاملات کی تحقیقات بھی شروع کر دی گئی ہیں ۔
بریری میں فوج نے طبی کیمپ لگایا
رمیش کیسر
نوشہرہ //فوج کی جانب سے نوشہرہ سب ڈویژن کے بریری گائوں میں ایک طبی کیمپ لگایا گیا جس کے بعد علاقہ مکینوں کو معیاری طبی سہولیات فراہم کی گئیں ۔اس موبائل طبی کیمپ کے دوران فوج کے ماہر ڈاکٹروں نے علاقہ کے مریضوں و مکینوں کا طبی معائینہ کرنے کیساتھ ساتھ مفت ادویات بھی فراہم کیں ۔اس طبی کیمپ کے دوران ڈاکٹروں نے علاقہ کے 72مریضوں کا طبی معائینہ کیا جن میں 35مرد 26خواتین اور 11بچے بھی شامل تھے ۔ڈاکٹروں نے لوگوں کو ادویات فراہم کرنے کیساتھ ساتھ مختلف بیماریوں کے سلسلہ میں بیدار بھی کیا ۔
دھیری رلیوٹ سکول کی لڑکیوں کی شاندار کارکردگی | ضلع سطح کے مختلف کھیلوں میں 4میڈل حاصل کئے
راجوری //ضلع راجوری کے گور نمنٹ ہائر سکینڈری سکول دھیری رلیوٹ کی لڑکیوں نے ضلع سطح کے مختلف کھیلوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4میڈل حاصل کئے ۔تحصیل منجا کوٹ کے سرحدی علاقہ میں قائم کر دہ سرکاری سکول میں زیر تعلیم 12ویں جماعت کی تنیا شرما نے لمبی چھلانگ اور جیو لین میں میڈل حاصل کرنے کے دوسرے دن ہی 200میٹر دوڑ میں شاند ار کارکردگی کا مظاہر ہ کرتے ہوئے تیسر میڈل جیت لیا ۔اس کے علاوہ مذکورہ ہائر سکینڈری سکول میں ہی زیر تعلیم غازیہ فردوس نے 15سو میٹر دوڑ میں تیسرا مقام حاصل کر کے میڈل حاصل کیا ۔غور طلب ہے کہ اس سے قبل گور نمنٹ ہائر سکینڈری سکول کے کھلاڑیوں نے مختلف کھیلوں میں سکول کا نام روشن کر کے کامیابیاں حاصل کی ہیں ۔لڑکیوں کے نمایاں کھیل پر سکول پرنسپل و دیگر سٹا ف ممبران نے دونوں کھلاڑیوں اور ان کے والدین کو مبارکباد پیش کی ہے ۔
چکھڑی میں عوام کی سہولت کیلئے کیمپ منعقد
حسین محتشم
پونچھ// تحصیلدار منڈی شہزاد لطیف خان نے دور دراز لوگوں کی سہولت کیلئے اپنے دورے جاری رکھے ہوئے ہیں۔اس دوران جمعہ کے روز انہوں نے اپنے فیلڈ سٹاف کے ہمراہ گورنمنٹ مڈل سکول چکھڑی بن میں ایک کیمپ لگایا۔ اس کیمپ کے دوران انہوں نے 255 پہاڑی اور ایس ٹی کیٹیگری کے افراد کو موقع پر ہی سرٹیفکیٹ جاری کیے۔اس دوران انہوں نے لوگوں کے دیگر مسائل بھی سنے اور ان کو حل کروانے کی یقین دہانی کی۔مقامی لوگوں نے تحصیلدار کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ جب سے انہوں نے تحصیلدار منڈی کا چارج سنبھالا ہے وہ عوامی خدمات انجام دے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ لوگ دفتروں کے چکر لگا لگا کر تھک جاتے تھے لیکن ان کے کام نہیں ہوتے تھے لیکن تحصیلدار منڈی نے گاؤں جا کر لوگوں کے مسائل سنے اور ان کو حل کرنے کی بھرپور کوشش کی جس کیلئے وہ ان کے مشکور ہیں اور ان کو دلی مبارک باد پیش کرتے ہیں۔
تاجر ایسوسی ایشن کے اشتراک سے ای -شرام کیمپ منعقد
حسین محتشم
پونچھ//عوام کو ای-شرام کارڈ اور دیگر سرکاری سکیموں کی جانکاری فراہم کئے جانے کا سلسلہ میں ضلع انتظامیہ پونچھ کی جانب سے اضافی ترقیاتی کمشنر عبدالستار ملک و اسسٹنٹ لیبر کمشنر عابد حسین شاہ کی قیادت میں قلعہ بازار تاجرایسوسی ایشن کے باہمی اشتراک سے قلعہ بازار میں ایک کیمپ منعقد کیا جس میں ریڑی پھڑی و دیگر چھوٹے کاروباروں اور مزدور افراد نے شرکت کی جن کو ای-شرام کارڈ موقعہ پر ہی بناکر دئے گئے ۔اس موقعہ پر قلعہ بازارایسوسی ایشن کے صدر راجیو ٹنڈن نے اس سکیم کے لئے ایک جانب جہاں مودی سرکار کی ستائیش کی ہے تاہم اس کیمپ کو منعقد کروانے کے لئے ضلع انتظامیہ کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے عوام کو اس سکیم کے متعلق شعور بیدار کیا اور انکے موقعہ پر ای-شرام کارڈ بھی بناکر دئے۔اس موقعہ پر قلعہ بازار کے تاجر مولوی محمد سعید،محمد امین ماگرے،پون کمار آنند،خلیل احمد ،سکھویندر سنگھ،حاجی عبدالرزاق،نریندر سنگھ تلوار، کلچرل ایکٹوسٹ پردیپ کھنہ و دیگران موجود رہے۔جنہوں نے انتظامیہ کا تعاون کرتے ہوئے عوام کو اس اسکیم کے متعلق جانکاری دی۔ انہوں نے ضلع انتظامیہ کے افسران کو مستقبل میں بھی تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
سرنکوٹ میں بیداری پروگرام کا انعقاد
بختیار کاظمی
سرنکوٹ//وومن ایمپاور منٹ سیل کی جانب سے گور نمنٹ ڈگری کالج سرنکوٹ میں خواتین کیخلاف سماجی تشداد کے حاتمے کے عالمی دن کے موقعہ پر ایک بیداری پروگرام کا اہتمام کیا گیا جس میں کالج منتظمین کیساتھ ساتھ طلباء نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔ ڈاکٹر مسرت جبین کنوینر ویمن ایمپاورمنٹ سیل نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا جس کے دوران انہوں نے پروگرام کے مقاصد پر روشنی ڈالی۔ اس موقع پر پروفیسر خلیق احمد قاضی ایچ او ڈی سوشیالوجی نے خواتین کے خلاف مختلف قسم کے تشدد کے بارے میں تفصیلی بات کی۔ انہوں نے کہا کہ"خواتین کی صحت اور صنفی مساوات کو سب کیلئے ایک حقیقت بنانے کیلئے آپسی اشتراک سے کام کرنا ہو گا ۔پروگرام کی صدارت کالج کے پرنسپل ڈاکٹر جسبیر سنگھ نے کی۔اپنے خطاب میں موصوف نے معاشرے میں خواتین کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔اس موقع پر ڈاکٹر خلیل ریشی، پروفیسر عافیہ زمان، پروفیسر رئیس احمد اور پروفیسر وسیم الحق، ڈاکٹر سرفراز میر، ڈاکٹر غلام مصطفیٰ بھی موجود تھے۔
حاجی محمد فاضل نجار انتقال کر گئے | کئی سرکردہ شخصیات نے کیا تعزیت کا اظہار
عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی // نامور عالمِ دین مولانا باغ حسین کے تایاالحاج محمد فاضل نجارسکنہ مستری محلہ ہسپلوٹ ڈنہ ، کا مختصر علالت کے بعد انتقال ہوگیا ہے۔ ان کی عمر تقریباً 83 تھی ۔ان کی نماز جنازہ جمعہ کے روز آبائی گاؤں ڈنہ ، ہسپلوٹ میں ادا کی گئی جس میں کئی سیاسی اور سماجی شخصیات کے علاوہ لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ مرحوم حاجی محمد فاضل نہایت ہی آسودہ خصائل، نرم دل اور انسان دوست شخصیت کے ساتھ ساتھ نہایت ہی شریف النفس اور سادہ طبیعت کے مالک تھے۔علاقے میں انھیں کافی عزت و احترام کی نگاہ سے دیکھا جاتا تھا۔اس موقع پر تھنہ منڈی کی کئی دینی سیاسی اور سماجی شخصیات نے تعزیت کا اظہار کیا ہے ۔ اپنے تعزیتی بیان میں چیئرمین میونسپل کمیٹی تھنہ منڈی شکیل احمد میر ، مسلم ایجوکیشنل کے سرپرست خورشید بسمل، ڈی ڈی سی ممبر عبدالقیوم میر، این سی لیڈر مشتاق شال ، بشیر احمد وانی و شمیم مغل، نذیر احمد گنائی ، عبدالغنی شال ، کونسلر الحاج محمد اقبال رینہ، صدر بیوپار منڈل حاجی غلام محی الدین عارف اور نائب صدر یونس خان کے علاوہ تھنہ منڈی کی تمام صحافی برادری نے نجار برادری کے ساتھ دلی تعزیت پیش کرتے ہوئے مرحوم کی حتمی بخشش و مغفرت اور جنت نشینی کیلئے خصوصی دعا کی ہے۔
کوٹرنکہ میں فائر اینڈ ایمر جنسی سروس دستیاب نہیں
محمد بشارت
کوٹرنکہ //سب ڈویژں کوٹرنکہ میں ابھی تک فائر اینڈ ایمر جنسی سروس دستیاب نہیں کی گئی ہے جس کی وجہ سے عام لوگوں کو مشکل وقت کے دوران کئی طرح کے مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔مکینوں نے بتایا کہ کوٹرنکہ ،راج نگر ،بدھل اور بڈھال وغیر علاقوں میں رہائشی پذ یر لوگوں کیلئے ابھی تک فائر اینڈ ایمر جنسی سروس فراہم نہیں کی جاسکی ہے جس کی وجہ سے آگ کے واقعات پیش آنے کے دوران لوگوں کو بھاری نقصان کا سامنا کرناپڑتا ہے ۔مقامی معززین نے بتایا کہ مشکل وقت میں بھی فائر سروس راجوری ضلع ہیڈ کوارٹر سے منگوائی جاتی ہے جبکہ 60کلو میٹر کی مسافت طے کرتے کرتے لوگوں کے رہائشی مکانا ت و تجارتی مراکز جل کر راکھ ہو جاتے ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ گزشتہ کئی عرصہ سے ضلع اور جموں وکشمیر انتظامیہ سے کوٹرنکہ سب ڈویژن میں فائر اینڈ ایمر جنسی سروس سٹیشن قائم کرنے کا مطالبہ کیا جارہا ہے لیکن ابھی تک اس جانب دھیان نہیں دیا گیا ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ کوٹرنکہ میں فائر اینڈ ایمر جنسی سروس سٹیشن قائم کیا جائے ۔
کوٹرنکہ میں 2درجن سے زائد ہینڈ پمپ ناکارہ
محمد بشارت
کوٹرنکہ // سب ڈویژن کوٹرنکہ کے مختلف علاقوں میں گزشتہ 2برسوں سے دو درجن سے زائد ہینڈ پمپ ناکارہ ہو گئے ہیں جس کی وجہ سے عام لوگوں کو پینے کے صاف پانی کی شدید قلت کا سامنا کرناپڑرہا ہے ۔انتظامیہ کی جانب سے سب ڈویژن میں قائم کردہ طبی مراکز و ہسپتالوں ،سرکاری سکولوں ،قصبوں اور دیگر مقامات پر کئی ہینڈ مپم نصب کئے گئے تھے تاہم لوگوں کو پینے کے صاف پانی جیسی بنیادی سہولیات میسر کی جاسکیں لیکن متعلقہ محکمہ کی لاپرواہی کی وجہ سے مذکور ہ ہینڈ پمپوں کی مشینری گزشتہ کئی عرصہ سے خراب پڑی ہوئی ہے جس کی وجہ سے کئی علاقوں میں پانی کی بحرانی صورتحال پیدا ہو گئی ہے ۔مقامی معززین و پنچایتی نمائندوں نے بتایا کہ مشینری کی مرمت کے لئے کئی مرتبہ متعلقہ حکام سے بھی رابطہ کیا گیا لیکن ابھی تک ان کی مرمت ہی نہیں کی جاسکی ۔لوگوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ محکمہ گرانڈ واٹر کو ہدایت جاری کی جائیں تاکہ مشینری کی مرمت کر کے ہینڈ پمپوں کو معیاری بنایا جاسکے ۔
کانگریس کے ضلع نائب صدر پی ڈی پی میں شامل
جاوید اقبال
مینڈھر //پی ڈی پی کی عوام دوست پالیسیوں اور جموں وکشمیر کی خصوصی پوزیشن کی منسوخی کے بعد پارٹی کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کو دیکھتے ہوئے کانگریس کے ضلع نائب صدر راجہ وسیم خان نے پی ڈی پی میں شمولیت اختیار کرلی ۔کانگریس لیڈر نے اس سلسلہ میں بالا کوٹ تحصیل کی نکہ منجہاڑی پنچایت میں پی ڈی پی کارکنوں کی جانب سے منعقدہ ایک تقریب کے دوران پارٹی میں شمولیت اختیار کر لی ۔پارٹی میں ان کا خیرمقدم کرتے ہوئے سردار وسیم احمد خان نے کہا کہ محبوبہ مفتی جموں و کشمیر میں غریبوں اور پسماندہ لوگوں کی آواز بن رہی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پی ڈی پی واحد پارٹی ہے جس کی قیادت نے بالاکوٹ کی سرحدی پٹی کے عام شہریوں کو تحفظ فراہم کرنے میں ایک اہم رول ادا کیا ہے ۔ان کے ساتھ شامل ہونے والوں میں شوکت خان جنجوعہ، حاجی رشید جنجوعہ، ظہیر احمد خان، رقیب احمد خان جنجوعہ، ریاض خان، عبدالرحمن خان، اعظم خان منہاس، رزاق خان منہاس، مظفر خان منہاس، سردار اشفاق خان، محمد حنیف بھٹی، محمد حنیف بھٹی، محفوظ خان شامل ہیں۔