وائس چیئرمینوں کاپنل نامزد
جموں//چیئرمین قانون ساز کونسل حاجی عنایت علی نے بجٹ اجلاس 2018-19کے لئے وائس چیئرمینوں کا پینل نامزد کیا۔پنل کے لئے نامزد کئے گئے ارکان میں علی محمد ڈار، ظفر اقبال منہاس اور رومیش اروڑہ شامل ہیں۔ایوان نے ایم ایل سی محمد مظفر پرے کے حق میں چھٹی بھی منظور کی جو کچھ دن کے لئے ایوان کی کارروائی میں شرکت نہیں کرسکیں گے۔
بہترین اراکین قانون سازیہ کے انتخاب کیلئے ایوارڈ کمیٹی تشکیل
جموں//سپیکر قانون ساز اسمبلی کویندر گپتا نے آج سال 2018 ء کے لئے بہترین ارکان کوچننے اور انہیں سالانہ ایوارڈ سے نوازنے کے لئے ایک ایوارڈ کمیٹی تشکیل دی ۔کمیٹی میں سابق سپیکر اسمبلی مرزا عبدالرشید ، سابق ایم ایل اے ڈاکٹر شفیع احمد وانی اور ٹربیون سے تعلق رکھنے والے دھنیش منہوترہ شامل ہوں گے اور یہ کمیٹی اپنی رپورٹ دسمبر 2018ء کے وسط تک سپیکر کو پیش کرے گی تاکہ اسی مہینے کے آخر میں ایوارڈس کا اعلان کیا جاسکے۔اس حوالے سے ایک نوٹیفکیشن میںکہا گیا ہے کہ کمیٹی کے ارکان کو کمیٹی کی میٹنگ میں شرکت کے لئے تنخواہیں اور الائونس جموں وکشمیر سٹیٹ لجیلسچر ایکٹ 1960 کے مطابق دیا جائے گا اور ہیڈ کوارٹروں پر ان کے رہنے کے لئے انتظامات میٹنگ سے پہلے ایک دن اور میٹنگ کے ایک دن بعد اسمبلی سیکرٹریٹ کی طرف سے کئے جائیں گے۔
راجوری اور ٹھاٹھری میں لڑکیوں کے ہاسٹلوں کی تعمیر
پرنسپل سیکرٹری کی قیادت میں میٹنگ، پیش رفت کا جائزہ لیا
جموں //اعلیٰ تعلیم محکمہ کے پرنسپل سیکرٹری ڈاکٹر اصغر حسن سامون نے پلوڑہ، راجوری، ٹھاٹھری، پلوامہ،بمنہ، کپواڑہ اور کرگل میں لڑکیوں کے ڈگری کالجوں میں تعمیر ہورہے بڑے7 ہوسٹلوں کی پیش رفت کا جائیزہ لیا۔ڈاکٹر سامون نے حصول اراضی ، کالجوں کی طرف جانے والے سڑکوں، رقومات کی واگذاری اور تعمیراتی کاموں کا جائیزہ لیا۔ اس موقعہ پر عمل آوری ایجنسی نے ہورہے کام کے بارے میں جانکاری دی۔پرنسپل سیکرٹری نے عمل آوری ایجنسی کو ہدایت دی کہ وہ اُن ہوسٹل عمارتوں کے کام میں تیزی لائیں جن کا ابتدائی کام مکمل کیا جاچکا ہے۔میٹنگ میں دیگر معاملات اور رکاوٹوں پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا گیا اور متعلقین سے فیڈ بیک بھی حاصل کیا گیا۔میٹنگ میں ڈائریکٹر رمسا، ڈائریکٹرکالجز اور کئی دیگر اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔
عوامی وفد کی ہانجورہ کے ساتھ ملاقات
جموں //چرارِ شریف حلقے سے تعلق رکھنے والے ایک وفد نے آج یہاں وزیر زراعت غلام نبی لون ہانجورہ کے ساتھ ملاقات کی اور انہیں حلقے میں لوگوں کو خاص طور سے بجلی کی عدم دستیابی کی وجہ سے درپیش مشکلات کے بارے میں جانکاری دی ۔ وفد نے وزیر کو بتایا کہ بجلی محکمہ بجلی کٹوتی کے شیڈول پر کوئی عمل نہیں کر رہا ہے اور یہ کہ لوگوں کو سردی کے ان ایام میں بار بار کی بجلی کٹوتی سے گوں نا گوں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔وزیر زراعت نے ضلع ترقیاتی کمشنر بڈگام کو موقعہ پر ہی ہدایات دیں کہ وہ حلقے میں بجلی کی صورتحال میں بہتری لانے اور بلا خلل بجلی کی دستیابی کیلئے فوری اقدامات کریں ۔ وزیر نے ضلع ترقیاتی کمشنر سے کہا کہ وہ چیف انجینئر پی ڈی ڈی کے ساتھ ایک میٹنگ منعقد کر کے چرارِ شریف کے رسیونگ سٹیشن کو بڑھاوا دینے کے امکانات تلاش کریں ۔
نیشنل کانفرنس اورپی ڈ ی پی اقتدارپرست:عبدالغنی وکیل
جموں//جموں وکشمیربچائوتحریک کے صدراورسابق وزیرعبدالغنی وکیل نے نیشنل کانفرنس اور پی ڈی پی پرالزام عائدکرتے ہوئے دونوں جماعتوں کے قائدین اقتدارکے بھوکے ہیں۔یہاں جاری پریس بیان میں عبدالغنی وکیل نے کہاکہ دونوں جماعتیں اقتدارکیلئے اصولوں کوملیامیٹ کرنے سے بھی گریزنہیں کرتی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پی ڈی پی نے 2014 کے اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کواقتدارسے دوررکھنے کیلئے ووٹ مانگے اور28حاصل کیں لیکن بعدمیں اسی جماعت کے ساتھ اقتدار کے لئے گٹھ جوڑ کیا اوراسی طرح کانفرنس جماعت نے مرحوم شیخ صاحب سے لیکرفاروق عبداللہ صاحب تک این سی کودھوکہ ہی دیالیکن پھربھی کانگریس جماعت کے ساتھ اتحاد ہے ۔انہوں نے کہاکہ شیخ صاحب کووزیراعلیٰ بناکرجماعت واپس لی اورفاروق صاحب کو14ممبران اسمبلی کودلبدلی کرواکراقتدارسے بے دخل کیا۔عبدالغنی وکیل یہاں گاندھی نگرمیں پارٹی کے کارکنوں سے خطاب کررہے تھے۔انہوں نے ریاست بالخصوص وادی کشمیرمیں ہرقسم کی افراتفرقی کیلئے خاندانی راج کوموردالزام ٹھہرایا۔ انہوں نے کہاکہ خاندانی راج سے ہی مسئلہ کشمیرپیداکیاہے اور بعدمیں اس مسئلے کوحل کرنے کی طرف کوئی سنجیدگی نہیں دکھائی گئی بلکہ ریاست میں غیریقینی صورتحال قائم رکھنے میں ہی خیرسمجھی تاکہ لوٹ کھسوٹ جاری رکھی جاسکے۔
راجیوگاندھی پنچایتی راج سنگھٹن کے کنوینروں کی نامزدگی
پرمجیت سنگھ صوبائی کنوینرجبکہ راشدمغل زونل کنوینر
جموں//ریاستی کنوینرراجیوگاندھی پنچایتی راج سنگھٹن اورجنرل سیکریٹری جموں وکشمیرپردیش کانگریس کمیٹی نے راجیوگاندھی پنچایتی راج سنگھٹن کے کنوینروں کی نامزدگی کااعلان کیا۔یہاں جاری پریس ریلیزکے مطابق پرمجیت سنگھ کوصوبہ جموں کاکنوینر جبکہ راشدلطیف مغل کورام بن،ڈوڈہ اورکشتواڑکیلئے زونل کنوینربنایاہے۔اسی طرح کٹھوعہ کیلئے کرن سنگھ کوضلع کنوینر، سانبہ کیلئے وجے ٹگوترہ کوضلع کنوینر،ادھم پورکیلئے سورم چندکوضلع کنوینر، ضلع رام بن کیلئے چوہدری فاروق کوضلع کنوینر، ڈوڈہ کیلئے نصیربٹ کوضلع کنوینر، کشتواڑکیلئے ذاکرکین کوضلع کنوینراورریاسی کیلئے جگدیش شرماکوضلع کنوینرنامزدکیاہے۔واضح رہے کہ راجیوگاندھی پنچایتی راج سنگھٹن کانگریس کی ذیلی اکائی ہے جس کاقیام اس وقت کی پارٹی صدرسونیاگاندھی نے عمل میں لایاگیاتاکہ پنچایت راج اداروں کواختیارات کی منتقلی کیلئے جدوجہداوراقدامات اٹھائے جائے سکیں۔ جموں وکشمیرمیں راجیوگاندھی پنچایتی راج سنگھٹن شاہنوازچوہدری کی قیادت میں نمایاں کام انجام دے رہاہے۔
گوجربکروال طبقہ کے مسائل پراظہارتشویش
جموں//صاف ستھرامومنٹ کااجلاس تنظیم کے چیئرمین شوکت چوہدری کی صدارت میں منعقدہواجس میں تنظیم کے عہدیداران نے شرکت کی۔اس دوران خطاب کرتے ہوئے شوکت چوہدری نے گوجربکروال طبقہ کے مسائل پرتشویش کااظہارکیا۔انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت خانہ بدوش گوجربکروالوں کونظراندازکررہی ہے ۔انہوں نے کہاکہ بیشترگوجربکروال آبادی سرکاری سکیموں کے فوائدسے محروم ہے۔انہوں نے کہاکہ گوجربکروال ہوسٹلوں میں وارڈن حضرات کی لوٹ کھسوٹ سے طبقہ کیلئے جاری ہونے والی رقومات کاغلط استعمال ہورہاہے ۔انہوں نے کہاکہ ہوسٹلوں میں وارڈنوں کوپوچھنے والاکوئی نہیں ہے اوربچوں اوربچیوں کومناسب سہولیات دستیاب نہیں ہورہی ہیں ۔انہوں نے ہوسٹلوں میں رقومات کے خردبردکی ویجی لینس تحقیقات کامطالبہ کیا۔ شوکت چوہدری نے اوقاف اسلامیہ پرزوردیاکہ وہ دیگراضلاع کے لوگوں کے بجائے جموں کے مقامی مسلمانوں کودکانیں الاٹ کریں ۔
نکی محلہ سدھرا میں پینے کے پانی کی قلت
جموں//جموں میونسپل کارپوریشن کے وارڈ 71میں گزشتہ کئی روز سے پانی کی سپلائی بند ہے جس کی وجہ سے عوام کا پریشان ہونا قدرتی بات ہے متعلقہ حکام سے جب اس بارے میں شکایت کی جاتی ہے تو ان کاسیدھا سا جواب ہوتا ہے کہ موٹر سٹر گئی ہے ۔نکی محلہ میں تو پانی سپلائی کا کوئی شیڈول ہی نہیں ہے۔اس محلہ کے لوگوں کا کہنا ہے کہ اگر اس نظام کو درست نہ کیا گیا تو وہ محکمہ پی ایچ ای کے خلاف مظاہرے کرنے کے لئے سڑکوں پر آنے کے لئے مجبور ہو جائیں گے۔
ضلع ترقیاتی کمشنرادہم کاقومی شاہراہ دورہ
لوگوں کودرپیش مشکلات کاجائزہ لیا
ادہم پو//ضلع ترقیاتی کمشنر ادہم پور نے ضلع کے متعدد علاقوں کا دورہ کیا اور ترقیا تی کاموں کاجائیزہ لیا اس کے علاوہ انہوں نے قومی شاہراہ کو کشادہ بنانے کی وجہ سے لوگوں کو پیش آرہی مشکلات کا بھی جائیزہ لیا ۔ بھارت نگر میں لوگوں کے ساتھ بات چیت کے دوران پینے کے پانی کی کمی کے مسلے کو حل کرنے کے لئے انہوں نے موقعہ پر ہی متعلقہ حکام کو ہدایا ت دیں۔گاڑیوں کی آمد رفت کو معمول کے مطابق بنائے رکھنے کے لئے سی آرپی کیمپ کو دوسری جگہ منتقل کرنے کا معاملہ بھی زیر بحث لایا گیاڈی ڈی سی نے اس سلسلے میں کمانڈنٹ سی آرپی ایف کو ضروری ہدایات دیںاس کے علاوہ انہوں نے سی ای او سے کہا کہ وہ کوڑا کرکٹ جمع کرنے کے لئے مناسب جگہ کی نشان دہی کریں تاکہ اس دیرانہ مسئلے کا مستقل حل نکل سکے۔اور قومی شاہراہ کی تعمیرمیں حائل رکاوٹ کو دور کیا جاسکے۔ایس ایس پی ریئس احمد بٹ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کرشن لال ،اسسٹنٹ کمشنر رینوسبھاش ڈوگرہ اور دیگر افسران بھی اس دورے کے دوران ڈی ڈی سی کے ہمراہ تھے۔
سلاتھیہ کی سانبہ میں نگرکیرتن میں شمولیت
وجے پور//سابق وزیر اور نیشنل کانفرنس کے ریاستی نائب صدرنے گوروگوبند سنگھ جی کے پرکاش اتسو میں ہزاروں لوگوں کے ساتھ شامل ہو کر شرکت کی ۔ نگر کیرتن موضع پنگدورسانبہ سے شروع ہوکر گوردارہ صاحب بارین سانبہ میں اختتام پذیر ہوا۔لوگوں کو اس مبارک موقعہ مبارک باد پیش کرتے ہوئے سلاتھیہ نے کہا کہ گورو گوبند سنگھ جی ایک بہادر اور انصاف پسند شخصیت تھے جنہوں نے بھائی چارے اور مساوات کی بنیادوں پر ایک صحت مند سماج کی مضبوط بنیادیں ڈالیں ۔انہوں نے کہا کہ موجودہ وقت میں گورو جی کی تعلیمات پر عمل کرنے کی اشد ضرورت ہے۔سلاتھیہ نے اس موقعہ پر ریست کی ترقی اور خوشحالی کی پرارتھنا کی۔
رہائشی زمین کاتجارتی مقاصدکیلئے استعمال
جے ایم سی نے عمارت کوسربمہرکردیا
جموں//جموں میونسپل کارپوریشن کے کمشنر رمیش کمار کی ہدایات پر راجیش شرما جوائنٹ کمشنر کی قیادت میں انفورسمنٹ عملہ نے قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کاروائی عمل میں لائی اور انیل چوہان ولد رمیش چوہان 84بی بی گاندھی نگر جموں کے مکان کو سر بمہر کردیا کیونکہ اس نے رہائیشی زمین کو تجارتی مقاصد کے لئے استعمال لایا تھا ۔ اس کے علاوہ اس ٹیم نے پالی تھین بیگوں کے استعمال کے خاتمہ کے پیش نظر متعدد دکانوں کا بھی معائینہ کیااور کئی دکانوں سے بھاری مقدار میں پالی تھین بیگ ضبط کئے اور قصور واروں سے 10600.00روپئے بطور جرمانہ وصول کئے گئے۔ٹیم نے دکان داروں اور لوگوں سے کہا کہ وہ پالی تھین کا ہر گز استعمال نہ کریں کیونکہ یہ انسانی صحت اور ماحول کے لئے سخت نقصان دہ ہے۔دریں اثنا جموں میونسپل کارپوریشن نے لوگوں سے اپیل کی ہے وہ غیر قانونی تعمیرات سے اجتناب کریں بصورت دیگر قصور واروں کے خلاف ضابطے کے تحت کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔
سنٹرل یونیورسٹی میں دانتوں کی صحت سے متعلق لیکچر
جموں//سنٹرل یونیورسٹی کی جانب سے یہاں دانتوں کی صحت اور ان کی دیکھ ریکھ سے متعلق ڈاکٹر گوتم شرما ڈینٹل سرجن نے لیکچردیا۔ڈاکٹر شرما نے اس موقعہ پر شرکا ء کو دانتوں کی متعدد بیماریوں اور احتتیاتی تدابیر کے بارے میں جانکاری دی۔اس کے علاوہ انہوں نے ناقابل علاج دانتوں کے بدلے نئے دانت لگانے سے متعلق بھی جدید ٹیکنالوجی کے بارے میں بھی ضروری معلومات فراہم کیں۔اس دوران سوال جواب کاایک سیشن بھی ہوا جو کہ ایک لیکچر پر اختتام پذیر ہوا۔