ہائی کورٹ میں لوک عدالت کا انعقاد
جموں//آج جموں وکشمیر ہائی کورٹ کی دونوں شاخوں میں قومی لوک عدالتوں کا اہتمام کیا گیا جس دوران مختلف نوعیت کے معاملات نمٹائے گئے اور دو کروڑ روپے سے زائد کا معاوضہ ایوارڈ کیا گیا ۔ ان لوک عدالتوں کا انعقاد جموںوکشمیر ہائی کورٹ لیگل سروسز کمیٹی نے چیف جسٹس جموں وکشمیر ہائی کورٹ جسٹس بدر دُریز احمد کی سرپرستی اور چیئرمین ہائی کورٹ لیگل سروسز کمیٹی جسٹس علی محمد ماگر ے کی رہنمائی میں کیا گیا۔ کیسوں کی شنوائی کے لئے تین بنچ تشکیل دئیے گئے تھے ۔ ان لوک عدالتوں کے ذریعے 28ایم اے سی ٹی معاملات کے علاوہ بینک ریکوری کے 13معاملات اور دیگر کئی کیس افہام تفہیم کے ذریعے نمٹائے گئے ۔لوک عدالتوں کے ذریعے سے 23179381 روپے بھی معاوضے کے طور پر ایوارڈ کئے گئے ۔
جمہوری اقدار کو تقویت بخشنے میں میڈیا کا کلیدی رول: نائب وزیر اعلیٰ
پی ٹی آئی ملازمین فیڈریشن کی قومی سالانہ جنرل میٹنگ سے خطاب
نئی دلی//نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر نرمل سنگھ نے کہا ہے کہ قانون سازیہ اور عدلیہ کے بعد جمہوری اقدار کو تقویت بخشنے میں قابل اعتماد اور معتبر ذرائع ابلاغ کا ایک کلیدی رول ہے۔نائب وزیر اعلیٰ آج یہاں پی ٹی آئی ملازمین کی فیڈریشن کی قومی سالانہ جنرل میٹنگ سے خطاب کر رہے تھے۔انہوں نے کہاکہ خبریں دینے والی تنظیموں کو میڈیا اقدار کی پاسدار ی کر کے اس بات کو یقینی بنانا چاہیئے کہ قارئین تک بامقصد اور قابل اعتبار خبر پہنچے۔انہوںنے ذرائع ابلاغ میں اعتباریت کے تصور کو اُجاگر کرتے ہوئے کہا کہ صحافیوں کو اپنے فرائض انتہائی پیشہ وارانہ طریقے سے انجام دینے چاہیئے۔انہوں نے کہا کہ ایسی خبر جسے ذرائع ابلاغ کے اعتماد پر منفی اثر پڑتا ہو کو ترجیح نہیں دی جانی چاہیئے اور اسے خارج کیا جانا چاہیئے۔انہوں نے کہاکہ سرکاراور میڈیا اداروں کو حقائق پر مبنی خبر کی نفی کرنے کے لئے اپنی تجاویز سامنے رکھنی چاہئیں۔اس تقریب میں پی ٹی آئی اور دیگر اداروں سے جڑے صحافیوں اور دیگر ملازمین نے شرکت کی۔تقریب میں کانگریس لیڈر منیش تیواری ، ڈی جی انڈین انسٹی چیوٹ آف ماس کمیونکیشن کے جی سریش ، بی جے پی کے سینئر ممتاسنگھ اور پی ٹی آئی کے نیشنل کونسل ممبران نے بھی شرکت کی۔
مسلم فیڈریشن جموں کی مذمت
جموں//سنجواں فوجی کیمپ پر ہوئے حملہ کی پر زور الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے مسلم فیڈریشن جموںنے اسے ایک شر انگیز حرکت قرار دیا ہے ۔ پریس ریلیز کے مطابق فیڈریشن کا ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں اس حملہ کو بزدلانہ قرار دیتے ہوئے مقررین نے کہا کہ ایسی ناپاک حرکت جموں کے روایتی بھائی چارے کو زک پہنچانے کی کوشش ہے ۔میٹنگ میں جموں کے تمام مکاتب فکر سے اس موقف پر ایک جٹ ہو کر صدیوں پرانے بھائی چارہ کو تقویت دینے کی اپیل کی ہے مزید برآں سرکار اور سیکورٹی ایجنسیوں پر زور دیا گیا ہے کہ وہ ایسے حملوں کے سد باب کیلئے موثر لائحہ عمل تیار کر کے امن کو زک پہنچانے والوں کے منحون ارادوں کو ناکام بناتے ہوئے عوام کو یہ پیغام پہنچائیں کہ مستقبل میں ایسے حملوں کو روکنے کے لئے موثر اور کارگر قدم اٹھائے جائیں گے۔
کالج ٹیچرز ایسو سی ایشن کی میٹنگ
جموں//کالج ٹیچرزایسوسی ایشن جموں و کشمیر ونگس کی ایک میٹنگ آج یہاں منعقد ہوئی جس میں اسسٹنٹ اور ایسوسی ایٹ پروفیسروں کو بطور گائیڈز/کو گائیڈزخدمات انجام دینے کے سلسلے میں حکومت کی طرف سے جاری کئے گئے حکم نامے پر جے یو ٹی اے اور کے یو ٹی اے کے بیانات پر شدید رد عمل ظاہر کیا گیا۔حکومت نے آرڈر نمبر 77heبتاریخ8فروری 2018 کے تحت محکمہ اعلیٰ تعلیم نے اسسٹنٹ /ایسوسی ایٹ پروفیسروں کو ایم فل /پی ایچ ڈی سکالروں کے لئے گائیڈز / کو گائیڈزکا مختار بنایا ہے ۔ سی ٹی اے نے میٹنگ میں جے یو ٹی اے اور کے یو ٹی اے کی جانب سے دی گئی وجوہات کو یکسر طور مسترد کر دیا ہے۔سی ٹی اے نے مزید کہا کہ یونیورسٹی ٹیچرز تحقیقی ماحول کو ختم کرنا چاہتے ہیں۔
ڈوگرہ صدر سبھا کے خواتین ونگ کا اجلاس
جموں//ڈوگرہ صدر سبھا کے اغراض و مقاصد خاص طور پرخواتین کی فلاح و بہبود اور انہیں بااختیار بنانے کے منصوبوں کو عملی جامہ کے لئے ڈی ایس ایس کی مہلا ونگ کی ایک میٹنگ منعقد ہوئی جس کی صدارت سبھا کے صدر و سابق وزیر گل چین سنگھ چاڑک نے کی۔چاڑک نے اس موقعہ پر ان خواتین کو مبارک باد پیش کی جنہوں نے زندگی کے مختلف شعبوں میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیںاس موقعہ پر فیصلہ لیا گیا کہ اس طر کی تقریبات ہر سال منعقد کی جائیں گی ۔اس موقعہ پر پروفیسر انیتا بلوریہ کے علاوہ دیگر خواتین بھی موجود تھیں،اس موقعہ پر مہلا ونگ کی ممبران نے ریاست میں بڑھ رہے منشیات کے واقعات پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا۔
لل دید سوسائٹی نے ’’فروٹ سٹریونگ‘ پیش کیا
جموں//لل دید ویلفیئر سوسائٹی نے اپنے سنیچر وار کے نکڑ سیریز کے تحت ’’فروٹ سٹریونگ‘‘ڈرامہ پیش کیا گیا ۔اس موقعہ پر علاقہ کے کافی تعداد میں معزز شہری موجود تھے۔ اس ڈرامہ کے مصنف سوریہ نارائین اور ہدایت کارنوین پال ہیں ۔ اس ڈرامہ کا آغاز ایک ناٹو سے ہواجس نے اپنی سخت محنت سے ایک اچھی خاصی رقم جمع کی ہوتی ہے اس کے علاوہ وہ اپنی گھریلو ضروریات بھی پوری کرتا ہے جس پر اس کے دوست اس سے حسد کرتے ہیں اور اسے ہمیشۃ ناکام بنانا چاہتے ہیںمگر ناٹو ایک خدا پرست آدمی ہوتا ہے اور ہر ایک کے ساتھ اچھا کرنے کی پالیسی پر گامزن رہتا ہے۔
ہائوس کمیٹیوں کی رپورٹ ایوان میں پیش
جموں//مختلف ہائوس کمیٹیوں کے چئیر مین نے قانون ساز اسمبلی میں متعلقہ کمیٹیوں کے رپورٹ پیش کئے ۔ گورنمنٹ ایشورنسز کمیٹی کے چئیرمین رویندر رینہ نے نوانگ رگزن جورا کے بدلے کمیٹی کی 22 ویں رپورٹ جبکہ ایم وائی تاریگامی نے ماحولیاتی کمیٹی کی تیسری رپورٹ پیش کی ۔ بشیر احمد ڈار نے کمیٹی برائے سبارڈینیٹ لیجسلیشن کی رپورٹ جبکہ محمد یوسف بٹ نے پرولیجز کمیٹی کی رپورٹ ایوان کے سامنے رکھی ۔ یاور احمد میر نے چودھری سکھ نندن کمار کے بدلے پٹیشنز کمیٹی کی رپورٹ جبکہ عبدالرحیم راتھر نے اتھیکس کمیٹی کی سالانہ رپورٹ ایوان کے سامنے رکھی ۔
کمیشن برائے بیک ورڈ کلاسز کی مدت میں پانچ سال کی توسیع
جموں//قانون ساز اسمبلی نے کل جموں کشمیر سٹیٹ کمیشن فار بیک ورڈ کلاسز ایکٹ 1997 میں ترمیم سے متعلق ایک بل پاس کیا جس کا مقصد کمیشن کے چئیر پرسن اور ارکان کی مدت میں پانچ سال کی توسیع کرانا ہے ۔ یہ بل سماجی بہبود کے وزیر سجاد غنی لون نے پیش کیا ۔ اس موقعہ پر وزیر موصوف نے اس ترمیمی بل کے مقاصد پر تفصیل سے روشنی ڈالی ۔ اس دوران رویندر رینہ ، جیون لال ، جی ایم سروری ، عثمان عبدالمجید ، مبارک گُل ، وقار رسول وانی ، آر ایس پٹھانیہ ، شاہ محمد تانترے ، یاور احمد میر ، الطاف احمد وانی ، شکتی راج پریہار ، محمد شفیع اوڑی ، جاوید حسن بیگ اور ست پال شرما نے بل کی حمایت کی ۔ بعد میں ایوان نے زبانی ووٹ کے ذریعے بل کو پاس کیا ۔
رسیونگ سٹیشنوں کو مرحلہ وار طریقے پر بڑھاوا دیا جائے گا : آسیہ نقاش
جموں//حکومت نے کہا ہے کہ ریاست میں اوور لوڈڈ رسیونگ سٹیشنوں کو بڑھاوا دینے کا کام مرحلہ وار طریقے پر ہاتھ میں لیا جائے گا تا کہ لوگوں کو بہتر بجلی کی سہولیات دستیاب ہو سکیں ۔ بجلی کی وزیر مملکت آسیہ نقاش نے ایوانِ زیریں میں مبارک گُل کی توجہ دلاؤ نوٹس کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ اس وقت وادی میں 1900 ایم ڈبلیو بجلی کی مانگ ہے جس میں سے 1190 میگاواٹ کو پورا کیا جاتا ہے جبکہ باقی کیلئے بجلی کٹوتی کرنا پڑتی ہے ۔ دریں اثنا اے آر راتھر کی توجہ دلاؤ نوٹس کا جواب دیتے ہوئے وزیر موصوفہ نے کہا کہ ککر ناگ علاقے میں بجلی کی صورتحال میں مزید بہتری لانے کیلئے تین بڑے رسیونگ سٹیشنوں کو بڑھاوا دیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ علاقے میں بجلی کی صورتحال میں مزید بہتری لانے کیلئے گرڈ سٹیشن بچو کو 100 ایم وی اے تک بڑھاوا دینے کیلئے ایک ڈی پی آر بھی تیار کیا جا رہا ہے ۔
ساتذہ کی 2154 اسامیاں ایس ایس بی کو ریفر
جموں//تعلیم کی وزیر مملکت پریا سیٹھی نے کل ایوان میں جاوید احمد رانا کی توجہ دلاؤ نوٹس کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ حکومت لیکچرروں کی آسامیاں پُر کر رہی ہے یہاں تک کہ حال ہی میں 933 لیکچرروں کی سلیکشن فہرست جاری کی گئی ۔ وزیر موصوفہ نے مزید کہا کہ پونچھ ضلع میں منظور شدہ کُل 309 لیکچرر آسامیوں میں سے 84 آسامیاں خالی پڑی ہیں ۔ پریا سیٹھی نے مزید کہا کہ ڈائریکٹ کوٹا کے تحت اساتذہ کی 2154 اور غیر تدریسی 1296 آسامیاں تیز تر بنیادوں پر پُر کی جا رہی ہیں ۔
ٹرانسفر آف پراپرٹی ایکٹ 1977 میں ترمیم کو منظوری
جموں//ایوان نے آج جموں کشمیر ٹرانسفر آف پراپرٹی ایکٹ سموت 1977 میں ترمیم سے متعلق ایک بل پاس کیا ۔ یہ بل مال ، حج و اوقاف اور پارلیمانی امور کے وزیر عبدالرحمان ویری نے ایوان میں پیش کیا جسے تفصیلی بحث کے بعد ایوان نے صوتی ووٹ سے پاس کیا ۔ اس موقعہ پر وزیر موصوف نے اس بل کے اغراض و مقاصد پر تفصیل سے روشنی ڈالی ۔
کربلائی کی زخمی بیٹی کو بہتر طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت
جموں//مال ، حج و اوقاف اور پارلیمانی امور کے وزیر عبدالرحمان ویری نے ایوان کو جانکاری دی کہ وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے ہدایت دی ہے کہ موجودہ ایم ایل اے اصغر علی کربلائی کی دُختر کو بہتر طبی سہولیات دستیاب کرانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جانے چاہئیں وہ جمعہ کی رات کو اپنی رہایش گاہ پر گیس سلینڈر پھٹنے سے زخمی ہوئی تھیں ۔ وزیر موصوف اعجاز احمد خان کی طرف سے ایوان میں یہ معاملہ اجاگر کرنے کے بعد بول رہے تھے ۔ وزیر نے کہا کہ حکومت مریضہ کو خصوصی علاج و معالجے کیلئے دہلی منتقل کرنے کی خاطر ایک ائیر ایمبو لینس کا انتظام کرے گی ۔
سٹیٹ روڈ سیفٹی کونسل سے متعلق بِل منظور
جموں //قانون ساز اسمبلی نے کل سٹیٹ روڑ سیفٹی کونسل اور روڑ سیفٹی فنڈ سے متعلق ایک بِل منظور کیا۔ یہ بل ٹرانسپورٹ کے وزیر مملکت سنیل شرما نے ایوان میں پیش کیا تھا جسے زبانی ووٹ کے ذریعے پاس کیا گیا۔بِل کے مقاصد پر روشنی ڈالتے ہوئے وزیر موصوف نے کہا کہ حکومت ریاست کے عوام کو ٹرانسپورٹ کا بہتر اور محفوظ نظام دستیاب کرانے کی وعدہ بند ہے۔انہوںنے کہاکہ بل کی بدولت ریاست میں سٹیٹ روڑ سیفٹی کونسل کا قیام اور روڑ سیفٹی فنڈ کی عمل آوری ممکن ہوسکے گی۔