وومن کالج گاندھی نگرمیں ونٹرکیمپ اختتام پذیر
جموں//پی جی کالج فاروومن گاندھی نگر جموں کے این ایس ایس کی جانب سے منعقدہ دس روزہ ونٹرکیمپ اختتام پذیرہوگیاہے۔یہ کیمپ 5فروری کوشروع ہوکر14 فروری کواختتام پذیرہوا۔کیمپ کے دوران مختلف شعبوں کے ماہرین کی جانب سے بیداری لیکچروں کااہتمام کیاگیا ۔دویاکپور پیڈی لائٹ نے گلاس پینٹنگ ،ووڈن فیس ،ٹائی اورڈائی کی تربیت دی۔کیمپ میں شامل طالبات پرکالج میں صفائی کااہتما م کرنے پرزوردیا۔کالج پرنسپل ڈاکٹرکوشل سموترہ نے این ایس ایس یونٹ کوکیمپ کے کامیابی سے اختتام پذیرہونے کیلئے مبارکبادپیش کی۔
جموں میں ویٹرنری یونیورسٹی کے قیام سے متعلق بیان کی ستائش
جموں//ایسوسی آف ویٹرنری ٹیچرس اینڈسائنٹسٹس ،سکاسٹ جموں نے ڈاکٹر نریندرسنگھ جنرل سیکریٹری بی جے پی کے بیان کہ بہت جلد جموں میں ویٹرنری یونیورسٹی قائم کی جائے گی۔یہاں جاری پریس بیان میں ایسوسی ایشن آف ویٹرنری ٹیچرس اینڈ سائنٹسٹس ،سکاسٹ جموں نے کہاکہ لائیوسٹاک ریاست جموں وکشمیرکی معیشت کیلئے اہمیت کاحامل ہے ۔ دیہی آبادی بالخصوص شیڈولڈٹرائب لوگوں کاگذربسرہی مال مویشی پرمنحصر ہے اوریونیورسٹی کے قیام سے اس پیشے کوفروغ ملے گاجس کی وجہ سے معیشت میں بہتری آئے گی۔ایسوسی ایشن کے عہدیداران نے کہاکہ ویٹرنری سیکٹرمیں تحقیق کے راستے ہموارہوں گے خاص طورپرلوگوں کوروزگارکے مواقعے بھی حاصل ہوں گے اوردیہی لوگوں کی اقتصادی حالت بہترہوگی۔
الکامیموریل میتھ میٹیکل کمپی ٹیشن میں پہلی پوزیشن
ڈگری کالج سانبہ میں ساحل شرماکی عزت افزائی
جموں//گورنمنٹ ڈگری کالج سانبہ کی چھٹے سمسٹرکی طالبہ ساحل شرما نے 28 جنوری 2010 کوڈیپارٹمنٹ آف میتھ میٹیکس جموں یونیورسٹی کے زیراہتمام منعقدہ الکامیموریل میتھ میٹیکل کمپی ٹیشن (انڈرگریجویٹ) میں پہلی پوزیشن حاصل کی ہے۔ ڈگری کالج سانبہ کے میتھ میٹکس ڈیپارٹمنٹ نے ساحل شرماکی عزت افزائی کیلئے تقریب کاانعقاد کیااورطلباء کومحنت کرنے کی تلقین کی۔ اس دوران کالج کے پرنسپل ڈاکٹرجی ایس رکوال نے طالبہ اورایچ اوڈی میتھ میٹکس ڈاکٹر امبیکابٹ کومبارکبادپیش کی۔
اکھنور میں مہا شوراتری کی اختتامی تقریب
کوہلی نے ریاست کی تعمیر و ترقی کیلئے دعا کی
جموں/کمیشور مہا دیو مندر اکھنور کی انتظامیہ کمیٹی نے مہا شوراتری کے سلسلے میں ایک اختتامی تقریب کا اہتمام کیا ۔جس میں ملک کے بہت سارے لوگوں نے حصہ لیا ۔ پشو و بھیڑ پالن کے وزیر عبدالغنی کوہلی نے تقریب میں حصہ لیا ۔ ارکانِ اسمبلی سکھنندن کمار چودھری ، راجیش گپتا ، راجیو شرما اور رومیش ارورہ نے تقریب میں شرکت کی ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر نے سادھو اور سنتوں کی تعلیمات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ہمیں اُن کی تعلیمات پر سختی سے عمل کرنا چاہئیے ۔ اس موقعہ پر خصوصی پرارتھنا سبھا منعقد ہوئی اور ریاست کی امن و شانتی و تعمیر و ترقی کیلئے دعا کی ۔
کالراکاکھیل امورپرگورنر کے ساتھ تبادلہ خیال
جموں/ سپورٹس اینڈ یوتھ افئیرز گورنمنٹ آف لکشدیپ رنجیت کالرا اور ممبر جے اینڈ کے سٹیٹ سپورٹس کونسل نے راج بھون میں گورنر این این ووہرا سے ملاقات کی اور انہیں ریاست میں سپورٹس کلچر کو بڑھاوا دینے کے سلسلے میں اٹھائے جا رہے اقدامات کے بارے میں جانکاری دی ۔
وائس چانسلر سکاسٹ جے اورامر ناتھ جی یاترا ورکرزگورنر سے ملاقی
جموں/ وائس چانسلر شیر کشمیر یونیورسٹی آف ایگریکلچر اینڈ سائینسز اینڈ ٹیکنالوجی جموں ڈاکٹر پردیپ کمار شرما راج بھون میں گورنر این این ووہرا جو یونیورسٹی کے چانسلر بھی ہیں ، سے ملاقات کی ۔ ڈاکٹر شرما نے گورنر کو یونیورسٹی کی کارکردگی اور کرشی وگیان کیندروں کے انتظامی معاملات کے بارے میں جانکاری دی ۔ گورنر نے وائس چانسلر سے کہا کہ وہ تحقیقی کام انجام دیتے ہوئے اس بات کو مدِ نظر رکھیں کہ کسانوں کی آمدنی دوگنی کرنے میں یونیورسٹی کا رول سب سے اہم ہے ۔ انہوں نے تدریسی پروگراموں میں بہتری لانے اور ریسرچ پروگراموں کے بہتر نتایج حاصل کرنے پر زور دیا ۔ دریں اثنا معروف کنٹریکٹر حاجی وزیر محمد زارا جو ریاستی پی ڈبلیو ڈی اور شرائین بورڈ میں کام کرتے آئے ہیں ، نے گورنر این این ووہرا اور امر ناتھ جی شرائین بورڈ کے سی ای او امنگ نرولہ کے ساتھ راج بھون میں ملاقات کی ۔ زارا نے امر ناتھ جی راستوں میں مزید بہتری لانے اور اس سال اس سلسلے میں کئے گئے تعمیراتی کام کے بارے میں گورنر کو مطلع کیا ۔ گورنر نے زارا کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ زارا اور اس کی ٹیم مستقبل میں بھی یاتریوں کیلئے بہتر سہولیات فراہم کرنے کی کوششیں کریں گے ۔
’ ایڈوانسڈ ان فِش اینڈ وائیلڈ لائف اکالوجی اینڈ بیالوجی ‘
گورنر نیپروفیسر بنسی لال کی تصنیف کااجراء کیا
جموں/ گورنر این این ووہرا نے راج بھون میں ایڈوانسڈ ان فِش اینڈ وائیلڈ لائف اکالوجی اینڈ بیالوجی ‘‘ کی ساتویں جلد کا اجراء کیا ۔ جسے سابق جیالوجی کے پروفیسر اور پرنسپل گورنمنٹ ایس پی ایم آر کالج آف کامرس اینڈ منیجمنٹ کے پروفیسر بنسی لال کول نے لکھی ہے ۔گورنر نے پروفیسر کول کی سائینسی تحقیق کے میدان میں اُن کی کوششوں کو سراہا ۔ انہوں نے پروفیسر کول کی تندرستی اور کامیابی کیلئے دعا کی ۔
جاویدمیرکے ہاتھوں آئی آر ایس تربیتی پروگرام کا افتتاح
آفاتِ سماوی سے نمٹنے کیلئے ہر فرد سے ذمہ داری نبھانے کی تلقین
جموں/ ڈیزاسٹر منیجمنٹ ، ریلیف ، باز آباد کاری ، تعمیر نو اور پھول بانی کے وزیر جاوید مصطفیٰ میر نے دو روزہ انسی ڈینٹ ریسپانس سسٹم کے تربیتی پروگرام کا افتتاح کیا ۔اس کا انعقاد ڈویژنل ڈیساسٹر منیجمنٹ اتھارٹی نے نیشنل اینڈ سٹیٹ ڈیساسٹر منیجمنٹ اتھارٹی کے اشتراک سے کیا تھا ۔ اس موقعہ پر خزانہ اور منصوبہ بندی کے وزیر مملکت اجے نندا مہمانِ ذی وقار تھے ۔ تربیتی پروگرام میں ایف سی ریونیو لوکیش جھا ، کمانڈنٹ جنرل ایس ڈی آر ایف دلباغ سنگھ ، ڈی سی جموں ، ریلیف و باز آباد کاری کمشنر ایم ایل رینہ ، آئی جی پی ٹریفک کے علاوہ فائیر اینڈ ایمر جنسی سروسز ، ریونیو ، صحت اور انجینئرنگ محکموں کے افسران نے شرکت کی ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جاوید میر نے کہا کہ کسی بھی آفاتِ سماوی سے مقابلہ کرنے کیلئے یہ بات یقینی بنانی ہو گی کہ ایمر جنسی کے دوران موثر کوششیں عمل میں لائی جائیں جیسے کہ قبل از وقت خبر دار کرنے کا نظام ،اداراتی انتظام ، عوامی جانکاری ، ڈیساسٹر ڈرل اور سٹاک پائیلنگ کا انتظام کیا جانا چاہئیے ۔ اس ورکشاپ کی افادیت پر روشنی ڈالتے ہوئے وزیر نے کہا کہ آئی آر ایس اس سلسلے میں ایک موثر نظام ثابت ہوا ہے ۔ انہوں نے افسران پر زور دیا کہ وہ ہر ضلع میں اس طرح کے ورکشاپ کا اہتمام کریں اور متعلقہ شراکت داروں کو تربیت فراہم کرنے اور لوگوں کو ایسے موقعہ پر پریشانی سے بچنے کیلئے جانکاری فراہم کریں ۔ جاوید میر نے اس موقعہ پر کہا کہ موجودہ حکومت نے لوگوں کی پریشانیاں اور آفاتِ سماوی سے ہونے والے نقصان کو کم کرنے کیلئے کئی طرح کے اقدامات کئے ہیں ۔ بعد میں وزیر نے آفاتِ سماوی کے موقعہ پر استعمال کئے جانے والے مختلف آلات کا جائیزہ لیا۔ اجے نندا نے متعلقہ حکام کی اُن کوششوں کو سراہا جن کے تحت ڈیساسٹر منیجمنٹ کے بارے میں آگاہی فراہم کی جا رہی ہے ۔
لداخی طلباء تنظیم کی سالانہ تقریب
خطے کی زبان وتمدن کی ترقی کیلئے کاوشوں پرزور
جموں/ /امور لداخ اور امدادِ باہمی کے وزیر چیرنگ دورجے نے سٹوڈنٹ ایسوسی ایشن آف لداخ جموں کی طرف سے منعقدہ سالانہ دن میں شرکت کی ۔ جس کا اہتمام ٹیچر بھون میں کیا گیا تھا ۔ اس موقعہ پر وزیر موصوف نے کہا کہ لداخ خطے کی زبان اور تمدن اس خطے کی ریڑھ کی ہڈی ہے اور اسے ترقی دینے کیلئے تمام تر اقدامات کئے جانے چاہئیں ۔ سٹوڈینٹ ایسوسی ایشن کی کاوشوں کی سراہنا کرتے ہوئے وزیر نے کہا کہ ریاستی حکومت لداخی طلاب کی بہبودی کیلئے تمام تر کوششیں کر رہی ہے اور یہ بات اطمینان بخش ہے کہ لداخ کے بچے تعلیم کے علاوہ دیگر میدانوں میں اعلیٰ کارکردگی دکھا رہے ہیں ۔ ایس اے او ایل جے کے صدر نے اس موقعہ پر وزیر کے سامنے اپنے مطالبات رکھے ۔ وزیر نے اُن کے مطالبات بغور سُنے اور یقین دلایا کہ طلاب کے تمام مسائل حکومت پورا کرنے کی متمنی ہے ۔
ویری کا ریونیو محکمے کی پیش رفت پرتبادلہ خیال
جموں/ مال ، حج و اوقاف اور پارلیمانی امور کے وزیر عبدالرحمان ویری نے مال محکمے کی کارکردگی کا جائیزہ محکمہ کے سینئر افسران کی ایک میٹنگ میں لیا ۔ میٹنگ میں فائنانشل کمشنر ریونیو لوکیش جھا ، کمشنر سیکرٹری ریونیو شاہد عنایت اللہ ، ڈویژنل کمشنر جموں ہیمنت شرما ، ڈپٹی کمشنر جموں کمار راجیو رنجن ، کسٹوڈین جنرل جے اینڈ کے اعجاز احمد بٹ ، ریجنل ڈائریکٹر سروے اینڈ لینڈ ریکارڈ جموں اور سرینگر و دیگر سینئر افسران موجود تھے ۔ میٹنگ میں محکمہ کی حصولیابیوں کی تفصیلات پیش کی گئیں جن میں کیپکس بجٹ کے تحت رقومات کی فراہمی بھی شامل ہے ۔ میٹنگ میں بتایا گیا کہ 712.50 لاکھ روپے کے مجوزہ بجٹ میں سے 613.84 لاکھ روپے 31 جنوری 2018 تک خرچ کئے گئے ۔ وزیر نے افسروں سے کہا کہ وہ محکمہ خزانہ کو باقاعدہ طور پر ماہانہ پراگرس رپورٹ پیش کیا کریں اور ڈویژنل کمشنر جموں کو ہدایت دی کہ وہ اس عمل میں شفافیت لانے کی کوششیں کرے ۔ ویری نے فائنانشل کمشنر ریونیو کو ہدایت دی کہ وہ نئے انتظامی یونٹوں میں جاری ترقیاتی کام کا جائیزہ لیا کریں ۔ میٹنگ میں بتایا گیا کہ پرانے اور نئے انتظامی یونٹوں کو استحکام بخشنے کیلئے جنوری 2018 تک 85.50 لاکھ روپے خرچ کئے گئے ہیں ۔
وفودحاجی عنایت علی سے ملاقی
جموں ///نوبرا ، لیہہ ، کرگل ، چتکن ، ہگنیس اور ککشو سے تعلق رکھنے والے کئی وفود چئیر مین جموں و کشمیر قانون ساز کونسل حاجی عنایت علی سے ملاقی ہوئے اور انہیں اپنے درپیش مسائل سے آگاہ کیا ۔ تعمیراتِ عامہ کے وزیر نعیم اختر ، دیہی ترقی کے وزیر عبدالحق خان اور ممبر پارلیمنٹ میر فیاض احمد اس موقعہ پر موجود تھے ۔ وفود نے سڑک رابطوں ، طبی سہولیات ، صحت و صفائی و دیگر معاملات کے بارے میں چیئر مین کو آگاہ کیا ۔ چئیر مین نے وفود کے مسائل متعلقہ وزراء کے گوش گذار کئے اور وفود کو یقین دلایا کہ اُن کے مسائل ہمدردانہ بنیادوں پر حل کئے جائیں گے ۔
شیام چودھری کی نیتن گڈکری کیساتھ ملاقا ت
پی ایم کے ایس وائی کی عمل آوری پرتبادلہ خیال
جموں/صحت عامہ ، آبپاشی و فلڈ کنٹرول کے وزیر شیام لال چودھری نے آج نئی دلی میں آبی ذخائر کے مرکزی وزیر نیتن گڈکری کے ساتھ ملاقات کی اور ریاست میں پردھان منتری کرشی سینچائی یوجنا کی موثر عمل آوری کے حوالے سے معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔وزیر نے مرکزی وزیر کے ساتھ ریاست میں اس سکیم کی عمل آوری کے لئے درکار بجٹ اور دیگر امور کو زیر بحث لایا۔ انہوں نے ریاست میں پی ایچ ای ، آبپاشی و فلڈ کنٹرول سیکٹرو ں کے لئے مرکز کی معاونت کا مطالبہ کیا تاکہ پروجیکٹوں کو مقرر ہ مدت کے مکمل کیا جاسکے ۔مرکزی وزی رنے ریاستی وزیر نے کہا کہ وہ پی ایم کے ایس وائی کے تمام پروجیکٹوں کی بروقت تکمیل کے لئے کوششیں جاری رکھیں ۔انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت اس حوالے سے ہر ممکن مدد کرے گی ۔ انہوںنے کہا کہ مرکزی حکومت ان سیکٹروں کے نئے پروجیکٹ ریاست میں شروع کرنے کے لئے بھی معاونت کرے گی۔
ہندی ، سنسکرت ،ڈوگری اور پنجابی کے تحقیقی مجلوں کی اشاعت
ڈاکٹر سامون کی تیاریوں کومکمل کرنے کی ہدایت
جموں/ریاستی اعلیٰ تعلیم محکمہ نے ہندی ، سنسکرت ، ڈوگری اور پنجابی زبانوں کی اشاعت کے تیاریوں کا آغاز کیا ہے ۔اس سلسلے میں اعلیٰ تعلیم کے پرنسپل سیکرٹری ڈاکٹر اصغر سامون نے مضامین کے ماہرین کی ایک میٹنگ کی صدارت کی اور متعلقہ زبانوں میں تحقیقی جرنلوں کی اشاعت کے سلسلے میں کئے جارہے اقدامات کا جائزہ لیا۔میٹنگ میں مختلف زبانوں کے ماہرین ، جموں یونیورسٹی اور کالجوںکے فیکلٹی ممبران موجود تھے۔پرنسپل سیکرٹری نے اس موقعہ پر ماہرین پر زور دیا کہ ان زبانوں کے فروغ کیلئے تمام تر اقدامات کئے جائیں۔انہوں نے ایڈیٹوریل بورڈوں سے کہا کہ وہ تحقیقی پیپر جمع کرنے اور جرنلوں کو کمپائل کرنے کے کام میں سرعت لائیں۔
سرحدی علاقوں کے مسائل
وفدنے نائب وزیراعلیٰ کوجانکاری دی
جموں /ایم ایل اے ہیرا نگر کلدیپ راج کی قیادت میں ہیرا نگر حلقے کے سرحدی علاقوں کا ایک وفد نائب وزیراعلیٰ سے ملاقی ہوا اور انہیں اپنے درپیش مشکلات سے آگاہ کیا۔ چیف سیکرٹری بی بی ویاس ، پرنسپل سیکرٹری داخلہ آر کے گوئیل و دیگر سینئر افسران اس موقعہ پر موجود تھے۔نائب وزیر اعلیٰ نے وفد کو یقین دلایا کہ ان کے مسائل کا ازالہ کرنے کے لئے فوری اقدامات کئے جائیں گے۔