ہند۔پاک کے مابین امن قائم کرنے کیلئے
قومی یکجہتی کونسل کی میٹنگ کاانعقادضروری: بھیم سنگھ
جموں//نیشنل پنتھرس پارٹی کے سرپرست اعلی اور ایک دہائی تک قومی یکجہتی کونسل کے رکن رہ چکے پروفیسر بھیم سنگھ نے وزیراعظم نریندر مودی سے قومی یکجہتی کونسل کی تشکیل نو کرنے کی درخواست کرتے ہوئے جموں وکشمیر معاملہ اور ہندستان کے پرانے عزم ناوابستہ پالیسی پر اس کی ہنگامی میٹنگ طلب کرنے کی اپیل کی ہے۔انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر گزشتہ سات برسوں سے آتش فشاں کی طرح ابل رہا ہے اور ملک کے لوگ جموں وکشمیر کی اصل صورتحال سے واقف نہیں ہیں اور ریاست کی یہ صورتحال ریاستی حکومت کے ہر محاذ پر مکمل طورپر ناکام ہونے سے پیدا ہوئی ہے۔ ایسا لگتا ہے کہ ریاست میں پہلی اور آخری بار بی جے پی کی حکومت بنی ہے۔پنتھرس سربراہ نے کہاکہ ہمارے وزیراعظم بہت سرگرم ہیں وہ صبح امریکی صدر سے ہاتھ ملاتے ہیں تو دوپہر میں چین کے اور شام میں روس کے ۔وزیراعظم کا نام دوروں کے معاملہ میںگنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں لکھا جانا چاہئے۔سوال یہ اٹھتا ہے کہ وزراعظم کے نیویارک ، چین اور ماسکو کے دوروں سے ملک کو کیا فائدہ ہوا ۔ ایسا پہلی بار ہے جب ہندستان کے وزیراعظم واشنگٹن، امریکہ ، پڑوسی ملک چین اور روس گئے ،جو اقوام متحدہ سلامتی کونسل میں مستقل رکن ہیں، مگر انہوں نے ان ممالک کے ساتھ کس’سکریٹ مشن‘ پر بات چیت کی اس کی جانکاری حکمراں پارٹی کی قیادت کو بھی نہیں ہے۔ملک کے دیگر کروڑوں ہندستانیوں کی طرح پروفیسر بھیم سنگھ بھی یہ جاننا چاہتے ہیں کہ وزیراعظم کے دوروں سے ملک کو کیا فائدہ ہوا۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعظم کو چاہئے کہ وہ جلد از جلد قومی یکجہتی کونسل کی ہنگامی میٹنگ بلائیں جس میں ملک کے مفاد سے جڑے امور پر بات چیت کی جائے۔
پرزنس ریٹائرڈ ایمپلائزویلفیئرایسوسی ایشن کاڈی جی پرزنزکومکتوب
ویلفیئرفنڈرولزپرنظرثانی اورمیڈیکل الائونس میں اضافے کامطالبہ
جموں//جے اینڈکے پرزنس ریٹائرڈ ایمپلائزویلفیئرایسوسی ایشن نے ڈی جی پی پرزنس دلباغ سنگھ کوایک مکتوب لکھ کر گذارش کی ہے کہ وہ جموں میں ایسوسی ایشن کے وفدکے ساتھ میٹنگ منعقدکریں اورچوتھی سالانہ میٹنگ کے دوران سبکدوش ملازمین کودرپیش مسائل کی جانکاردی دینے کاموقعہ مل سکے تاکہ ان کاازالہ کرنے کیلئے محکمہ اقدامات اٹھائے۔جے اینڈکے پرزنس ریٹائرڈ ایمپلائزویلفیئرایسوسی ایشن کے صدرکرشن سنگھ نے مانگ کی کہ ریٹائرڈپرزنس پرسنلزاہلکاروں کی بہبودکیلئے ویلفیئربورڈقائم کیاجائے ،اس کے علاوہ ویلفیئرفنڈرولزپرنظرثانی کرنے اورمیڈیکل الائونس میں اضافہ کرنے کابھی مطالبہ کیا۔کرشن سنگھ نے حکومت کاساتویں تنخواہ کمیشن کے سفارشات ملازمین اورپنشنروں کیلئے جنوری 2011سے لاگوکرنے کاخیرمقدم کیا۔انہوں نے کہاکہ ڈی اے قسطیں جنوری تاجون 2009 سے پری 2006پنشنروں کی دوسری ملازمین یعنی پوسٹ 2006 پنشنروں کے برابرچھ فیصددی جائیں۔انہوں نے کہاکہ میڈیکل الائونس کوبھی 300 روپے سے بڑھاکر1000روپے کرناچاہیئے۔
ہانجورہ کا محافظ خانہ اور ریوینو ٹریننگ انسٹی چیوٹ گول گجرال کادورہ
ریوینو ریکارڈ کو محفوظ رکھنے کی ضرورت پر زور دیا
جموں//مال کے وزیر غلام نبی لون ہانجورہ نے گول گجرال جموں میں محافظ خانہ اور ریوینو ٹریننگ انسٹی چیوٹ کا دورہ کرکے وہاں کے کام کاج کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے اہم ریوینو ریکارڈ کو محفوظ رکھا جانا چاہیئے ۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے کسی بھی سست روی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ڈی سی جموں راجیو کے رنجن ، ریجنل ڈائریکٹر ریوینو رفعت کوہلی اور کئی دیگر افسران بھی اس موقعہ پر موجود تھے۔وزیر نے لینڈ ریکارڈس دفتر اور ریوینو ٹریننگ انسٹی چیوٹ کے مختلف شعبوں کا بھی دورہ کیا۔ اس سے پہلے وزیر موصوف نے محکمہ مال کے کام کاج کا جائزہ لینے کے لئے ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کی۔ انہوں نے کہا کہ مال محکمہ میں شفافیت اور جواب دہی کو یقینی بنانے کے لئے انتظامی انسپکشن کلیدی اہمیت کا حامل ہے۔
صوبہ جموں میں کسان دوست پروگراموں کی عمل آوری
وائس چیئرمین کسان بورڈ کی ممبران اورکسانوں کے ساتھ میٹنگ
جموں//وائس چیئرمین جے اینڈ کے سٹیٹ ایڈوائزر ی بورڈ فار ڈیولپمنٹ کسانز دلجیت سنگھ چب نے یہاں بورڈ ممبران اور ترقی یافتہ کسانوں کی ایک میٹنگ کی صدارت کی جس میں حکومت کی طرف سے چلائی جارہی بہبودی سکیموں کا جائزہ لیا گیا ۔میٹنگ میں بورڈ پروگرام کو حتمی شکل دینے کے سلسلے میں ممبران سے ان کی رائے حاصل کرنے کی بھی ہدایت دی گئی تاکہ 2018-19 ء کے دوران جانکاری کیمپ و کسان میلوں کے انعقاد کے بارے میں صلاح مشورہ کیا جاسکے ۔بورڈ ممبران نے وائس چیئرمین کی ان کوششوں کوسراہا جو انہوں نے جموں صوبے میں کسان دوست پروگرام منعقد کرنے کے سلسلے میں کی ہے ۔میٹنگ میں اس بات پر بھی اطمینا ن کا اظہار کیا گیا کہ پہلی بار 9 خواتین کسانوں کو انڈین ایگریکلچر انسٹی چیوٹ ، پوسا نئی دلی بھیجا گیا جہاں انہیں زرعی شعبے سے وابستہ تربیت فراہم کی گئی ۔اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے وائس چیئرمین نے کہا کہ موجودہ حکومت ریاست کے کسانوں کی بہبودی یقینی بنانے کی وعدہ بند ہے ۔
وزیراعلیٰ کیخلاف نازیبہ الفاظ کااستعمال معاملہ
لال سنگھ کے بھائی کوگرفتارکیاجائے:شیعہ فیڈریشن
جموں //شیعہ فیڈریشن نے بھاجپا کے سابق وزیر لعل سنگھ کے بھائی کوفوری طور پر گرفتارکرکے سخت کارروائی کرنے کی مانگ کی ہے ۔یہاں جاری بیان کے مطابق فیڈریشن صدر عاشق حسین خان نے کہاکہ لعل سنگھ کے بھائی نے وزیر اعلیٰ کے خلاف توہین آمیز الفاظ کہے ہیں اور اس سے ایسا لگتاہے کہ ان کے سامنے ماں ،بہن و بیٹی کی کوئی عزت نہیں ۔انہوںنے کہاکہ اس طرح کی غیر مہذب و ناشائستہ زبان استعمال کرنے والے کے خلاف سخت کارروائی کی جانی چاہئے اور قانون کی بالادستی ہونی چاہئے ۔ انہوںنے کہاکہ ایسی ریلیوں پر پابندی عائد کی جائے جو نفرت انگیز ہوں۔ عاشق خان نے کہاکہ ایسی ریلیاں اور ان میں استعمال ہورہی زبان ڈوگرہ تہذیب وثقافت کی توہین ہے ۔ان کاکہناتھاکہ ایسے لوگ بھائی چارے کیلئے سنگین خطرہ ہیں جن کو قانون کے دائرہ کار میں رکھاجاناچاہئے ۔ انہوں نے کہاکہ ایک انسانی مسئلہ پر سیاست کی جارہی ہے اور بدقسمتی سے ریلیاںنکال کر ان میں ایسی زبان استعمال کی جارہی ہے جو انتہائی قابل مذمت ہے ۔انہوںنے کہاکہ ایک خاتو ن اور وہ بھی وزیر اعلیٰ کے خلاف اس طرح کی زبان استعمال کرنے کی کوئی مثال ہی نہیں ملتی اور اس سے ایسے عناصر کی ذہنی بیماری کا پتہ چلتاہے ۔انہوںنے کہاکہ اس طرح کے کلمات کی سبھی کو سامنے آکر مذمت کرنی چاہئے تاکہ انسانی اقدار کو زندہ رکھاجاسکے۔
جموں کشمیرگورنمنٹ ٹیچرس فورم کاوفدوزیرتعلیم سے ملاقی
جموں//جموں کشمیرگورنمنٹ ٹیچرس فورم کے ایک وفدنے وزیرتعلیم ذوالفقارچودھری کے ساتھ ملاقات کی۔اس دوران وفدمیں تنظیم کے ریاستی چیئرمین امرناتھ ٹھاکور، اورریاستی صدرستیش دتہ، ریاستی جنرل سیکریٹری پروین سنگھ اورصوبائی صدرراہل سمبیال شامل تھے۔اس دوران وفدنے وزیرکووزارت تعلیم کاقلمدان سنبھانے پرمبارکبادپیش کی اورانہیں اساتذہ کودرپیش مسائل کے بارے میں جانکاری دی۔اس دوران وفدنے جے کے بوس کی جانب سے امتحان ہالوں میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنے کی ہدایات، سیشن اکیڈمک ڈائریکٹوریٹس وجودمیں لانے، سکول کلبوں کولنک کرنے ،آل انچارج کیڈرکی مستقلی، تمام سرکاری سکولوں میں اُردواساتذہ کی اسامیاں وجودمیں لانے، رمسااورایس ایس اے ٹیچروں کے مسائل کے ازالہ وغیرہ اقدامات کوسراہا۔اس دوران فورم نے 21نکات پرمبنی مطالبات کامیمورنڈم بھی پیش کیا۔وزیرنے مسائل کواطمینان سے سنااوران کے حل کے لئے بھرپورتعاون کی یقین دہانی کرائی۔اس دوران وفدمیں ایس پروین سنگھ،سرجیت سنگھ جسروٹیہ، جگدیش چندر، دیس راج، ضلع صدرجموں وجے ، سرجیت سنگھ ضلع صدرسانبہ، روپاسمبیال ،اومکار،سہدیو، راکیش ورما،سودن ،دویندرپادھا، ابھیشک ،سدرشن سمبیال، موہن سنگھ، سندیپ شرما، ویدپرکاش اورکیول شرماشامل تھے۔
جموں مسلم فرنٹ نے خواتین مخالف مظالم کی مذمت کی
جموں//جموں مسلم فرنٹ کاایک اجلاس گوجرنگرمیں شجاع ظفرکی صدارت میں منعقدہواجس میں جموں میں امن وقانون کی صورتحال پرتبادلہ خیال کیاگیا۔اس دوران فرنٹ کے صدرقاضی عمران نے خواتین سے جڑے متعددمعاملات کواُجاگرکیا۔اس موقعہ پر سابق وزیرلال سنگھ کے بھائی کی جانب سے وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی کے خلاف نازیبہ الفاظ کے استعمال کی شدیدالفاظ میں مذمت کی۔انہوں نے معاملہ کی تحقیقات کرنے کامطالبہ کیا۔اس کے علاوہ کٹرہ کے نرائناہسپتال میں نرس کی مبینہ عصمت دری وقتل پربھی تشویش ظاہرکی۔انہوں نے امن وقانون بحال کرنے والی ایجنسیوں پرزوردیاکہ وہ خواتین کیخلاف جرائم کرنے والوں اورامن میں رخنہ ڈالنے والوں کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائیں۔